Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ہمارے ملک کا تعلیمی نظام غیرموثراورموجودہ دورکے چیلنجزکو پورا کرنے میں ناکام رہا ہے..وزیراعلیٰ

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ہمارے ملک کا تعلیمی نظام غیر موثر ہے اور یہ موجودہ دو رکے چیلنجز کو پورا کرنے میں ناکام رہا ہے لہٰذا ہماری حکومت کی بھر پور کوشش ہے کہ اسے جدید دور کے تقاضوں اور چیلنجز کے مطابق بنایا جائے تاکہ ہماری نئی نسل اور ہمارے معاشرے کو صحیح خطوط پر استوار کرنے کیلئے تعلیم و تربیت کا فریضہ انجام دیا جا سکے ۔ دور حاضر میں جائز اور ناجائز کو دیکھے بغیر زیادہ سے زیادہ نمبر حاصل کرنے کی جستجو میں تعلیمی ادارے اور ہماری نئی نسل صحیح راستے سے بٹھک گئی ہے۔ہماری سوچ طلباء کی کردار سازی پر ہونی چاہیئے تاکہ ہمارامستقبل محفوظ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ تعلیم کی طرف سے تیار کر دہ اینڈرائڈ ایپ متعارف کرانے کے حوالے سے اپنے خیالات قلمبند کراتے ہوئے کیا ۔۔ انہو ں نے کہا کہ مذکورہ اینڈ رائڈ ایپ جو صوبہ بھر کے تمام تعلیمی بورڈز استعمال کریں گے ہمارے امتحانی نظام میں پائی جانے والی خرابیوں اور کمزوریوں کومانیٹر کرنے کے ساتھ ساتھ اصلاحی کام بھی سرانجام دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کی بھر پور کوشش ہے کہ ہم اپنے تعلیمی نظام کو ہر قسم کی کرپشن سے پاک کرکے اس میں شفافیت لائیں تاکہ یہ ہماری نئی نسل اور ہمارے معاشرے میں اصلاح لانے کے قابل ہو سکے ۔ انہو ں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے کی اصلاح کے بعد دوسرے تمام شعبوں میں اصلاح کا کام آسانی سے ہو سکے گا ۔
………………………………………………………

دشمن دہشت پھیلاتے پھیلاتے تھک جائے گا لیکن ہم دائمی امن کیلئے قربانیاں دیتے دیتے کبھی نہیں تھکیں گے…وزیراعلیٰ
پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ دشمن دہشت پھیلاتے پھیلاتے تھک جائے گا لیکن ہم دائمی امن کیلئے قربانیاں دیتے دیتے کبھی نہیں تھکیں گے ۔وہ صوبائی وزراء اور منتخب نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی قوم بالخصوص پشتون بیلٹ گزشتہ چار دہائیوں سے قربانیاں دیتی آرہی ہے ۔ فوج، ہمارے ادارے اور صوبے کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ لڑی اور جیتی ۔ ہم کند ن بن چکے ہیں ۔ ہم رزیلینٹ ہیں۔ ہماری لئے قربانیاں دینا کوئی نئی بات نہیں کیونکہ ہم ز ندہ قوم ہیں ، جارحیت سے نمٹنا اور دشمن کے ساتھ آخری وقت تک مقابلہ کرنا ہمارے خون میں شامل ہے ۔انہوں نے کہاکہ دشمن نے الیکشن جیتنے کیلئے جھوٹ اور افواہوں کے پہاڑ کھڑے کئے لیکن آج کے دور میں حقیقت کو زیادہ دیر تک چھپایا نہیں جا سکتا ۔ دشمن کے جھوٹ کو بین الاقوامی طور پر سٹیلائٹ کے ذریعے جھٹلایا گیا جبکہ سچ آشکارہوا تو دشمن کے جھوٹ کے پہاڑریزہ ریزہ ہو گئے ۔ انہوں نے کہاکہ دشمن نے تمام جنگی حربے آزمائے ، سچائی کا گلہ گھونٹا، پروپیگنڈہ کیا لیکن اپنے عوام کو بھی مطمئن نہیں کر سکا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ دُنیا گلوبل ویلج بن چکی ہے جبکہ دشمن 20ویں صدی میں رہ رہا ہے اورہماری تیاری 21 ویں صدی کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دشمن نے اپنی طاقت آزمائی لیکن منہ کی کھائی ۔ہم اﷲ کی ذات پر بھروسہ کر تے ہیں جو کل وقتی اور دائمی طاقت ہے ، دشمن دنیادی چیزوں پر بھروسہ کرتا ہے جس نے اُس کو غیر محفوظ بنا دیا ہے جبکہ مسلمان اﷲ کے بھروسے پر ایمان رکھتاہے اور توکل کرتا ہے۔ دشمن کو پاکستانی فوج اور قوم سے لڑنے کی حماقت چھوڑ دینی چاہیئے ،دشمن اپنی بربادی کا تماشہ نہ بنائے ، ماضی کی بڑی قوتوں کی شکست وریخت سے سیکھے ، گھاٹے کا سودا نہ کرے ۔

…………………………………………………..

