Chitral Times

Jul 2, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گورنرحاجی غلام علی نے یونیورسٹی آف پشاور میں 2016 سے بندش کے بعد شعبہ مطالعات سیرت النبی ﷺکا از سرنوافتتاح کردیا

Posted on
شیئر کریں:

گورنرحاجی غلام علی نے یونیورسٹی آف پشاور میں 2016 سے بندش کے بعد شعبہ مطالعات سیرت النبی ﷺکا از سرنوافتتاح کردیا

گورنر نے وائس چانسلر کے اعلان پر سیرت ڈیپارٹمنٹ میں داخلہ لینے والے تمام طلبہ کی مکمل فیس معافی کی منظوری دیدی، گورنر کا اسلامک سٹڈیز اور شعبہ عربی میں بھی 30 فیصد فیس کمی کا اعلان

گورنرکاپشاوریونیورسٹی میں سیرت النبیﷺ کانفرنس میں بھی بحیثیت مہمان خصوصی شرکت، کانفرنس میں شیخ الحدیث مولانا محمدادریس، شیخ الحدیث مولانا مفتی غلام الرحمن،مفتی شہاب الدین پوپلزئی اورسید ظاہرعلی شاہ کی خصوصی شرکت اور خطاب

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے بدھ کے روز یونیورسٹی آف پشاور کادورہ کیا اور یونیورسٹی میں 2016 سے بند ہونیوالے شعبہ مطالعات سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کاباقاعدہ افتتاح کرکے ڈیپارٹمنٹ کو ازسرنو بحال کردیا۔ افتتاح کے موقع پر سابق صوبائی وزراء سیدظاہر علی شاہ،مولانا امان اللہ حقانی، شیخ الحدیث مولانا محمدادریس، شیخ الحدیث مولانامفتی غلام الرحمن، مفتی شہاب الدین پوپلزئی، ڈاکٹر مولانااحسان الرحمن، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس،ڈین اسلامک سٹڈیز ڈاکٹرمحمدسلیم ہوید، فیکلٹی اراکین،طلبہ و دیگر شریک تھے۔گورنر نے اس موقع پر شعبہ مطالعات سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کو ازسر نو فعال کرنے پر وائس چانسلر اور یونیورسٹی فیکلٹی و انتظامیہ کو مبارکباددی۔ بعدازاں گورنرنے جامعہ پشاور کے کانوکیشن ہال منعقدہ عظیم الشان سیرت النبیﷺ کانفرنس میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت بھی کی۔ کانفرنس سے شیخ الحدیث مولانا محمدادریس، شیخ الحدیث مولانا مفتی غلام الرحمن، مفتی شہاب الدین پوپلزئی اورسید ظاہرعلی شاہ نے بھی خطاب کیا اور سیرت النبیﷺ پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے یونیورسٹی میں شعبہ مطالعات سیرت النبیﷺ کو ازسر نو فعال کرنے پر گورنر حاجی غلام علی اوروائس چانسلرڈاکٹرمحمدادریس اور ڈین ڈاکٹر محمدسلیم ہوید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ اقدام گورنراور وائس چانسلر کیلئے نہ صرف دنیا بلکہ آخرت میں بھی فائدہ مند رہیگا۔ علماء کرام نے اپنے خطاب میں کہاکہ اللہ تعالی نے خاتم النبین حضرت محمدمصطفیﷺ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجاہے۔ زندگی کے ہر میدان میں سرکار دو عالم ﷺ کی سیرت طیبہ ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے۔ حضورﷺ کی حیات طیبہ کی پیروی ہی دنیا اور آخرت میں کامیابی کا ضامن ہے۔

 

علماء کرام نے اپنے خطاب میں گورنر، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ادریس اور ڈین ڈاکٹر محمد سلیم ہوید کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے متعلقہ شعبے سے متعلق ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلریونیورسٹی آف پشاور ڈاکٹرمحمدادریس نے بھی خطاب کیا اور کہاکہ ایک ہفتہ کے اندر اندر ہی شعبہ مطالعات سیرت النبی ﷺ کیلئے درکارفیکلٹی اوردیگر سٹاف کابندوبست کرکے اس شعبہ کو باقاعدہ طور پر فعال اور شروع کیاجائیگا۔ انہوں نے گورنرکی اجازت سے اس شعبہ میں داخلہ لینے والے طلباء کو مفت داخلہ دینے کااعلان کیا جس کی منظوری گورنر نے اپنے خطاب میں فوری منظوری دیدی اور ساتھ ہی گورنر نے اسلامک سٹڈیز اور شعبہ عربی میں طلباء و طالبات کیلئے فیسوں میں 30فیصد کمی کا بھی اعلان کیا۔ جامعہ پشاور میں سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے گورنرنے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر سمیت تدریسی و انتظامی عملہ کو عظیم الشان سیرت النبی کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور اس عظیم الشان کانفرنس میں شرکت کرنے پر ممتازعلماء کرام کاشکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ جامعہ پشاور میں 2016 سے شعبہ مطالعات سیرت النبی ﷺکی بندش کا سن کر دلی دکھ ہوا تھا۔ گورنر نے شعبہ مطالعات سیرت النبی ﷺکے افتتاح کو اپنے لیے باعث اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج دلی خوشی ہورہی ہے کہ جامعہ پشاور میں شعبہ مطالعات سیرت النبی ﷺکا باقاعدہ افتتاح کر کے اس ڈیپارٹمنٹ کو ازسر نو فعال کر دیا ہے۔

 

انہوں نے کہاکہ سیرت نبویﷺ ہماری زندگیوں کیلئے بہترین نمونہ ہے،شیطانی آلہ کاروں نے اسلامی معاشرے میں بگاڑ پیدا کر دیااورآج ہمارے معاشرے میں بے حیائی، ناانصافی، ظلم اور حق تلفی تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے۔ معاشرے میں انسان دوستی، بھائی چارہ، صلہ رحمی، ہمدردی اور انسانی رواداری کے فروغ کیلئے سیرت النبیﷺ کے مطالعہ کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام برائیوں سے نجات اور نیکی و اچھائی کیجانب گامزن ہونے کیلئے سیرت النبی(ص) پر عملدرآمد کرنا ہو گا۔اپنے بچوں، نوجوانوں کے قلب و اذہان میں سیرت النبی(ص) اور دین اسلام کو زندہ رکھنا ہو گا، یونیورسٹیاں، کالجز اور تعلیمی ادارے اسلامی تعلیمات کے فروغ اور دین اسلام کی سربلندی کیلئے کردار ادا کریں۔آج بھی ترقی و کامرانی کا راز سیرت نبویﷺ کی پیروی میں ہے۔ ہمیں اپنے نظام تعلیم، نظام معشیت و معاشرت الغرض زندگی کے تمام پہلوؤں کو حضور اکرم ﷺکے بتائے ہوئے اصولوں سے ہم آہنگ کرناہوگا۔گورنرنے کہاکہ اگر ہم پیغمبراسلام ﷺ کی سیرت مبارکہ کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالنے کی کوشش کریں تو ہمارے تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں کیونکہ سیرت محمدیﷺ پر عملدرآمد ہونے سے ہی نہ صرف انفرادی سطح پر بلکہ ایک بہترین معاشرے کی تکمیل ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے خاص طور پر نوجوانوں کو تاکید کی کہ وہ اپنی زندگیوں میں سیرت النبی ﷺ کو اپنائیں۔

chitraltimes governor kp ghulam ali inagurated mutalia seeratun nabavi s in peshawar university 2


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
81120