Chitral Times

Jul 5, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کالاش سمیت اقلیتی کمیونٹی کے مذہبی عبادت گاہوں اور تہواروں کیلئے ضروری سامان فراہم کیا۔وزیرزادہ

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیراعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوامی خدمت سے سرشار ہے، پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، ان کی ترقی اور خوشحالی ہمارے منشور کا حصہ ہے۔ اقلیتوں کی ضروریات پوری کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ایڈمنسٹریٹر اوقاف جمال الدین کے دفتر میں صو بہ بھر کے اقلیتی کمیونٹی کے مذہبی عبادت گاہوں اور مختلف تہواروں کے لئے ضروری ساز وسامان کی تقسیم کے موقع پر کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اقلیتی کمیونٹی مذہبی عبادت گاہوں کے لئے سامان 40 لاکھ روپے کے خطیر رقم سے فراہم کیا گیا ہے، جس میں گرجا گھروں، مندروں اور کیلاش کمیونٹی کے تہواروں کے لئے ضروری سامان شامل ہے۔ ضروری سامان میں گرجا گھروں اور مندروں کے لئے ائرکنڈیشز، ساؤنڈ سسٹمز، اور دیگر کراکری شامل ہیں۔ اسی طرح کیلاش کمیونٹی کے تہواروں کے لئے بھی مختلف کراکری کا سامان تقسیم کیا گیا ہے، جس سے کیلاش کمیونٹی کو تہوار منعقد کرنے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر وزیر زادہ نے کہا کہ اقلیتی کمیونٹی کو پاکستان میں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، موجودہ صوبائی حکومت اقلیتوں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی قیادت میں محکمہ اقلیتی امور اقلیتوں کو ہر ممکن ریلیف دینے کے لیے کوشاں ہے۔اس موقع پر ایم پی اے روی کمار، ایڈمنسٹریٹر اوقاف جمال الدین ودیگر بھی موجود تھے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
46480