Chitral Times

Jun 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو خیبر پختونخوا 9 اکتوبر کو کھلی کچہری  میں جرائم میں ملوث افراد کے خلاف شکایات سنیں گے، ہرخاص و عام کو شرکت کی دعوت 

Posted on
شیئر کریں:

ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو خیبر پختونخوا 9 اکتوبر کو کھلی کچہری  میں جرائم میں ملوث افراد کے خلاف شکایات سنیں گے، ہرخاص و عام کو شرکت کی دعوت

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو خیبر پختونخوا 9 اکتوبر 2023 بروز پیر کو نیب آفس پشاور میں کھلی کچہری کا انعقاد کریں گے۔ ڈائریکٹر جنرل قومی احتساب بیورو خیبر پختون خوا میاں محمد وقار9 اکتوبر بروز پیر دوپہر 2 بجے سے 4 بجے تک عوام کی شکایات دفتر قومی احتساب یورو خیبر پختونخوا واقع پی ڈی اے کمپلیکس فیز 5 حیات آباد پشاور میں براہ راست سنیں گے اس موقع پر تمام متعلقہ افسران بھی ڈائریکٹر جنرل کے ہمراہ ہوں گے۔ قومی احتساب بیورو خیبر پختونخوا کے اعلامیے کے مطابق اگر کسی سرکاری اہلکار نے جان بوجھ کر ناجائز طریقے سے کسی شخص کو سرکاری خزانے سے فائدہ پہنچایا ہو یا سرکاری خزانے کو نقصان پہنچا یا ہو یاآمدنی سے زائد آ ثاثہ جات بنائے ہوں،سرکاری منصوبوں کے ٹھیکے مروجہ قوانین کے مطابق نہ دیے ہوں یا جس نے عوام الناس سے دھوکہ دہی اور منافع کا لالچ دے کر رقم وصول کر کے خرد برد کر لی ہو، کوئی ادارہ یا سوسائٹی جو عوام الناس کو پلاٹ دینے کے لیے منصوبے بنائے اور رقم لے کر خرد برد کرے تو ایسے تمام جرائم میں ملوث افراد کے خلاف شکایات سنیں گے، شکایت کنندہ کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی شکایت تحریری شکل میں ہمراہ شناختی کارڈ کی کاپی اور ابتدائی ثبوتوں (کاغذات وغیرہ) کے ساتھ نیب آفس پشاور تشریف لائے، ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ تمام شکایات پر تحقیقات انتہائی شفاف طریقے سے ہوں گی اور ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی، مزید برا ں اگر کسی کو نیب کے افسران کے خلاف کوئی شکایت ہو تو وہ بھی کھلی کچہری میں پیش کی جا سکتی ہے، واضح رہے کہ چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد نے عوام کو رسائی دینے کے لیے عوامی شکایات خود سننے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں تمام ریجنل ڈائریکٹر جنرلز کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ بھی عوامی شکایات خود سنیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
79942