Chitral Times

Jun 30, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گورنر سے چیئرمین پبلک سروس کمیشن کی گورنر ہاؤس میں ملاقات، ادارہ کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی

شیئر کریں:

گورنر سے چیئرمین پبلک سروس کمیشن سکندر قیوم کی گورنر ہاؤس میں ملاقات، ادارہ کی سالانہ کارکردگی رپورٹ 2022 پیش کی

پبلک سروس کمیشن بااعتماد ادارہ ہے، تعلیمی اداروں سمیت تمام محکموں میں بھرتیوں کیلئے امیدواروں کے انتخاب میں شفافیت یقینی بنائی جائے، حاجی غلام علی

گورنر سے نگران صوبائی وزیربرائے ہاؤسنگ شفیع اللہ خان اور نگران وزیراعلیٰ کے مشیربرائے سیاحت ظفرمحمودکی بھی الگ الگ ملاقات، صوبہ میں سیاحت کے فروغ سمیت محکمانہ امورپرتبادلہ خیال

Governor KP chairman kppsc meeting

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ)  گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ پبلک سروس کمیشن ایک بااعتماد ادارہ ہے جہاں سے صوبہ کے تمام اداروں میں بھرتیوں کیلئے بہترین معیاری امیدواروں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام محکموں بالخصوص محکمہ تعلیم میں پروفیسرز،لیکچررزاور اساتذہ کی آسامیوں پر بھرتیوں کیلئے امیدواروں کے انتخاب میں قابلیت کے معیار میں مزید شفافیت یقینی بنائی جائے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز چیئرمین پبلک سروس کمیشن خیبرپختونخوا سکندر قیوم سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کے دوران کی، ملاقات میں چئیرمین پبلک سروس کمیشن سکندر قیوم نے گورنر کوخیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن کی سالانہ رپورٹ 2022  پیش کی۔ رپورٹ کیمطابق کمیشن کیجانب سے مختلف صوبائی اداروں میں 2687 بھرتیوں کیلئے سلیکشن کا عمل مکمل کیا۔پبلک سروس کمیشن نے محکمہ اعلٰی تعلیم میں 1900 لیکچررز کی بھرتیوں کیلئے امیدواروں کے انتخابات کا عمل مکمل کیا۔
اس کے علاوہ مختلف آسامیوں کیلئے 130 قابلیت کے ٹیسٹ منعقد کئے گئے جبکہ 15 ہزار کے قریب امیدواروں کے انٹرویو لئے گئے۔ ملاقات میں چیئرمین پبلک سروس کمیشن نے تعلیمی اداروں میں پروفیسروں اور لیکچررز کی  بھرتیوں سے متعلق کمیشن کو متعلقہ اداروں کیجانب سے بروقت اطلاع فراہم نہ کئے جانے سے متعلق اپنے خدشات کا بھی اظہار کیا۔ اس موقع پر گورنر نے خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن کی مجموعی کارکردگی کو سراہا اور چیئرمین پبلک سروس کمیشن کو بھرتیوں کیلئے امیدواروں کی سلیکشن میں مزید شفافیت لانیکی ہدایت کی۔انہوں نے کہاکہ تمام محکموں بالخصوص تعلیمی اداروں میں بھرتیوں میں شفافیت نہ ہونے سے معیار تعلیم پر گہرا اثر پڑتا ہے اورتعلیمی معیار گرنے سے براہ راست پوری قوم متاثر ہوتی ہے جس کیلئے قوم ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پبلک سروس کمیشن سے صوبہ کے انتہائی قابل و ہونہار امیدوار سامنے لائے جاتے ہیں جو کہ قابل تحسین ہے،انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں پروفیسرز، لیکچررز، اساتذہ کی خالی آسامیوں پر قابل افراد کے انتخابات کیلئے متعلقہ محکموں کیجانب سے کمیشن کو بروقت اطلاع فراہم کی جائے اور اس ضمن میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،
 علاوہ ازیں گورنر سے نگران وزیراعلی کے مشیربرائے سیاحت ظفرمحمود نے بھی گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ مانسہرہ سے نیاز محمد خان نیازی اور کوہستان سے سردار محمد ریاض بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملاقات میں صوبے میں سیاحت کے فروغ اور صوبائی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے گورنر کو آگاہ کیاگیا۔ گورنرنے کہاکہ ہمارے صوبہ خیبرپختنونخوا کو اللہ تعالی نے قدرتی حسن سے نوازا ہے اورباہر ممالک سمیت ملک بھر کے سیاحوں کیلئے ایک پرکشش مقام کا درجہ رکھتے ہیں۔ سیاحتی مقامات تک سیاحوں کو تمام سہولیات کی فراہمی کیلئے وفاق و صوبائی حکومتوں کو مشترکہ  اقدامات اٹھانے چاہئیں اور اس ضمن میں سیاحتی علاقوں کے مقامی افراد کو بھی اپنے علاقوں کا قدرتی حسن دنیا بھر میں متعارف کرنے کیلئے عملی کردار ادا کرنا چاہئے۔ گورنر نے کہا کہ پرکشش سیاحتی علاقوں میں سیاحت کے فروغ کے لئے ماسٹر پلان بنایا جائے،  دریں اثناء صوبائی وزیر ہاؤسنگ شفیع اللہ خان نے بھی گورنر سے ملاقات کی اور محکمانہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
75226