Chitral Times

Jun 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ صوابی کے کانووکیشن میں  475 طلباء وطالبات میں ڈگریاں اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے 15 طلبہ میں گولڈ میڈلز تقسیم کئے۔

Posted on
شیئر کریں:

گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ صوابی کے کانووکیشن میں  475 طلباء وطالبات میں ڈگریاں اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے 15 طلبہ میں گولڈ میڈلز تقسیم کئے۔

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ اعلٰی تعلیم نوجوان نسل کے ساتھ ملک و قوم کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے، تعلیم یافتہ افراد پیداواری صلاحیت کے محرک ہوتے ہیں، نوجوانوں کو ایسی تعلیم دینی ہے کہ ان میں خوداعتمادی اور قابلیت میں نکھار لایا جا سکے،بدقسمتی سے صوبہ میں تعلیمی معیار کو پیچھے چھوڑ دیا گیا،جدید ٹیکنالوجی پر دسترس حاصل کرنیوالے ممالک آج ترقی کی ڈور میں بہت آگے نکل گئے، ترقی کے منازل طے کرنے کیلئے ہمیں بھی ٹیکنالوجی کے علم میں اپنا قابل تعریف حصہ ڈالنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کے روز دورہ صوابی کے دوران غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ صوابی کے 28 ویں کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

کانووکیشن میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر GIK شکیل درانی، ریکٹر GIK ڈاکٹر فضل احمد خان،ایس ایم زیدی پروریکٹر اکیڈیمک، سردار آمین اللہ خان پرو ریکٹر،فیکلٹی اراکین، طلباء وطالبات اور والدین نے شرکت کی۔ گورنرنے کانووکیشن میں انجینئرنگ، منیجمنٹ سائنسز، اپلائیڈ سائنسز میں ماسٹر، ایم فل اور بیچلر کی تعلیم مکمل کرنیوالے 475 طلباء وطالبات میں ڈگریاں اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے 15 طلبہ میں گولڈ میڈلز تقسیم کئے۔ریکٹر GIK ڈاکٹر فضل احمد خان نے گورنراوردیگر مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور ادارے کی کارکردگی پرتفصیلی روشنی ڈالی۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے تعلیمی کامیابی حاصل کرنیوالے طلبہ، والدین اور فیکلٹی اراکین کو مبارکباد پیش کی اورکہاکہ غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ نہ صرف اس صوبہ بلکہ ملک بھر کا معیاری تعلیمی ادارہ ہے۔انہوں نے کہاکہ بلاشبہ GIK کی مقبولیت کا راز تعلیمی معیار و میرٹ پر سمجھوتہ نہ کرنا ہے۔باوقار تعلیمی ادارے سے تعلیم حاصل کرنا ہر نوجوان اور والدین کی خواہش ہوتی ہے۔میری خواہش ہے کہ GIK جیسے معیاری تعلیمی ادارے صوبہ کے دیگر مقامات پر بھی قائم ہوں۔گورنرنے کہاکہ غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ جیسے اداروں کی بدولت ہی ہم اپنی معاشی ترقی کو مزید بہتر کر سکتے ہیں۔غربت کی عفریت سے چھٹکارا پا سکتے ہیں اور اپنے معاشرے کو ایک مکمل فلاحی معاشرے میں بدل سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ صوبہ میں 34 پبلک سیکٹرز یونیورسٹیاں ہیں لیکن بدقسمتی سے تعداد تو بڑھانے پر توجہ دی گئی اور معیار کو پیچھے چھوڑ دیا گیا، ہمارے نوجوانوں کو ایک ایسی معیاری اعلیٰ تعلیم کی ضرورت ہے جس سے انکی خوداعتمادی اور قابلیت میں نکھار لایا جا سکے۔

 

Chitraltimes governor kp giving away degrees to students of GIKI convocation 1 Chitraltimes governor kp giving away degrees to students of GIKI convocation 2

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
90289