Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گورنر حاجی غلام علی کی خیبرمیڈیکل یونیورسٹی میں معذور طالب علموں میں سکالرشپس تقسیم کرنیکی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت

Posted on
شیئر کریں:

گورنر حاجی غلام علی کی خیبرمیڈیکل یونیورسٹی میں معذور طالب علموں میں سکالرشپس تقسیم کرنیکی تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت

گورنرنے 80 معذور طلباء و طالبات میں فیس معافی اور یو ایس ایڈ کیجانب سے اسکالرشپ حاصل کرنیوالی 19 طالبات میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کیں

گورنر نے معذور افراد کو اسٹیج پر بلانے کے بجائے خود چل کر انکو اپنی نشستوں پرہی ایک ایک کو فیس معافی کی سرٹیفیکیٹس پیش کیں

معذور بچے والدین کے ساتھ مجھے بھی اپنا سرپرست سمجھیں، ان کو کسی بھی صورت تنہانہیں چھوڑیں گے،گورنرحاجی غلام علی

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ معذوربچے اس معاشرے کا اہم حصہ ہیں ان کو کسی بھی صورت تنہانہیں چھوڑیں گے،اُن کی خدمت اپنا فرض سمجھتاہوں۔ معذور بچے والدین کے ساتھ مجھے بھی اپنا سرپرست سمجھیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر بھی زوردیاکہ وہ ملک میں پر تشدد رویوں کی حوصلہ شکنی کریں، اور شائستگی، اقدار روایات عزت و احترام, اخلاقیات کواپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں۔یہ ملک آپ کاہے اور آپ سب نے مل کراتفاق اوراتحاد سے اس ملک کی ترقی،سالمیت اور حفاظت کیلئے اپناکردار ادا کرنا ہے،آپ نوجوانوں نے عوامی و ریاستی املاک کے تحفظ اور قومی اور دفاعی اداروں کے ساتھ ایک ہو کر ملک دشمن عناصر کو شکست دینی ہے، 9 مئی کے واقعات سے ہر محب وطن پاکستانی کو تکلیف پہنچی ھیایسی شرپسندی پر مبنی سوچ کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہداری ھے، ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کے روزخیبرمیڈیکل یونیورسٹی حیات آباد میں منعقدہ تقسیم اسکالر شپس تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کی۔تقریب میں نگران وزیر اعلٰی کے مشیر صحت پروفیسر ڈاکٹر ریاض انور، سابق صوبائی وزیر امان اللہ حقانی، سابق رکن صوبائی اسمبلی عاطف الرحمان،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق، فیکلٹی اراکین سمیت طلباء وطالبات نے شرکت کی۔ گورنرنے اس موقع پریونیورسٹی سے الحاق شدہ میڈیکل کالجز کے 80 معذور طلباء و طالبات میں فیس معافی کی سرٹیفیکیٹس اوریو ایس ایڈ کیجانب سے اسکالرشپ حاصل کرنیوالی 19 طالبات میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کیں۔

 

گورنر نے معذور افراد کو اسٹیج پر بلانے کے بجائے خود چل کر انکو اپنی نشستوں پرہی ایک ایک کو فیس معافی کی سرٹیفیکیٹس پیش کیں۔ گورنر نے دورہ کے دوران یونیورسٹی کے نئے تعمیر ہونیوالے ایڈمنسٹریشن بلاک کا بھی افتتاح کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے معذور طلباء وطالبات کی مکمل فیس معافی پر کے ایم یو وائس چانسلر، فیکلٹی اراکین اور یونیورسٹی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیااورکہاکہ معذور طلباء وطالبات پر خصوصی توجہ مرکوز رکھنا کے ایم یو کا قابل تحسین اقدام ہے۔انہوں نے کہاکہ بحیثیت چانسلر تمام یونیورسٹیوں کو معذور بچوں کو داخلوں، فیس معافی کیلئے واضح ہدایات کر چکا ہوں۔انہوں نے اس بات پر بھی زوردیاکہ معذور طلباء کوملازمتوں میں بھی خصوصی ترجیح دی جائے۔وائس چانسلرز کے ساتھ 7، 7 گھنٹوں پر مشتمل دو روز اجلاس منعقد کر کے جامعات کی بہتری کیلئے گائیڈ لائینز فراہم کی تھیں۔انہوں نے کہاکہ جدید اورمعیاری تعلیم سمیت صحت کی سہولیات اوردیگر بنیادی ضروریات ہر بچے کا حکومت پر حق ہے اور دیگر بچوں کی طرح معذور بچوں کو میڈیکل سمیت دیگر تعلیمی میدان میں بھی آگے آنے کے مکمل مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔

 

گورنرنے کہاکہ ملک معاشی طور پر مشکلات کا شکار ہے تاہم اعلیٰ تعلیمی اداروں کو عہد کرنا ہو گا کہ طلباء وطالبات کی فیسوں میں کمی کو یقینی بنایاجائیگا۔انہو ں نے کہاکہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی مایہ ناز تعلیمی ادارہ ہے جس کی تعلیمی کامیابیوں کی اپنی تاریخ ہے اور میری کوشش ہے کہ اس یونیورسٹی کی ساکھ کو مزید بہتر بنائیں گے۔علاوہ ازیں گورنرکو خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے کمیٹی روم میں وفاقی حکومت کے مالی تعاون سے تیار ہونیوالی ہسپتال کی عمارت، تھیلیسیمیا مرض کے علاج معالجہ اورپبلک ہیلتھ ریفرنس لیبارٹری سے متعلق بریفنگ میں فنڈز کے درپیش مسائل سے متعلق آگاہ کیاگیا جس پرگورنرنے فنڈز کی ترسیل کیلئے متعلقہ محکموں کااجلاس طلب کرکے مسائل حل کرنیکی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر گورنر کی موجودگی میں خیبرمیڈیکل یونیورسٹی اور پیڈو کے درمیان معذورافراد کی فلاح وبہبود سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پردستخط بھی کئے گئے۔ گورنر اور نگران مشیر صحت نے یونیورسٹی میں پودا بھی لگایا

Governor kp haji ghulam ali distributing schlorship among the special students of khyber medical college 1


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
74663