Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ورنر سے ضلع بونیر، چترال،کرم، دیر بالا اور اورکزئی کے نمائندہ عوامی وفود کی بھی الگ الگ ملاقاتیں

شیئر کریں:

گورنر حاجی غلام علی سے اکاونٹنٹ جنرل خیبرپختونخوامرتضی خان، چیف ایگزیکٹیو پیسکو عارف سدوزئی اور سیکرٹری پی اینڈ ڈی خیام حسن خان کی گورنرہاؤس میں الگ الگ ملاقات
گورنرسے ہری پورچیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری، آل ٹریڈرز فیڈریشن ہری پور اور ڈسٹرکٹ بارہری پور کے عہدیداروں پر مشتمل مشترکہ وفدکی بھی ملاقات،بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل پرتبادلہ خیال
گورنر سے ضلع بونیر،ضلع چترال،ضلع کرم،ضلع دیر بالا اورضلع اورکزئی کے نمائندہ عوامی وفود کی بھی الگ الگ ملاقاتیں، عوامی مسائل پر تبادلہ خیال

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی سے اکاونٹنٹ جنرل خیبرپختونخوامرتضی خان، چیف ایگزیکٹیو پیسکو عارف سدوزئی اور سیکرٹری پی اینڈ ڈی خیام حسن خان نے بدھ کے روزگورنر ہاؤس میں الگ الگ ملاقات کی اور گورنر کو متعلقہ محکموں کی کارکردگی سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔اس موقع پر نگران صوبائی کابینہ کے اراکین حامدشاہ،عبدالحلیم قصوریہ، جسٹس (ر) ارشاد قیصر، ریاض انور اورشیراز اکرم باچابھی موجود تھے۔ چیف ایگزیکٹیو پیسکو نے گورنر کو صوبہ میں بجلی کی طلب ورسد اور لوڈشیڈنگ کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔انہوں نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی گورنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔گورنرنے کہاکہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اورگرمیوں سے قبل جہاں ٹرانسفارمرزاوربجلی کی ٹرانسمینش لائنز میں خرابیاں ہیں عوام کی سہولت کیلئے وہ جلد ازجلد دورکی جائیں۔نگران صوبائی حکومت بھی اس سلسلے میں کردار اداکررہی ہے۔سیکرٹری پی اینڈڈی سے گفتگوکرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ صوبہ بھر میں ترقیاتی کاموں کی نگرانی عوام کوخود کریں گے کیونکہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے بننے والے روڈز، گلیاں، سکولز، ہسپتال کی غیرمعیاری کام کی نشاندہی عوام کی ذمہ داری ہے تاکہ تعمیراتی کاموں میں معیارکو یقینی بنایاجاسکے۔

علاوہ ازیں گورنرسے ہری پورچیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری، آل ٹریڈرز فیڈریشن ہری پور اور ڈسٹرکٹ بارہری پور کے مشترکہ صدور، چیئرمینز اوردیگرعہدیداروں پر مشتمل 25 رکنی وفد نے بدھ کے روزگورنرہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد کے شرکاء نے گورنر کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاجروں کے ساتھ نارواسلوک، چھوٹے تاجروں اوردوکانداروں کوبے جا تنگ کرنے اور ضلع میں گاڑیوں کی چوریوں سمیت امن وامان کی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا۔ وفد کے شرکاء نے گورنرکو ہری پور بار ایسوسی ایشن اور آل ٹریڈرز فیڈریشن ہری پور کی حلف برداری تقریب میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
اس موقع پر گورنر نے کہاکہ صوبے سمیت ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کی محبتوں کے شکرگزار ہوں جنہوں نے تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبہ سمیت ملک کے کونے کونے سے گورنرہاؤس کادورہ کیا اور اپنی محبت کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہاکہ بزنس کمیونٹی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ ملک پر جب بھی مشکل وقت آیا مقابلے کے لیے ہماری بزنس کمیونٹی اور تاجر برادری سب سے آگے رہی اور انشاء اللہ بہت جلد ملک موجودہ مشکل معاشی صورتحال پر بھی تاجربرادری کی تعاون سے کامیابی کیساتھ قابو پالے گی۔ گورنر کی جانب سے مسائل کے حل کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی پروفد کے شرکاء نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح موجودہ گورنر نے ان کے ساتھ اپنا تعلق بحال رکھا ہے اسی طرح نہ صرف صوبے بلکہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی اور تاجر برادری بھی ان کا ساتھ دیگی۔

علاوہ ازیں گورنرحاجی غلام علی سے بونیر سے سابق رکن صوبائی اسمبلی مفتی فضل غفور کی قیادت میں کبل بارایسوسی ایشن سوات اورماربل ایسوسی ایشن بونیر کے مشترکہ 16 رکنی نمائندہ وفد، ضلع اورکزئی سے مولاناعین الدین شاکر کی قیادت میں 8 رکنی نمائندہ عوامی وفد،چترال سے سابق رکن صوبائی اسمبلی مولاناہدایت الرحمن اور حبیب الدین ضلعی ترجمان جے یوآئی اپر چترال کی سربراہی میں نمائندہ وفد، ضلع کرم سے ملک بدیع الزمان کی سربراہی میں نمائندہ عوامی وفد اوردیربالا بارایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے الگ الگ ملاقاتیں کی اور اپنے اپنے متعلقہ علاقوں کے عوام کودرپیش مسائل اور بارکونسلوں کودرپیش مشکلات سے گورنر کو آگاہ کیا اور ان مسائل ومشکلات کے حل کیلئے گورنر سے کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔
وفود سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرحاجی غلام علی نے کہاکہ عوامی مسائل کو حل کرنااور اُن کی خدمت وہ اپنا فرض سمجھتے ہیں اور اس مقصد کیلئے تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کارلایاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ نگران صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر عوام کو سہولیات کی فراہمی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اورعلاقائی مسائل کے حل کیلئے صوبائی حکومت آئندہ بجٹ میں خطیر رقم مختص کرے گی۔

chitraltimes mpa hidayat meeting with governor kp2 chitraltimes mpa hidayat meeting with governor kp


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
74030