Chitral Times

Jun 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کورونا ویکسینیشن کے عمل کو مزید تیز کیا جائے، 12 سال سے زائد عمر کے بچوں اور طلبہ کی ویکسینیشن حکومت کی ترجیح ہے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا

شیئر کریں:

محکمہ صحت ود یگر متعلقہ انتظامیہ ویکسینیشن کا سلسلہ تیز کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔ ڈاکٹر شہزاد بنگش


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد بنگش کی زیر صدارت کورونا ویکسینیشین مہم سے متعلق گزشتہ روز اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ صحت محمد طاہر اورکزئی، فوکل پرسن برائے این سی او سی شاہ فہد مہمند، ڈائریکٹر جنرل محکمہ صحت و دیگراعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ صحت کی جانب سے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو کورونا وباء کے خلاف جاری ویکسینیشن مہم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری صحت طاہر اورکزئی نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ صوبے بھر کے سرکاری ملازمین کو مذکورہ ویکسین لگوائی جا چکی ہے جبکہ عام لوگوں کی ویکسینشن کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت خیبرپختونخوا نے کورونا وباء اور پولیو سمیت دیگر اہم چیلنجز کا بھرپور طریقے مقابلہ کیا ہے اور موجودہ حالات میں بھی تمام سرکاری و نیم سرکاری ادارے عوام کے تعاون سے مختلف چیلنجز کامقابلہ کررہے ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ صحت نے شرکاء کو بتایا کہ ماہ دسمبر تک جاری ویکسینیشن مہم کے ذریعے تین ملین شہریوں کی ویکسینیشن مکمل ہوجائے گی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد بنگش نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ویکسینیشن کے عمل کو مزید تیز کیا جائیں، 12 سال سے زائد عمر کے بچوں اور طلبہ کی ویکسینیشن حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اس ضمن میں محکمہ صحت و یگر متعلقہ انتظامیہ ویکسینیشن کا سلسلہ تیز کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسینیشن ریجیم کے تحت مختلف سہولیات کے حصول کو ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کے ساتھ مشروط کیا جائے۔ تمام ضلعی افسران ویکسینیشن مہم کی کامیابی کیلئے محکمہ صحت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔سیکرٹری صحت نے ویکسینیٹرز کے حوالے سے بتایا کہ صوبے میں ویکسینیشن مہم میں تیزی لانے اور کامیابی سے مکمل کرنے کیلئے 1298 ویکسینیٹرز ہائیر کئے گئے ہیں۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ویکسینیشن مہم تیز کی جائے اور جو ادارے ویکسینیشن سے انکاری ہو ں ان کو سیل کرکے قانونی کاروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کی تعیناتی کارکردگی کی بنیاد پر ہوگی۔ محکمہ صحت کو ہدایات جاری کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ کورونا وباء سے متاثرہ علاقوں کیلئے لائحہ عمل تیار کیا جائے جس پر ڈائریکٹر جنرل صحت نے کہا کہ صوبے میں جہاں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آتے ہیں وہاں سمارٹ لاک ڈاون لگایا جارہا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ دیگر ضروری اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
55375