Chitral Times

Jul 5, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کے پی فوڈ اتھارٹی کا بیس مارچ سے کھلے مصالحہ جات کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان،

Posted on
شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ ) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے بیس مارچ سے کھلے مصالحوں کی خریدوفروخت پر پابندی کا اعلان کرتے ہوئے بعد از تاریخ کریک ڈاون کی تیاری مکمل کرلی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل کے پی فوڈ اتھارٹی ریاض خان محسود کا کہنا ہے کہ پچھلے سال بیس مارچ کو اتھارٹی کے سائنٹیفک کمیٹی نے کھلے مصالحوں پر پابندی کیلئے ایک سال کا گریس پیڑیڈ تجویز کیا تھا جو کہ بیس مارچ کو ختم ہورہا ہے جبکہ ایک سال کے دوران مصالحوں کے کاروبار سے وابستہ افراد کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران کئی دفعہ ان کو متنبیہ کیا گیا ہے کہ کھلے مصالحوں کی فروخت جلد سے جلد ختم کیجائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کے پی فوڈ اتھارٹی نے ایک سال کے دوران مصالحہ جات پر مختلف کاروائیوں کے دوران لکڑی کا بْر اور چوکر کی وافر مقدار پکڑی ہے جو کہ مصالحوں میں ملاوٹ کے طور پر استعمال کیجاتی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کے پی فوڈ اتھارٹی عوام کی صحت کی ضامن ہے اور عوام کو ہرگز چوکر کھانے نہیں دینگے۔
ڈائریکٹر ٹیکنیکل کے پی فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر عبدالستار کا کہنا تھا کہ کھلے مصالحہ جات میں ایفلاٹاکسین پایا جاتا ہے جو کہ کینسر کا سبب بنتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کھلے مصالحہ جات پر موسمی اثرات جلدی مرتب ہوتے ہیں اور کھلی فضا سے مضر صحت اشیا کی امیزش کا خطرہ بھی رہتا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کھلے مصالحہ جات میں اگر کوئی مسئلہ واقع ہوجائے تو حکام کیلئے پتہ لگانا مشکل ہوجاتا ہے کہ یہ مصالحے کس کمپنی کے ہیں اور ان کا نام پتہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ تاجروں کو چاہئیے کہ مجوزہ مشینری کا اہتمام کرکے پیکنگ متعارف کرے تاکہ کریک ڈاون کے دوران ان کا روزگار متاثر نہ ہو۔
کے پی فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر آپریشن خالد خان خٹک کا کہنا ہے کہ کھلے مصالحہ جات کیخلاف کریک ڈاون کیلئے تمام ترتیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور ٹیموں کو ٹاسک بھی دے دےئے گئے ہیں اور پشاور کے چاروں ٹاؤن میں کھلے مصالحوں کی خریدوفروخت کیخلاف کارروائی متعلقہ تاریخ کے بعد عمل میں لائی جائیگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پشاور کی طرح صوبے کے دیگر اضلاع میں یہ کریک ڈاون یکساں اور موثر طریقے سے جاری رہے گا اور جب تک مصالحوں کی پیکنگ کو یقینی نہیں بنایا جاتا کریک ڈاون جاری رہے گا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوامی اعتماد کو حاصل کرنے کیلئے فوڈ اتھارٹی کے فیس بک پیج پر چھ دن آن لائن سروے بھی کیا گیا جس کے دوران تقریباً ستر فیصد لوگوں نے کھلے مصالحہ جات پرپابندی کی حمایت کی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
19500