Chitral Times

Jun 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گرم چشمہ؛ کھیل کے میدان کا مسئلہ حل نہ ہوسکا، عوام سراپا احتجاج، دھرنا شروع کردیا گیا 

شیئر کریں:

گرم چشمہ؛ کھیل کے میدان کا مسئلہ حل نہ ہوسکا، عوام سراپا احتجاج، دھرنا شروع کردیا گیا

گرم چشمہ (نمائندہ چترال ٹائمز) گرم چشمہ کے غیر سیاسی تنظیم ایل ڈی ایف کے ذمہ داروں کا کہناہے کہ بہت ساری کوششوں کے باوجود اور ایک سال سے زائد عرصے تک صرف تاریخ دینے پر اکتفا کرنے والی انتظامیہ اور قیادت سے تنگ آکر گرم چشمہ کے عوام نے ایل ڈی ایف کے زیر انتظام دھرنے کا آغاز کردیا ہے۔ گرم چشمہ گراونڈ کے مسئلے کو حل کرنے کے آج دوپہر ایک بجے تک کا الٹی میٹم دیا گیا تھا مگر اس سلسلے میں ذمہ داران اب بھی خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں جس کی وجہ سے اس شدید موسم میں گرم چشمہ کے عوام غیر معینہ مدت کے لئے دھرنے کا آغاز کرچکے ہیں۔

ہمارے نمائندے سے بات کرتے ہوئے ایل ڈی ایف کے ذمہ داراوں کا کہنا تھا کہ ہمارے بچوں کے لئے یہ گراؤنڈ تازہ ہوا کی مانند ہے جس میں وہ غیر صحت مند سرگرمیوں سے بچے رہتے ہیں مگر حالیہ کچھ سالوں سے گرم چشمہ گراؤنڈ کو مسئلے کا شکار کرکے ہمارے بچوں سے ان کی واحد صحت سرگرمی کا ذریعہ چھینا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک گراؤنڈ کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل نہیں ہوگا ہم کسی صورت دھرنے کا اختتام نہیں کریں گے۔ ہم ہر قربانی دینے کو تیار ہیں تاکہ اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ کرسکیں۔

ایل ڈی ایف کے زیر انتظام ہونے والے اس احتجاجی دھرنے میں وادی لوٹ کوہ سے تعلق رکھنے والے تمام طبقات حصہ لے رہے ہیں جن میں بازار یونین، ڈرائیور یونین، بلدیاتی نمائندگان اور نوجوانان گرم چشمہ کے علاوہ عوام لوٹ کوہ بھی اس دھرنے میں برابر کے شریک ہیں۔

chitraltimes garamchashma protest for ground 2


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
88999