Chitral Times

Jun 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گورنرخیبرپختونخوا کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات، فاٹااور پاٹا کے ٹیکس حوالے عوام کے تحفظات دورکرنے،دیر موٹر وے کو چترال تک وسعت دینے اور 26 یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرکی تعیناتی حوالے سے تفصیلی گفتگوہوئی۔ فیصل کریم کنڈی 

شیئر کریں:

گورنرخیبرپختونخوا کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات، فاٹااور پاٹا کے ٹیکس حوالے عوام کے تحفظات دورکرنے،دیر موٹر وے کو چترال تک وسعت دینے اور 26 یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرکی تعیناتی حوالے سے تفصیلی گفتگوہوئی۔ فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعرات کے روز وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی اور صوبہ خیبر پختونخوا کے امور اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔گورنر نے حکومت کی کاروبار و سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی بدولت ملک میں بڑھتی ہوئی بیرونی سرمایہ کاری پر وزیرِ اعظم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ملاقات میں خیبر پختونخوا کے مسائل اور ان کے پائیدار حل کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ملاقات میں وفاقی وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ اور وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ بھی شریک تھے۔ ملاقات کے بعد وزیراعظم ہاؤس کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرفیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے مسائل پر وزیرِ اعظم سے بات کی ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف سے صوبے میں گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر بھی بات ہوئی ہے اور وزیراعظم سے کہاہے کہ لوڈشیڈنگ کادورانیہ مزید کم کیاجائے۔ گورنرنے بتایا کہ فاٹا اور پاٹا کے ٹیکس کے حوالے سے بھی وزیرِ اعظم سے تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا۔ فاٹا اورپاٹاکے ٹیکس کامسئلہ وزیراعظم کے سامنے رکھا جس پر وزیراعظم نے مجھے یقین دہانی کرائی ہے کہ فاٹا اورپاٹا کے عوام کے تحفظات کو دورکیاجائیگا۔

 

صوبے میں 34 پبلک سیکٹرز یونیورسٹیاں جس میں 26 یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر نہیں ہیں، یہ ہمارے صوبے کی ایجوکیشن ایمرجنسی کا حال ہے۔انہوں نے کہاکہ گذشتہ سال 3 ارب روپے یونیورسٹیوں کیلئے رکھے گئے تھے جس میں سے ایک روپیہ بھی ریلیزنہیں ہوا۔ زیادہ تریونیورسٹیاں وفاق کے فنڈکی منتظر ہیں اور اس حوالے سے بھی وزیراعظم سے ملاقات میں بات ہوئی ہے۔ گورنرنے کہاکہ اسی طرح دیر موٹر وے کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی جو کہ چترال تک بننی ہے اور گذشتہ حکومت کی وجہ سے وہ منصوبہ سردخانے چلی گئی تھی۔ وزیر اعظم سے سکھر اور ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹرنیشنل معیار کے مطابق ایئر پورٹ کی تعمیر کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ صوبے میں امن وامان کے حوالے سے بھی بات ہوئی۔ وزیراعظم سے نیٹ ہائیڈل پرافیٹ پر بھی بات چیت ہوئی۔گورنرنے کہاکہ فاٹا کے انضمام کے بعد 100 ارب روپے سالانہ فنڈ دینے کا جووعدہ کیا گیاتھا اس حوالے سے بھی بات ہوئی۔ وزیراعظم سے کہا ہے کہ چشمہ رائٹ لفٹ کینال کے لیے فنڈز مختص کیے جائیں، اس وقت پراپرٹی ٹیکس بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے خیبرپختونخوا میں پراپرٹی کاکاروبار صفرہوگیاہے۔ وزیر ِاعظم کا مشکور ہوں کہ انہوں نے ہمارے مسائل سنے،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ وزیراعظم سے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں 25 فیصدبڑھانے کی تجویز دی ہے جس پر وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے۔انہوں نے صوبائی حکومت سے کہاکہ وفاقی حکومت کی طرز پر صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیاجائے۔

 

chitraltimes governor kp faisal karim kundi meeting with chairman pakistan red crescent society

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے انجمن ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری کی ملاقات

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے انجمن ہلال احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمدلغاری نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں ملک بھر بالخصوص خیبرپختونخوا میں انجمن ہلال احمر کی خدمات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔چئیرمین انجمن ہلال احمر نے گورنر کو ملک بھر بالخصوص خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب کے دوران مالی و انسانی امدادی سرگرمیوں سے متعلق آگاہ کیا۔اس موقع پر گورنرنے کہاکہ قدرتی آفات و حادثات میں انجمن ہلال احمر کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔دکھی انسانیت کی خدمت میں انجمن ہلال احمر کی صوبائی شاخوں کو مزید مضبوط کرنیکی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ ماحولیاتی تبدیلی و موسمیاتی تغیرات سے پیدا ہونے والے انسانی مسائل کے حل میں بھی انجمن ہلال احمر کو کردار ادا کرنیکی ضرورت ہے، صوبائی شاخوں کو ملکی و غیر ملکی ڈونرز سے مضبوط روابط کے قیام کا میکنزم تشکیل دیا جائے۔

 

chitraltimes governor kp faisal karim kundi meeting with chairman pakistan red crescent society 1

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے زرعی ترقیاتی بنک لمٹیڈکے صدر طاہر یعقوب بھٹی کی ملاقات

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے زرعی ترقیاتی بنک لمٹیڈکے صدر طاہر یعقوب بھٹی نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی اور زرعی بنک کے اغراض مقاصدسمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔گورنرنے ملک میں زراعت کے فروغ سے متعلق زرعی ترقیاتی بنک کے کردار کو سراہا۔ اورکہاکہ زیڈ ٹی بی ایل ملک میں زرعی قرضوں کے حوالہ سے بڑابینک ہے جو ملک میں زرعی پیدوارمیں اضافہ کیلئے چھوٹے اورغریب کاشت کاروں کورعایتی قرضے دے رہاہے۔ دریں اثناء چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بھی گورنرسے اسلام آباد میں ملاقات کی اور انہیں گورنر کا آئینی منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی، اس موقع پر اسلام آباد میں سی ڈی اے کے زیرانتظام علاقوں میں ترقیاتی اقدامات سمیت مختلف امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔#


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
89550