Chitral Times

Jun 30, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ڈینگی وائرس پرقابوپانے کیلئے تمام محکموں‌کو مشترکہ طورپرکام کرنا ہوگا..ڈائریکٹرجنرل ہیلتھ سروسز

Posted on
شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) ڈینگی کی بیماری پرقابوپانے کے سلسلے میں متعلقہ محکموں کے فوکل پرسنز کا اجلاس ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا کی زیرصدارت محکمہ صحت کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈینگی کے مرض کوکنٹرول کرنے کے لئے تمام محکموں کے مشترکہ طورپر کام کرنے کی ضرورت پر زوردیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ نے محکمہ صحت کی طرف سے ڈینگی کی روک تھام کیلئے اب تک اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا ۔انہوں نے لائن ڈیپارٹمنٹس کی ذمہ داریوں پر بھی روشنی ڈالی ۔اس موقع پر لائن ڈیپارٹمنٹس کے نمائندوں نے ڈینگی کی روک تھام کے سلسلے میں اپنے مجوزہ کردار،اہداف اورشروع کردہ اقدامات کے بارے میں اجلاس کو تفصیل سے اگا ہ کیا۔ محکمہ اوقاف کے نمائندوں نے بتایا کے اس کے زیر کنٹرول مساجد کو نماز جمعہ میں ڈینگی کے حوالے سے خصوصی پیغام دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسی طرح مذہبی رہنماؤں کا کنونشن بھی جلد ہی منعقد کیا جائے گا ۔اجلاس میں ہیلتھ ٹیموں کی جیلوں تک رسائی کے معاملے پر بات چیت بھی کی گئی۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ محکمہ داخلہ جیلوں کی صفائی اورینٹیشن سیشن کے انعقاد کے لئے ایس ایچ اوز کو ہدایات دے گا۔محکمہ آبپاشی کو ڈینگی کے تمام ممکنہ بریڈنگ مقامات کے خاتمے کاٹاسک دیاگیا۔ محکمہ صنعت بڑی بڑی صنعتوں کے مانیٹرنگ دورے کرنے اور صنعتوں کو ہدایات جاری کرے گا۔ محکمہ بلدیات کے نمائندوں نے بتایا کہ انہوں نے شہر کی صفائی کی مہم کے تین ماہ پلان پر عمل شروع کردیاہے جو ڈینگی کی روک تھام کی کوششوں کو آگے بڑھائے گا۔ محکمہ منصوبہ سازی وترقیات کو کہاگیا کہ وہ تمام محکموں کے ڈینگی کی روک تھام اور بچاؤ کی متعلقہ سکیموں کے لئے فنڈز کی دستیابی یقینی بنائے۔ اجلاس کو بتایا گیاکہ اگر محکمہ آبادی کے کسی کلینک میں ڈینگی کامشتبہ کیس پایا گیا تو اسے متعلقہ ڈی ایچ او کوفوری طورپر رپورٹ کیا جائے گا۔محکمہ ریونیو اوراسٹیٹ سے کہا گیا کہ وہ قفل لگے گھروں کے معائنہ اور ضروری کارروائی کے بارے ایک پلان تیار کرے۔ محکمہ سپورٹس وکلچر کے ڈسٹرکٹ سپورٹس افسران سے کہا گیا کہ وہ ڈینگی کے بارے میںآگاہی سیشن کاانعقاد کریں ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ انڈر 23 گیمز شروع ہوگئے ہیں جہاں ڈینگی کی روک تھام کے بارے میںآگاہی دی جارہی ہے ۔محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے نمائندوں نے اجلاس کو بتایا کہ سکولوں میں آگاہی سیشن منعقد کیے جاتے ہیں۔ سکولوں میں ڈینگی کی روک تھام کے لئے کمیٹیوں کااعلامیہ جاری کیاگیا ہے ۔اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ سکولوں میں بچے پوری آستینوں والے کپڑے پہنیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سکولوں اورکالجوں میں تمام سطح پر نصاب پر غور کے لئے محکمہ ایلیمینٹری اورہائیر ایجوکیشن کے ساتھ علیحدہ علیحدہ اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریں, گلگت بلتستانTagged
9762