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے دیر بالا پریس کلب و یونین آف جرنلسٹس کے انتخابات میں حضر ت حسین کو پریس کلب کاصدرمنتخب ہونے اور کابینہ کے دیگر اراکین کو مبارکباد دی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے نومنتخب صدر اور کابینہ کے نام اپنے ایک تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت مثبت تنقید کو اپنے لئے مشعل راہ سمجھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھارہی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ نومنتخب کابینہ اپنے دیگر ساتھیوں کی توقعات پر پورا اُترے گی ۔

……………………………………………………………….
ملاکنڈ ڈویژن ، جنوبی اضلاع اور قبائلی علاقوں سمیت تمام پسماندہ اضلاع پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے…..وزیراعلیٰ
پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ملاکنڈ ، ہزارہ اور قبائلی علاقوں میں سیاحت کی استعداد اور دیگر وسائل کو معاشی ترقی کی بنیاد بنانے کیلئے حکمت عملی بنا لی ہے ۔ صنعت ، سیاحت اور مواصلات کے شعبوں میں متعدد منصوبے شروع ہیں ۔ ہم جنوبی اضلاع کو بھی بتدریج تجارتی ، صنعتی او ر سیاحتی سرگرمیوں کیلئے کھول رہے ہیں۔ امن ترقی کی بنیاد ہے جب دیر پا امن ہو گا تو ترقی کے راستے بھی کھلتے جائیں گے ۔ قومی ترقی ، خوشحالی اور عوامی فلاح کے مجموعی عمل میں میڈیا کا کردار نمایاں ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ میڈیا کو ریاست کا چوتھا ستون کہا جاتا ہے ۔ میڈیا عوامی فلاح کے کاموں کو ہائی لائٹ کرے تاکہ عوام کو بھی پتہ چل سکے کہ حکومت اُس کی فلاح کیلئے کیا کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ڈیرہ اسماعیل خان پریس کلب کے صدر یسین خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع و صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل خان وزیر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ نے حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ عوامی فلاح کی جاری سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے ۔ صوبے کے مختلف ریجنز میں میگا پراجیکٹس کے قیام کیلئے بھی عملی پیش رفت جاری ہے ۔ اُنہوں نے خصوصی طور پر پشاور ، چارسدہ ، نوشہرہ ، مردان اور صوابی کیلئے سرکلر ریلوے ٹریک ، پشاور سے ڈی آئی خان ایکسپرے وے کو دو رویہ کرنے اور ریلوے ٹریک ، سوات موٹروے اور رشکئی ، حطار اور ڈی آئی خان کے اکنامک زونز کا ذکر کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت کی کوشش ہے کہ یہ منصوبے جتنا جلدی ممکن ہو سکے مکمل ہو جائیں ۔ان منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف متعلقہ ریجنز میں ترقی اور خوشحالی کے راستے کھلیں گے بلکہ تجارتی اور مواصلاتی طور پر تمام ریجنز ایک دوسرے سے منسلک اور مربوط ہو جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اُن کی حکومت ملاکنڈ ڈویژن ، جنوبی اضلاع اور قبائلی علاقوں سمیت تمام پسماندہ اضلاع پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ تمام علاقوں کو بتدریج ترقی کیلئے کھولا جار ہا ہے اُنہوں نے ملاکنڈ ڈویژن اور قبائلی علاقوں میں موجود سیاحتی استعداد اور قدرتی وسائل کو بروئے کار لانے کے حوالے سے حکومت کی حکمت عملی کا بھی ذکر کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ سیاحت کی تیز تر ترقی کیلئے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی طرز پر بااختیار اتھارٹیز بنانے کا منصوبہ زیر غور ہے ۔ ہم نے ہر صورت میں سیاحتی مقامات کو بطور صنعت فروغ دینا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اس مجموعی عمل میں میڈیا کے کردار کو سراہا اور کہاکہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہونے کی وجہ سے عوامی فلاح کے منصوبوں کو مناسب انداز میں اُجاگر کرے تاکہ عوام ان منصوبوں کی اہمیت ، ضرورت اور افادیت سے باخبر ہو سکے ۔ اس طرح نہ صرف ان منصوبوں کی تکمیل میں کافی مدد ملے گی بلکہ عوام ان منصوبوں سے مستفید بھی ہو پائیں گے ۔
