Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کمراٹ سنو فیسٹیول14 مارچ کو منعقد کرنے کا فیصلہ، دوروزہ فیسٹول میں مختلف کھیل شامل

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ) ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخواکے تعاون، ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس دیر اپر کے زیراہتمام کمراٹ سنو فیسٹیول 14مارچ کو وادی دیر اپر کے حسین و پرفضا مقام کمراٹ میں منعقد ہو گا، دو روزہ کمراٹ سنو فیسٹیول کی اختتامی تقریب 15 مارچ کو ہوگی، فیسٹیول میں سنو ریسلنگ، سنوآرٹ، گھوڑا ریس، سنو ریس، سنو بال فائٹنگ، سنو کلچرل لائٹنگ، سنو رگبی، جیپ ریس، پتنگ بازی، کلرز مقابلے، سکیٹنگ اور پینٹنگ سمیت مختلف مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ ان سب کے علاوہ سیاحوں کو ایونٹ میں محظوظ رکھنے کیلئے مقامی موسیقی، ثقافتی رقص، ثقافتی فیشن شوبھی فیسٹیول کا حصہ ہو گا، منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا جنید خان کے مطابق وادی کمراٹ خیبرپختونخوا کی حسین وادیوں میں سے ہے اور وزیراعظم عمران خان کے دورہ کمراٹ کے بعد سیاحوں نے گزشتہ کئی سالوں سے اس حسین وادی کا رخ کیا ہے، کمراٹ سنو فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد اس حسین وادی کی رونمائی اور سیاحت کو فروغ دینا ہے تاکہ موسم گرما کے علاوہ موسم سرما میں بھی اس پرفضا وادی کا رخ کریں، ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا نے موسم سرما میں صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات پر نیشنل اور انٹرنیشنل سطح کے ایونٹس منعقد کئے جس میں نہ صرف سیاح شریک ہوئے بلکہ بین الاقوامی کھلاڑیوں نے بھی سکینگ، سنوبورڈنگ، زیپ لائننگ، میراتھن ریس سمیت مختلف ایونٹس میں حصہ لیا، ان ایونٹس کے انعقاد سے ملک بھر سے سیاحوں نے گلیات، ملاکنڈ ڈویژن میں سوات، مالم جبہ، چترال اور مداک لشٹ کی حسین وادی کا رخ کیا، انہوں نے کہاکہ آنے والے سیزن میں بھی مختلف اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی، ان کی آگاہی اور سیاحتی مقامات کی صفائی کو برقرار رکھنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائینگے تا کہ باآسانی بغیر کسی مشکل کے خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات کا رخ کریں اور ان کی سیر و تفریح سے لطف اندوز ہو سکیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
32858