Chitral Times

Jul 2, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

یوٹیلٹی سٹورزمیں وزیراعظم ریلیف کا باقاعدہ آغاز، وفاقی وزیرمحمد حماد اظہرنے افتتاح کردیا

شیئر کریں:

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار محمد حماد اظہر نے اسلام آباد میں واقع یوٹیلیٹی سٹورز کا دورہ کرکے وزیراعظم رمضان ریلیف کا با قاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے عوا م کی سہولت کیلئے رمضان المبارک کے مہینے میں خطیر سبسڈی کا اعلان کیا ہے جو کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن ملک بھر میں پھیلے اپنے نیٹ ورک کے ذریعے عوام تک پہنچائے گی، جمہوری حکومت کے اس خصوصی پیکیج کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ذریعے عوام کو اشیاخوردونوش رعایتی نرخوں پر فراہم کی جائیں گی۔

یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن رمضان کے دوران عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام غذائی اجناس کی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنائے گی۔ اس مرتبہ یوٹیلیٹی سٹورز پر 30 ارب کا سیل ہدف مقرر کیا ہے جو اس رمضان کے مہینے میں حاصل کیا جائے گا، پچھلے سال ساڑھے تین ارب کی سیل ہوئی تھی، اس کیلئے حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو 50 ارب روپے اضافی دیئے ہیں، پہلے پانچ اشیاپر سبسڈی دی جا رہی تھی اب 19 اشیاپر سبسڈی دی جائے گی۔

جن اشیاخوردونوش پر سبسڈی دی گئی ہیں ان میں آٹا، گھی، خوردنی تیل، چینی، دال چنا، سفید چنے، بیسن، دال ماش، دال مسور، کجھور، سیلا چاول، باسمتی چاول، ٹوٹا چاول، چائے، مصالحہ جات، دودھ اور مشروبات شامل ہیں۔ وفاقی حکومت کا یہ پیکیج موبائل یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے بھی دوردراز علاقوں میں پہنچایا جائے گا۔

موبائل سٹورز کی تعداد 200 ہے، ان موبائل سٹورز کی تعداد مزید بڑھائی جائے گی۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے سٹاف کو کورونا وائرس حفاظتی سامان بھی دیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے آپ اور معزز کسٹمرز کا خاص خیال رکھ سکیں۔ وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ قیمتیں قابو میں رکھنے کیلئے مالی انتظام کئے گئے ہیں اس سبسڈی سے 80 لاکھ سے ایک کروڑ گھرانے مستفید ہوں گے، مشکل وقت سے گزر رہے ہیں لیکن اس کے باوجود کھانے پینے کی اشیا کی کوئی کمی نہیں آنے دیں گے، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانون سازی کر رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے مہنگائی کو کنٹرول کرنے اہم کردار اداکیا ہے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ سپلائی کو بھی بر قرار رکھ رہے ہیں۔ اس موقع پر ایم ڈی یوٹیلیٹی سٹورز عمر لودھی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اس سبسڈی کے نتیجہ میں آٹے کا 20کلو کا تھیلا 800 روپے، گھی فی کلو 170 روپے، خوردنی تیل فی لیٹر 195 روپے، چینی 68روپے فی کلو، دال چنا فی کلو160روپے، سفید چنے فی کلو 125 روپے، بیسن فی کلو 140 روپے، کجھور فی 500 گرام پیکٹ 80 روپے، باسمتی چاول فی کلو 135روپے،سیلہ چاول فی کلو 134 روپے، ٹوٹا چاول فی کلو73 روپے، چائے لپٹن فی کلو893 روپے، ٹیٹرا پیک دودھ 127روپے لیٹر پر دستیاب ہوں گے جبکہ مصالحہ جات اور مشروبات بھی سستے داموں فروخت کئے جائیں گے جو کہ بلاشبہ ایک فلاحی اور مثالی اقدام ہے جس سے عام آدمی کو خاطر خواہ ریلیف ملے گا اور یہی موجودہ جمہوری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اس کے علاوہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن ہمیشہ کی طرح اس بار بھی عوام کو 1000سے زائد اشیاپر بھی 10 فیصد تک خصوصی رعایت دے گی جن کی لسٹیں رمضان کے دوران عوام کی سہولت کیلئے تما م سٹوروں میں آویزاں کی جائیں گی۔ رمضان المبارک کے دوران اشیاخوردونوش کی وافر فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے جس سے عوام کو کسی بھی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور ان کو ان کی دہلیز پر معیاری اور سستی اشیا کا حصول ممکن ہوگا۔ رمضان کے دوران ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز عوام کی خدمت کیلئے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔پیکج کی مانیٹرنگ کیلئے ہیڈ آفس میں مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا گیا ہے جو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے عوام کی شکایات کا فوری ازالہ کرے گا اسکے علاوہ پیکج کی شفافیت کیلئے ویجیلنس کو بھی مزید موثر بنایا گیا ہے اور مختلف ویجیلنس ٹیمیں پورے پاکستان میں پیکج کی مانیٹرنگ کریں گی تا کہ رمضان پیکج کے تمام تر فوائد عام آدمی تک پہنچائے جا سکیں۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی انتظامیہ اور ورکرز دن رات عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
34414