Chitral Times

Jun 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

یوفون اور ایچ بی ایل کا چینی کرنسی میں منفرد باہمی ٹریڈ فنانس معاہدہ

Posted on
شیئر کریں:

چینی کمپنی ہواوے سے سیلولر نیٹ ورک کے سامان کی درآمد چینی کرنسی میں کی جائے گی
یوفون سے معاہدے کے بعد ایچ بی ایل باہمی ٹریڈ فنانس کے معاہدے میں وسعت لے آیا…

کراچی (چترال ٹائمزرپورٹ )‌ پاکستانی ٹیلی کام کمپنی یوفون اور ایچ بی ایل نے ایک اہم اور منفرد معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس کے ذریعے ایچ بی ایل یوفون کے لئے ہواوے ٹیکنالوجیز کمپنی سے سیلولر نیٹ ورک کے سامان کی درآمد کے لئے چینی کرنسی یوان (RMB/CNY) میں باہمی مالیاتی تجارت کے لئے وسعت لے آیا ہے۔

یہ پاکستان کی تاریخ میں دو کمپنیوں کے درمیان چینی کرنسی کے سب سے بڑے معاہدوں میں سے ایک ہے۔ اس کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ یہ ایچ بی ایل کی جانب سے چینی کرنسی میں ایک نمایاں ٹرانزایکشن ہے اور پاکستان کی بینکنگ صنعت میں ایک بڑی پیش رفت ہے۔

اس تجارتی معاہدے کے تحت ٹرانزایکشن کے نئے طریقے سے دونوں دوست ملکوں کے مختلف شعبوں اور کاروباری اداروں کیلئے ایک نئی مثال قائم ہوگی اور اس بات کا ارادہ ہے کہ اس معاہدے کے ذریعے باہمی تجارتی تعلق کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔ اس طرح کی ٹرانز ایکشن کے نتیجے میں ڈالر کی وجہ سے درآمدی بل پر بڑھتے ہوئے دباؤ میں کمی آئے گی۔

یہ ٹیلی کام سیکٹر میں اپنی نوعیت کا پہلا کاروباری معاہدہ ہے۔ اس معاہدے کے نتیجے میں پاکستان میں دیگر موبائل آپریٹرز اور کاروباری طبقے کے لئے بھی اپنا کاروبار ایک نئے طرز سے آگے بڑھانے کی راہ ہموار ہوگی۔

اس معاہدے پر پی ٹی سی ایل و یوفون کے چیف فنانشل آفیسر محمد ندیم خان اور ایچ بی ایل کے ہیڈ کارپوریٹ اینڈ انویسٹمنٹ بینکنگ فرحان طالب نے دستخط کئے۔ اس معاہدے پر دستخط کرنے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں پی ٹی سی ایل و یوفون کے پریذیڈنٹ اور سی ای او راشد خان، ایچ بی ایل کے پریذیڈنٹ اور سی ای او محمد اورنگزیب، ہواوے پاکستان کے سی ای او شی لنچون اور ہواوے مڈل ایسٹ کے ریجنل پریذیڈنٹ یانگ یوگوئی بھی موجود تھے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
27202