Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گلگت: وزیراعلی کی نئے بنائے گئے اضلاع کے ہیڈکوارٹرز کیلئے پی سی ون جمع کرانے کی ہدایت

Posted on
شیئر کریں:

گلگت(آئی آئی پی) وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے نئے بنائے گئے اضلاع تانگیر، داریل، روندو اور گوپس یاسین کے ضلعی ہیڈکوارٹرز کے قیام کیلئے پی سی ون جلد منظوری کیلئے متعلقہ فورمز میں جمع کرانے کے احکامات دیئے ہیں۔ نئے اضلاع میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس کی تعمیر کیلئے سرکاری زمین میسر ہونے کی صورت میں سرکاری زمین پر ہی ڈسٹرکٹ کمپلیکس تعمیر کئے جائیں گے اور سرکاری زمین میسر نہ ہونے کی صورت میں جدید ڈسٹرکٹ کمپلیکس کی تعمیر کیلئے زمین کی خریداری عمل میں لائی جائے گی۔ نئے اضلاع کیلئے 25 کروڑ کی رقم مختص کی جاچکی ہے۔ واضح رہے کہ باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ ضلع داریل کا ضلعی ہیڈکوارٹر گماری، ضلع تانگیر کا ضلعی ہیڈکوارٹر تانگیر جگلوٹ، ضلع روندو کا ضلعی ہیڈکوارٹر ڈمبوداس اور ضلع گوپس یاسین کا ضلعی ہیڈکوارٹر گوپس میں بنایا جائے گا۔ محکمہ تعمیرات اور جی اے ڈی کو ہدایت کی گئی ہے کہ 20 دنوں میں نئے اضلاع میں جدید ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے پی سی ون متعلقہ فورمز میں جمع کرائی جائے۔ ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں ون ونڈو آپریشن کی سہولت عوام کو میسر ہوگی۔ تمام دفاتر ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں موجود ہوں گے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات میسر ہوں۔
.
وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی صوبائی حکومت نے اس سے قبل بھی چار اضلاع بنائے ہیں جو فعال ہوچکے ہیں۔ نئے بنائے جانے والے اضلاع کی قرارداد اسمبلی سے منظور ہوئی ہے جس کے بعد صوبائی کابینہ نے منظوری دی اور لینڈ رینو ایکٹ کے تحت نئے چار اضلاع کا نوٹیفکیشن کی گیا ہے۔ گلگت بلتستان میں اب 14 اضلاع بن چکے ہیں۔ نئے اضلاع کے حوالے سے درکار ترمیم کیلئے وفاقی حکومت سے بات ہوئی ہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا سیوریج کا منصوبہ گلگت کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔ صوبائی حکومت نے اپنے وسائل سے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ تعمیر کیا ہے اور مین ٹرنک کیلئے ایک ارب کے منصوبے کا ٹینڈر کیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی سابق وفاقی حکومت کا زون 2 اور3کیلئے منظور شدہ 3363.975ملین منصوبہ کا ایڈمنسٹریٹیو اپرول موجودہ وفاقی حکومت نے جاری کردیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت گلگت کے نشیبی علاقوں زون 2 اور 3میں سیوریج کا نظام مکمل کیا جائے گا۔ دریں اثناوزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے صوبائی وزیر معدنیات محمد شفیق کی ناگہانی موت پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی سیاسی، سماجی خدمات پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد شفیق انتہائی شریف النفس اور سیاسی ویژن کے حامل تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی گلگت بلتستان خصوصا اپنے حلقے سکردو مشہ بروم کے عوام کی خدمت کیلئے وقف کررکھی تھی۔ مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ شاندار الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔
.
وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے صوبائی وزیر محمد شفیق کے وفات پر ان کی بلند درجات اور لواحقین کے صبر و جمیل کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ اور آزمائش کی اس گھڑی میں حکومت گلگت بلتستان لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔اسکے علاوہ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 فروری دنیا بھر میں مظلوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے منایا جاتا ہے۔ اس دن کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد آزادی میں ان کی حمایت اور بھارتی مظالم کیخلاف اظہار یکجہتی کرنا ہے۔ ماضی میں کشمیر کی مخصوص صورتحال تھی لیکن بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مضبوضہ کشمیر کی مخصوص صورتحال کو ختم کیا اور مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاؤنی میں بدل دیا۔ مسئلہ کشمیر اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی وجہ سے گلگت بلتستان کو اب تک سیاسی حقوق نہیں ملے۔
.
وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ دنیا میں جدوجہد آزادی کی طویل ترین جدوجہد مقبوضہ کشمیر کے عوام کی ہے۔ ملک میں حکومت جس جماعت کی بھی ہو لیکن عوام 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مناتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر سے غداری کرنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ مقبوضہ کشمیر جہاد سے آزاد کرایاجاسکتا ہے۔ گلگت بلتستان صرف تقریروں سے نہیں بلکہ جدوجہد سے آزاد ہوا ہے۔ دنیا کے صرف چار ممالک کے علاوہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کیساتھ کوئی اور ملک کھڑا نہیں ہوا۔ صرف جلسوں اور تقریروں سے مقبوضہ کشمیر کو آزاد نہیں کرایا جاسکتا بلکہ جہاد کے ذریعے سے ہی کشمیر کو آزاد کرایاجاسکتا ہے۔ اگر ہم معاشی طور پر مستحکم ہوتے تو دنیا کے کئی ممالک ہمارے ساتھ کھڑے ہوتے لیکن موجودہ حکومت سے یہ کام بھی نہیں ہوا۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ مودی کی فاشسٹ سوچ نے ہندوستان کے عوام میں نفرت پھیلا دیا ہے۔ ہندوستان کے پرامن عوام سراپا احتجاج ہیں۔ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے افواج پاکستان کی قربانیوں پر سلام پیش کرتے ہوئے کہاکہ پوری قوم افواج پاکستان کیساتھ کھڑی ہے۔ وفاقی حکومت صرف تقریریں نہ کرے بلکہ اقوام عالم کو ایک مقررہ مدت دے جس کے بعد جہاد کا اعلان کرے۔ وزیر اعظم پاکستان کو بھی چاہئے کہ ملک میں یکجہتی کا ماحول پیدا کرے۔ سیاسی انتقام اور انتشار کی سیاست سے گریز کریں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, گلگت بلتستانTagged
31727