Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

یکم فروری سے میدانی اور مارچ میں پہاڑی علاقوں میں گھر گھرویکسنیشن مہم شروع کی جائیگی۔چیف سکریٹری

شیئر کریں:

ویکسینیشن اہداف کے حصول کے حوالے سے یکم فروری سے 14 فروری تک میدانی علاقوں میں گھر گھر ویکسینیشن مہم کا آغاز کیا جارہا ہے جبکہ بالائی علاقوں میں ویکسینیشن مہم مارچ سے شروع کی جائیگی۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا
اومیکرون کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر عوام ماسک، سینیٹائزر اور سماجی دوری اختیار کرنے سمیت ویکسینیشن کوبھی یقینی بنائیں۔ڈاکٹر شہزاد خان بنگش


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کی زیر صدارت کووڈ ویکسینیشن اور اومیکرون وائرس سے متعلق ایک اعلی سطح اجلاس کا انعقادویڈیو لنک کے ذریعے کیا گیا۔اجلاس میں اومیکرون کے بڑھتے ہوئے کیسز، ویکسینیشن مہم میں تیزی لانے اور این سی او سی کی جانب سے جاری احکامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سیکرٹری محکمہ صحت، ڈائریکٹر جنرل محکمہ صحت، ڈائریکٹر پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ سمیت تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے اجلاس کے شرکاء کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اومیکرون وائرس سے بچاو کیلئے ویکسینیشن لازمی ہے جس کے حوالے سے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ این سی او سی کی جانب سے جو احکامات جاری کئے گئے ہیں ان پر من و عن عمل کرنا لازمی ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت نے اجلاس کو بتایا کہ کورونا ویکسنیشن کے اہداف کے حصول کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا ویکسینیشن ہدف 24,719,055 ہے جبکہ اب تک 13,303,932 افراد کو پہلی خوراک اور 9,923,248 افراد کو دونوں خوراک لگوائی جاچکی ہیں۔ انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ 40.14 فیصد افراد کو ویکسین لگ چکی ہیں جبکہ محکمہ صحت، تمام ضلعی انتظامیہ و دیگر متعلقہ اداروں نے ویکسینینش اہداف کے حصول کے لئے ویکسینیشن مہم میں تیزی لائی ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹوٹل 74ہزار 162 افراد کو ویکسین لگ چکی ہے جن میں 34ہزار 463 افراد کو پہلی جبکہ 39ہزار 699 افراد کو ویکسین کی دوسری خوراک دی گئی ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے ویکسینیشن کی شرح بڑھانے کے لئے آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ضلعی افسران سمیت دیگر متعلقہ ادارے اومیکرون سے بچاو کے لئے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہی مہم چلائیں۔ بریفنگ کے دوران سیکرٹری صحت نے اجلاس کوبتایا کہ یکم فروری سے 14 فروری تک میدانی علاقوں میں گھر گھر ویکسینیشن مہم کا آغاز کررہے ہیں جس کے بعد مارچ کے مہینے میں بالائی علاقوں میں ویکسینیشن مہم شروع کی جائے گی جس سے ویکسینیشن اہداف کی حصولی کو ممکن بنایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کورونا مریضوں کے لئے ہسپتالوں میں بیڈز، آکسیجن اور دیگر سہولیات موجود ہیں۔ جس پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخو نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ویکسینیشن مہم کے اہداف کے حصول کے لئے تمام تر ممکنہ وسائل بروئے لائے جائیں اور عوام کو ماسک، سینیٹائزر اور سماجی فاصلہ رکھنے کے حوالے سے آگاہی مہم بھی چلائی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جن علاقوں یا اداروں میں کیسز سامنے آتے ہیں وہاں سمارٹ لاک ڈاون لگاکر متاثرہ علاقوں میں آمدورفت پر پابندی لگائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں علمائے کرام، عام عوام، تمام اضلاع کے ٹی ایم ایز و تمام سرکاری و غیر سرکاری اداروں سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد حکومت کا ساتھ دیکر اس وباء کے خلاف جنگ کو کامیاب بنائیں اور ویکسینیشن مہم اور ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے آگاہی مہم چلانے میں بھی حکومت کا ساتھ دیں۔ اس دوران ڈائریکٹر جنرل محکمہ صحت نے اجلاس کو یہ بھی بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12ہزار 493 ٹیسٹ کرائے جاچکے ہیں جس میں 1317 افراد یعنی 10.5 فیصد افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جن میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں اور اس وقت کریٹیکل کیئر یونٹ میں 197 افراد داخل کئے گئے ہیں جبکہ ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کے لئے ہسپتالوں میں 3ہزار 843 افراد کا علاج ممکن بنایا گیاہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
57833