Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گورنر کادورہ خیبرمیڈیکل کالج،خیبر فسٹ 50ویں سالگرہ گولڈن جوبلی کی مناسبت سے گرینڈ بک فئیر کا افتتاح،مختلف سٹالزکامعائنہ بھی کیا

Posted on
شیئر کریں:

گورنر کادورہ خیبرمیڈیکل کالج، خیبر فسٹ 50ویں سالگرہ گولڈن جوبلی کی مناسبت سے گرینڈ بک فئیر کا افتتاح،مختلف سٹالزکامعائنہ بھی کیا

افتتاحی تقریب میں ڈین خیبر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب، چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر عمر ایوب، فیکلٹی اراکین اور طلباء وطالبات کی شرکت

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ انٹرنیٹ اورسوشل میڈیاکے دور میں کتابیں پڑھنے کے شوق کو زندہ رکھنا بہت ضروری ہے، علم روشنی ہے اور اس روشنی کو کتاب اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے معاشرے میں پھیلانا وقت کی ضرورت ہے،نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ اپنی زندگی کاقیمتی وقت بک ریڈنگ کیلئے وقت ضرور مختص کریں، کتاب انسان کی نہ صرف بہترین دوست ہے بلکہ علم کا خزانہ بھی ہیں،کتب بینی انسانی زندگی پر نہایت مثبت اثرات مرتب کرتی ہے،کتب بینی سے انسان کی تحقیقی اور تجزیاتی اورمثبت سوچ پروان چڑھتی ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے منگل کے روز خیبر میڈیکل کالج کے دورہ کے موقع پرخیبر فسٹ 50ویں سالگرہ گولڈن جوبلی کی مناسبت سے گرینڈ بک فئیر سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر نے کالج میں خیبر فسٹ 50ویں سالگرہ گولڈن جوبلی کی مناسبت سے گرینڈ بک فئیر کا افتتاح بھی کیا۔افتتاحی تقریب میں ڈین خیبر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب، چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر عمر ایوب، ڈاکٹرفخرعالم، ڈاکٹر حکیم آفریدی، شہاب اقبال، فیکلٹی اراکین اور طلباء وطالبات شریک تھے۔گورنر نے گرینڈ بک فئیر میں طلباء وطالبات کیجانب سے لگائے گئے مختلف اسٹالز کا بھی معائنہ کیا۔اسٹالز پرطلباء وطالبات نے گورنر کیساتھ تصاویربنوائیں اورخوشی کااظہارکیا۔ افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے پر خیبرمیڈیکل کالج کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محموداورنگزیب نے گورنر کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ گورنر حاجی غلام علی نے ہمیشہ تعلیمی اداروں کی ہر تقریب میں اپنی شرکت یقینی بنا کر فیکلٹی اراکین اورطلباء وطالبات کی حوصلہ افزائی کی ہے جوکہ قابل فخراقدام ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ کتاب کی اہمیت اور بک ریڈنگ کیلئے گرانڈ بک فئیر کا انعقاد بہترین اقدام ہے اورنوجوان طالبعلموں کی جانب سے بک فیئر میں دلچسپی خوش آئند ہے۔انہوں نے کہاکہ کتب بینی سے انسان میں تحریر کی استعداد پیدا ہوتی ہے،کتب بینی سے انسان کی ذہنی اور اخلاقی تربیت ہوتی ہے،مطالعہ سے فصاحت و بلاغت کی صفت پیدا ہوتی ہے اورکتب بینی سے انسان کی قوت ارتکاز بہتر ہوتی ہے۔انہوں نے نوجوانوں پرزوردیاکہ وہ شائستگی اوراقدار کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں،نوجوانوں نے اخلاقی و تعلیمی معیار سے ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کرنا ہے۔گورنرنے کہاکہ ہمارے نوجوان آج جدید سہولیات پر مبنی تعلیم حاصل کر رہے ہیں، اگر سہولیات زیادہ ہوں تو چیلینجز اور توقعات بھی زیادہ ہوتی ہیں، ملک و قوم کی نوجوانوں سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں اوران توقعات پر پورا اترنے کیلئے نوجوانوں کو اپنا کردار ادا کرناہوگا۔ گورنرنے کہاکہ صوبائی و وفاقی حکومتیں تعلیم کے فروغ کیلئے کثیررقم خرچ کررہی ہے اور جدید سہولیات مہیاکرنے کی ہرممکن کوششیں کررہی ہیں۔طلباء کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ان سہولیات سے فائدہ اٹھائیں اور ملک وقوم کی بہترین طریقے سے خدمت کریں۔تقریب سے ڈاکٹر عمرایوب، ڈاکٹرفخر عالم، حکیم آفریدی اور شہاب اقبال نے بھی خطاب کیا اورگورنرکا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ گورنرکی جانب سے یونیورسٹیوں، کالجز اور دیگرتعلیمی اداروں کے مسلسل دورے سے طلبہ اور علم سے محبت کا واضح ثبوت ہے۔

chitraltimes governor kp haji ghulam ali visit kmc and inagurated book fair 1 chitraltimes governor kp haji ghulam ali visit kmc and inagurated book fair 2 chitraltimes governor kp haji ghulam ali visit kmc and inagurated book fair 3


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
85505