Chitral Times

Jul 2, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

یونیسکو اورکلچراینڈ ٹورازم اتھارٹی خیبرپختونخوا کا ثقافت کے فروغ کیلئے کلچرل میپنگ پراتفاق

شیئر کریں:

یونیسکو کا صوبائی ثقافت کے فروغ کیلئے مل کر اقدامات اٹھانے پر اتفاق
ثقافت کی ترقی کیلئے پہلے مرحلے میں کلچرل میپنگ بنیادی جز ہے،ڈیٹا اور معلومات اکھٹا کرنے کیلئے یونیسکو نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ڈی جی کامران احمد آفریدی
کلچر میپنگ کے بغیر کلچرل پالیسی کے مطابق ثقافت کے فروغ کیلئے اقدامات ممکن نہیں، کلچرل میپنگ سے صوبہ میں ثقافت سے متعلق تمام ڈیٹا جمع کرنے میں مدد ملے گی،ڈائریکٹر یونیسکو پیٹریشیا مک فیلفس


پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ) صوبہ خیبرپختونخوا کی ثقافت کے فروغ کیلئے کلچرل میپنگ ضروری ہے۔ خیبرپختونخوا کی ثقافت کے فروغ کیلئے یونیسکو اور کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی خیبرپختونخوا مل کر اقدامات اٹھائینگے۔ ان خیالات کا اظہار یونیسکو کی پاکستان میں نمائندہ/ ڈائریکٹر یونیسکو پیٹریشیا مک فیلفس(Patricia McPhilips) نے ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کیپٹن (ر) کامران احمد آفریدی کے ساتھ ٹورازم کمپلیکس میں ایک اہم ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر کلچر شمع نعمت، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کلچر ریاض خان اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

ملاقات میں صوبہ خیبرپختونخوا کی ثقافت اور اس کے فروغ کیلئے مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ڈی جی ٹورازم اتھارٹی کامران احمد آفریدی نے اس موقع پر کہاکہ خیبرپختونخوا کی ثقافت کی رونمائی اور اس کے فروغ کیلئے پہلا اقدام کلچرل میپنگ ہے جس کے ذریعے صوبہ بھر میں ثقافت سے متعلق تمام معلومات اور ڈیٹا اکھٹا کیا جائے گا جس میں صوبے کے فنکار، دیہاتوں میں منعقد ہونے والے ثقافتی میلے، حجرہ،انفرادی ڈیٹا سمیت وہ تمام تفصیلات جن کا تعلق صوبائی ثقافت سے منسلک ہو اسے اکھٹا کیا جائے گا۔ جس پر ڈائریکٹر یونیسکو پیٹریشیا مک فیلفس(Patricia McPhilips) نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ صوبہ میں ثقافت کے فروغ کیلئے یونیسکو مکمل تعاون فراہم کریگا۔

صوبہ میں ثقافتی سرگرمیوں اور دیگر امور کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کو بھی ساتھ شامل کیا جائے گا جن کی مدد سے نہ صرف صوبہ میں ثقافتی سرگرمیاں منعقد ہونگی بلکہ ساتھ ہی ثقافت کی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔ڈائریکٹر یونیسکو پیٹریشیا مک فیلفس نے کہاکہ کلچر میپنگ کے بغیر کلچرل پالیسی کے مطابق ثقافت کے فروغ کیلئے اقدامات ممکن نہیں، کلچرل میپنگ سے صوبہ میں ثقافت سے متعلق تمام ڈیٹا جمع کرنے میں مدد ملے گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
41926