ِ ََِ<><><><><>
CM Photo establishment of Swat University Campus
سوات میں ویمن یونیورسٹی کیمپس کا قیام بہت جلد ممکن بنایا جائیگا۔…..وزیرا علیٰ‌
پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ سوات میں ویمن یونیورسٹی کیمپس کا قیام بہت جلد ممکن بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی کیمپس کے لئے زمین کی فراہمی ممکن بنائی جائیگی۔ انہوں نے اس سلسلے میں دنگرام اور کبل میں دستیاب سرکاری اراضی کے انتخاب یا سوات یونیورسٹی کے سامنے زمین خریدنے کی آپشن پر غور کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے عندیہ دیا ہے کہ شانگلہ کیمپس جو کہ 1.5ارب روپے سے تعمیر ہو ا ہے ، کا افتتاح بہت جلد وہ اپنے ہاتھوں سے کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ کانجو سوات میں لینگویچ سنٹر جوکہ فرنٹیئرایجوکشن فاؤنڈیشن کے تعاون سے قائم ہو اہے ،کا افتتاح بھی جلد کیا جا ئیگا۔ انہوں نے سوات یونیورسٹی مین کیمپس چار باغ میں فرنٹیئر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعاون سے بنیا دی صحت مرکز ، سکول اور کالج کے قیام کی تجویز سے اصولی اتفاق کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں سوات میں ویمن یونیورسٹی کیمپس کے قیام حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی ، ایم پی اے و ڈیڈک چیئرمین سوات فضل حکیم خان ، وائس چانسلر سوات یونیورسٹی و دیگر عہدیداران نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو سوات میں ویمن یونیورسٹی کیمپس کے لئے زمین کے حصول، مختلف کیمپسز اور ان کے مسائل کے حل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔شانگلہ کیمپس کے لئے زمین کی فراہمی پر شرکاء نے وزیراعلیٰ کا شکریہ بھی ادا کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سوات میں فلائی اوورز اور پلوں کی تعمیر کا کام بہت جلد مکمل کیا جائیگا، جس سے سوات میں ٹریفک کے مسائل حل ہو جا ئیگے۔ او ر یونیورسٹی و کالجزکے طلباء کو ٹریفک کے گھمبیر مسئلے سے کل وقتی چھٹکارا مل جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی کیمپس میں ٹیوب ویل اور پانی کے مسائل سمیت تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے فرنٹیئر ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعاون سے سوات یونیورسٹی میں بنیادی صحت مرکز اور چائنیز لینگویج سنٹر کے قیام کی تجویز سے بھی اصولی اتفاق کیا۔انہوں نے کہا کہ سوات ویمن یونیورسٹی کیمپس اور گرلز کالجز کے لئے پنک بسوں کی فراہمی پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے پنک بسوں کی فراہمی ممکن بنانے کیلئے درکار اقدامات کی بھی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کالام میں کالام انٹیگریٹڈ ڈویلپمنٹ پروگرام کی زمین کو ریسرچ سنٹر کے لئے استعمال میں لانے کی تجویز سے بھی اصولی اتفاق کیا ہے۔ ریسرچ سنٹر میں میڈیسنل پلانٹس اور فریش واٹر فش کی تجارت کو ممکن بنایا جائیگا۔ انہوں نے سوات میں بوائز کالجز کا کرایہ کی عمارتوں میں اجراء کرنے کی تجویز سے بھی اتفاق کیا ۔ وزیراعلیٰ نے عندیہ دیا ہے کہ سوات کے اگلے ویزٹ پر سوات یونیورسٹی میں اکیڈیمک بلاک کا افتتاح بھی ممکن بنایا جائیگا۔ صوبے میں جاری شجرکاری مہم 2019کے تحت سوات یونیورسٹی کے احاطے میں وہاں پودا لگا کر پودے لگانے کی مہم کا افتتاح یقینی بنایا جائیگا۔ وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت تعلیم اور صحت کے شعبے میں مزید بہتری لانے کے لئے کوشاں ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ پورے صوبے میں تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ خواتین کے لئے تعلیم کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ اور ان کو تعلیم کے حصول میں تمام ممکن سہولیات مہیا کی جائیں گی ۔
<><><><><><><><>


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
19453