Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کاروباری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والی خواتین کو آگے بڑھنے کے بھر پور مواقع دینا چاہتے ہیں، سرتاج احمد خان

شیئر کریں:

کاروباری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والی خواتین کو آگے بڑھنے کے بھر پور مواقع دینا چاہتے ہیں، سرتاج احمد خان

کاروبار کرنے والی اور اس میں آنے والی خواتین کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے کئی ایک منصوبے ہیں جن سے وہ فائدہ اٹھا سکتی ہیں،سینیئر آفیسر سٹیٹ بنک آف پاکستان عبداللہ آفریدی

ایف پی سی سی آئی اور سٹیٹ بنک آف پاکستان نے صنفی برابری اور خواتین انٹراپینیورز کو آسان اقساط پر قرضوں کی فراہمی سے متعلق آگاہی ورکشاپس کا سلسلہ شروع کردیا ہے، خیبر پختونخوا آئی ٹی بورڈ بھی صنفی برابری اور خواتین کی ترقی کے لیے بھر پور ساتھ دیگا، سیکرٹری کے پی آئی ٹی بورڈ محمد خالد

پشاور ( نمایندہ چترال ٹایمز) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری خیبر پختونخوا ریجن، سٹیٹ بنک آف پاکستان اور خیبر پختونخوا آئی ٹی بورڈ نے کاروبار سے منسلک اور اس میں کام شروع کرنے والی خواتین کے لیے آسان اقساط پر قرضوں کے حصول، حکومتی منصوبوں اور مستقبل میں مکمل تعاون کے لیے آگاہی ورکشاپس کا سلسلہ شروع کردیا ہے جسے خواتین کی جانب سے پزیرائی ملنے کے ساتھ ساتھ اسے وقت کی اہم ضرورت قرار دیا گیا ہے، ایف پی سی سی آئی کے مطابق ملکی ترقی کے لیے خواتین کو مضبوط کرنے سے معیشت کی مضبوطی یقینی بنائی جاسکے گی۔

 

اس حوالے سے گزشتہ روز ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس پشاور میں ایک تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں ایف پی سی سی آئی کے ریجنل کوآرڈینیٹر سرتاج احمد خان، سٹیٹ بنک آف پاکستان کے سینیئر آفیسر عبداللہ آفریدی، سیکرٹری کے پی آئی ٹی بورڈ محمد خالد، ایم ڈی کے پی آئی ٹی بورڈ، سٹاک ایکسچینج کے نمائندہ گان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سمیت مختلف کاروبار سے وابستہ خواتین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان بینکنگ آن ایکویلیٹی اویرنس سیشن فار ویمن لیڈ بزنس، پی ایم یوتھ لون کے نام سے منعقد ہونے والی اس ورکشاپ میں ان تمام پہلووں سے خواتین کو آگاہ کیا گیا جن کے ذریعے وہ موئثر بنکنگ نظام کا حصہ بنتے ہوئے اپنے کاروبار کو مذید وسعت اور کامیابی دے سکتی ہیں۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان کی جانب سے موجود سینیئر آفیسر عبداللہ آفریدی نے خواتین کو بتایا کہ ملک بھر کے بینکوں میں حکومتی پالیسی کے تحت خواتین کی موئثر نمائندگی کو یقینی بنانے کے منصوبے پر کام جاری ہے جس کے تحت سٹیٹ بنک نے بارش کا پہلا قطرہ بنتے ہوئے اس پالیسی کو مکمل طور پر اپنایا ہے اور ملک کے دیگر بینکس میں بھی اب آپ کو مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بینکرز کی بھی ایک واضح تعداد کام کرتی نظر آئیگی۔

chitraltimes fpcci organizes seminar for bussiness woman

انہوں نے تفصیلی طور پر بات کرتے ہوئے کاروبار سے منسلک خواتین کو واضح کیا کہ حکومت پاکستان کی پالیسیز کے تحت ملک میں کاروباری خواتین کی ترقی کے لیے اور ان کے کاروبار میں آسانی پیدا کرنے کے لیے لاکھوں روپوں سے لے کر کروڑوں روپوں تک کے آسان اقساط کے قرضوں کی سکیمز جاری کی گئیں ہیں جن سے انہیں فائدہ اٹھانا چاہیے۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان اور اس پالیسی پر کام کرنے والے ملک کے دیگر بینک تین مختلف کیٹگریز میں کاروبار کی نوعیت کے مطابق نہ صرف آسان اقساط پر قرضوں کی فراہمی کو یقینی بناتے ہیں بلکہ سٹارٹ اپ کے طور پر لیے جانے والے پانچ لاکھ روپے تک کے قرضے بلاسود فراہم کیے جاتے ہیں۔ سیشن میں خواتین کو سٹاک ایکسچینج کے حوالے سے بھی ضروری معلومات فراہم کی گئیں اور بتایا گیا کہ وہ کس طرح اس میں اپنا حصہ ڈال سکتی ہیں اور کاروباری دنیا میں جدت سے فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

 

ورکشاپ کے دوران سیکرٹری کے پی آئی ٹی بورڈ اور ایم ڈی کے پی آئی ٹی بورڈ نے نہ صرف ایف پی سی سی آئی کی اس کاوش کو سراہا بلکہ اپنی جانب سے ایسی خواتین کے لیے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کو بھی کاروبار کی دنیا میں ترقی سے ہمکنار کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ ورکشاپ کے اختتام پر بات کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے کوآرڈینیٹر سرتاج احمد خان نے کہا کہ فیڈریشن آف پاکستان ہمیشہ سے صنعت و حرفت کی ترقی کے لیے کوشاں رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ ملک میں مردوں کے شانہ بہ شانہ عملی میدان میں معیشت کی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے والی خواتین کو بھی ان کے کاروبار میں اور ماحول میں سہولیات فراہم کرنے کے لیے گاہے بہ گاہے آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ معاشرے کا اہم حصہ جو کہ خواتین ہیں وہ اپنے اعتماد اور استعداد میں اضافے کو محسوس کرتے ہوئے مذید فعال طریقے سے اپنی صلاحیتوں کو برائے کار لاتے ہوئے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

chitraltimes fpcci organizes seminar for bussiness woman 4


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
69696