Chitral Times

Jun 30, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

یکم اپریل 2021 سے ملک میں پرائمری کا یکساں نصاب تعلیم لاگو ہو جائے گا،وفاقی وزیر تعلیم

Posted on
شیئر کریں:

اسلام آباد(آئی آئی پی)وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت یونیورسٹیوں کے لئے فنڈز کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے، جب تک نیا نظام نہیں بنایا جاتا، سارے سرکاری ادارے پنشن کے بوجھ تلے دبے رہیں گے، یکم اپریل 2021 سے ملک میں پرائمری کا یکساں نصاب تعلیم لاگو ہو جائے گا۔ جمعہ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر مشتاق احمد، سینیٹر عثمان کاکڑ اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں شفقت محمود نے کہا کہ تمام یونیورسٹیوں کے معاملات اب صوبائی حکومتوں کے دائرہ کار میں آتے ہیں، خیبر پختونخوا میں قائم یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر کی تقرری کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے، اس سلسلے میں بھرتی کا عمل جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے دور سے پہلے مختلف یونیورسٹیوں کے لئے فنڈز مختص کر دیئے جاتے تھے لیکن وہ رقم جاری نہیں ہوتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی سرگرمیوں کے لئے بھی ہماری حکومت نے 29 ارب روپے مختص کئے ہیں جن میں سے اب تک ساڑھے 14 ارب روپے جاری ہو چکے ہیں جبکہ سابق حکومت نے آخری سال میں 30 ارب روپے مختص کئے تھے اور صرف 18 ارب روپے جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس مقصد کے لئے سابق حکومت کے آخری سال کے مقابلہ میں گزشتہ سال 11 ارب روپے زیادہ رقم مختص کی ہے۔ اسی طرح ہماری کوشش ہے کہ صرف یونیورسٹی کے لئے فنڈز مختص ہی نہ کئے جائیں بلکہ وہ جاری بھی ہوں۔ حکومت نے احساس پروگرام کے تحت سرکاری یونیورسٹیوں کے لئے پانچ ارب روپے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں مختلف نظام تعلیم رائج ہیں اور قومی نصاب کونسل نے تمام صوبوں کی مشاورت کے ساتھ ایک مشترکہ نصاب کی تیاری کا عمل شروع کیا ہے۔ اس سلسلے میں مسودہ پر رائے لینے کے بعد قومی سطح کی کانفرنس میں اسے پیش کیا جائے گا۔ قومی نصاب کا پہلا مرحلہ رواں سال مارچ میں تیار ہو جائے گا۔ یکم اپریل 2021 سے ملک بھر میں پرائمری کا یکساں نصاب تعلیم لاگو ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کس زبان میں کون سا مضمون پڑھایا جائے، اس حوالے سے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو مشاورت کے بعد اپنی سفارشات پیش کرے گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
31574