Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گورنمنٹ گرلز کالج بونی کی طالبات کا احتجاجی مظاہرہ، چترال مستوج روڈ کئی گھنٹوں تک ٹریفک کیلئے بلاک

شیئر کریں:

اپر چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج بونی کی طالبات نے جمعرات کے روز اپنے مطالبات کے حق میں چترال مستوج روڈ پر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔جس کی وجہ سے مین سڑک کئی گھنٹوں تک ٹریفک کیلئے بند رہی۔ احتجاجی طالبات پلے کارڈ اُٹھائے زبردست نعرہ بازی کی۔ تاہم ڈپٹی کمشنر اورضلعی انتظامیہ اپر چترال کی یقین دہانی پر طالبات وقتی طور پر پرآمن منتشر ہوئے اور سڑک ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔

۔https://www.facebook.com/chitraltimes/videos/1628420997499095


احتجاجی طالبات کا مطالبہ تھا کہ ضلعے کی واحد گرلز کالج میں ٹیچنگ سٹاف نہیں۔جس کیوجہ سے انکا قیمتی وقت ضائع ہورہاہے ۔ احتجاجی طالبات کی قیادت کا کہنا تھا کہ کالج کے 27ٹیچنگ سٹاف میں سے صرف 10 پر اسٹاف موجود ہیں جبکہ سترہ لیکچرر اور پروفیسرز کی اسامیاں گزشتہ کئی برسوں سے خالی ہیں۔ جس کے لئے بار بار حکام بالا اور منتخب نمائندگان کے نوٹس میں لایا مگر شنوائی نہیں ہوئی ۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک مہینے سے اسلامیات کا لیکچرر موجود نہیں اور ساتھ کمپیوٹر ٹیچر سرے سے ہی تعینات نہیں جس کی وجہ سے طالبات اسلامیات کے ساتھ اس جدید دور میں کمپیوٹر سائنس کی کلاسوں سے محروم ہیں۔

احتجاجی مظاہرین نےبتایا کہ ماضی میں بعض ٹیچنگ اسٹاف کا یہاں تعیناتی ہوئی تھی مگر سیاسی بنیادوں اور اثر ورسوخ استعما ل کرتے ہوئے چنددنوں میں یہاں سے تبادلہ کرکے واپس چلے گئے۔ انھوں نے مذید بتایا کہ کالج میں فسٹ ائیر اور سیکنڈ ائیر کے تین تین سیکشن ہیں جبکہ بی ایس کے چار ڈیپارٹمنٹ ہیں اورکالج میں کل چھ سو سے زیادہ طالبات زیر تعلیم ہیں۔


احتجاجی مظاہرین نے بتایا کہ کالج میں ٹیچنگ اسٹاف کی کمی خصوصا اسلامیات کے لیکچرر کی تعیناتی کیلئے کالج انتظامیہ کو ایک ہفتے کی ڈیڈ لائن د ی گئی تھی مگر شنوائی نہ ہونے پر طالبات سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔


اس حوالے سے اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد علی ، ڈی پی او کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور ان کے مطالبات عین وقت حکام بالا تک پہنچائے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق کل سے ان کے لئے دو لیکچررز دستیاب ہونگے اور اسلامیات مضمون کو پڑھانے کے لئے لیکچرر آئندہ دو یا تین دنوں کے اندر دستیاب ہوگی۔ ڈپٹی کمشنرنے انہیں یقین دلایا کہ ان کے تمام مطالبات حق بجانب ہیں اور ان کو پورا کرنے کے لئے وہ تمام تر کوششوں کو بروئے کار لائے گا۔ ڈی سی کی یقین دہانی پر احتجاجی طالبات پرامن منتشر ہوگئے ۔

chitraltimes students girls college booni protest1
chitraltimes students girls college booni protest
chitraltimes girls college booni students protest2
chitraltimes girls college booni students protest dc visit

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریں
55914