Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کوئی غیرملکی سیاسی سرگرمیوں میں ملوث پایا تو ڈی پورٹ کردیں گے، نگراں وزیر داخلہ

Posted on
شیئر کریں:

کوئی غیرملکی سیاسی سرگرمیوں میں ملوث پایا تو ڈی پورٹ کردیں گے، نگراں وزیر داخلہ

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے غیرملکیوں کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا، فی الوقت دس غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ کررہے ہیں، کسی غیرملکی کو سیاست میں آنے کی اجازت نہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں ں ے کہا کہ اب تک دو لاکھ سے زائد افراد ملک سے جاچکے ہیں، 90 فیصد لوگ رضاکارانہ طور پر واپس جارہے ہیں، افغان شہری پاکستان میں کسی قسم کی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے اسی لیے دس افراد کو سیاسی سرگرمیوں کے سبب ملک سے ڈی پورٹ کررہے ہیں، کوئی بھی غیر ملکی جو ویزے پر پاکستان آیا ہو وہ سیاسی گرمی میں حصہ نہیں لے سکتا اگر کسی نے قانون کی خلاف ورزی کی تو وہ فوری طور پر ڈی پورٹ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کے لیے سیکیورٹی فراہم کریں گے، سیاسی رہنما جلسے جلوسوں میں شہریوں کے درمیان آتے ہیں سیاسی رہنماؤں کو روک بھی نہیں سکتے، ماضی میں پاکستان میں متعدد سیاسی رہنماؤں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، الیکشن کے موقع پر تھریٹ عمومی طور پرموجود ہوتے ہیں اور مولانا فضل الرحمن کے حوالے سے دھمکیاں ملی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک دن ہارڈ اسٹیٹ بننا ہے ہم کب تک سافٹ ریاست رہیں گے، نادرا کو صحیح معنوں میں نیشنل سیکیورٹی کا ادارہ بننا ہے۔

 

توشہ خانے کی نا اہلی ختم ہونے تک نیا چیئرمین پی ٹی آئی منتخب کیا ہے: بیرسٹر علی ظفر

لاہور(سی ایم لنکس)بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ توشہ خانے کی نا اہلی ختم ہونے تک ہم نے نیا چیئرمین منتخب کیا ہے۔لاہور ہائی کورٹ کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نااہلی ختم ہونے پر جنرل الیکشن بھی لڑیں گے، ان کی نااہلی کا نوٹیفکیشن غیر آئینی ہے۔بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ اگر بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو الیکشن سے روکا گیا تو ہم چیلنج کریں گے، بے شک کاغذی نوٹیفکیشن ہے لیکن ہمیں چیلنج تو کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ایسا لگے کہ کوئی حلقہ قانون کے خلاف ہے تو اس کو ہم چیلنج کریں گے، انٹرا پارٹی الیکشن کا آرڈر غیر آئینی اور غیر قانونی تھا۔بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ فیصلہ مانتے ہوئے الیکشن کروائے، چیلنج کرنا ہمارا حق ہے، لارجر بینچ کے پاس اب 3 آرڈر زیرِ سماعت ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق کیس دائر نہیں کیا، کسی وکیل نے از خود انٹرا پارٹی الیکشن معاملے کو اسلام آباد میں چیلنج کیا ہے۔

 

سپریم کورٹ: غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی بے دخلی کا کیس سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد(سی ایم لنکس)سپریم کورٹ میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی بے دخلی کا کیس سماعت کے لیے مقرر ہو گیا۔جسٹس سردار طارق کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 13 دسمبر کو کیس کی سماعت کرے گا۔جسٹس یحیٰ آفریدی اور جسٹس عائشہ ملک سپریم کورٹ کی بینچ کا حصہ ہوں گے۔اس حوالے سے سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل، وزارتِ خارجہ اور ایپکس کمیٹی کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
82773