Chitral Times

Jun 30, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کورونا وباء سے بچاؤ کیلئےہرمسافرکی سکریننگ کی جارہی ہے. وزیرصحت سلیم جھگڑا

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور سیلم جھگڑا نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کو کورونا وباء سے بچانے کے لیے صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اپنے ٹوئٹر پیغامات میں انہوں نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے خصوصی طور ہدایت کی ہے کہ افسران پر مشتمل ایک ایسی ٹیم تشکیل دی جائے جو کہ روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لے اور انہیں مزید موثر بنائے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے کے ائیرپورٹ اور داخلی راستوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ سرحدی علاقوں میں موجود بارڈر کراسنگز پر میڈیکل ٹیمیں تعینات ہیں جو کہ ہر مسافر کی سکریننگ کو یقینی بنا رہی ہیں۔ باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اور معاون عملہ پر مشتمل 31 رکنی ٹیم 24 گھنٹے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ یقینی بنا رہی ہے۔ اسی طرح طورخم بارڈر سمیت دیگر بارڈرز کراسنگز پر بھی خصوصی میڈیکل ٹیمیں موجود ہیں۔ وزیر صحت کا کہنا تھا کہ صوبے کے سرکاری و نجی ہسپتالوں میں ہزار کے قریب آئسولیش بیڈز بھی مختص کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ بیشتر مریض اپنے آپ صحت یاب ہو جاتے ہیں۔ وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے عوام الناس سے استدعا کی کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حفظان صحت کے اصول اپنانے کے ساتھ ساتھ دن میں کئی بار ہاتھ دھوئیں۔ اسی طرح وباء کے پھیلاؤ کے دوران اپنا اوردوسروں کا خیال رکھنے کے حوالے سے اقدامات سے آگاہی حاصل کریں۔ تیمور سلیم جھگڑا نے اس بات پر زور دیا کہ صوبائی حکومت صوبے کے عوام کو کورونا وباء سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
32495