Chitral Times

Jul 5, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چیف سیکرٹری کے زیرصدارت اجلاس، کورونا ویکسینشن، احساس راشن پروگرام اورکھاد سے متعلق بریفنگ

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کی زیر صدارت ایک اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کورونا ویکسینیشن، احساس راشن پروگرام اور کھادوں سے متعلق چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا و دیگر شرکاء کو بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سیکرٹری محکمہ صحت و دیگر حکام، ڈائریکٹر پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ، کوآرڈینیٹر ای او سی، احساس راشن پروگرام کے حکام سمیت تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ کورونا ویکسین کے اہداف کے حصول کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ ویکسینیشن کی دوسری خوراک کے 70 فیصد اہداف حاصل کر لئے گئے ہیں اور مزید ویکسینیشن جاری ہے۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے محکمہ صحت اور تمام ضلعی افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں ویکسینیشن کی پہلی اور دوسری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے سمیت ویکسین کے اہداف کے حصول میں تیزی لائی جائے۔اجلاس کے دوران بالائی اضلاع کے ضلعی افسران نے کہا کہ سردی کے موسم میں زیادہ تر لوگ میدانی علاقوں میں نقل مکانی کرتے ہیں جس کی وجہ سے ویکسینیشن مہم میں کمی آسکتی ہے جس پر میدانی اضلاع کے افسران کو بتایا گیا کہ متعلقہ افراد کی ویکسینیشن کو یقینی بنانے کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔

مزید براں احساس راشن پروگرام سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں کریانہ سٹورز کی نشاندہی اور رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر 20 کریانہ سٹورز رجسٹر کئے جائیں۔ انہوں نے زیادہ آبادی والے علاقوں سے متعلق اجلاس کو بتایا کہ جن اضلاع میں آبادی زیادہ ہے وہاں رجسٹریشن زیادہ کی جائے۔ اس موقع پر احساس راشن پروگرام کے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ دوردراز اور کم آمدنی والے علاقوں میں کریانہ سٹورز کی رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کے وقت دکاندار کے پاس انڈرائیڈ موبائل اور انٹرنیٹ کی سہولت کو بھی یقینی بنایا جائے۔ رجسٹرڈ کریانہ سٹورز کے سامنے بورڈز آویزاں کئے جائیں تاکہ عام عوام کو رجسٹرڈ دکان معلوم کرنے میں آسانی ہو۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رجسٹریشن سے متعلق انجمن تاجران سے بھی ملاقات کریں اور احساس راشن پروگرام سے متعلق آگہی مہم بھی بھی چلایا جائے۔ کھادوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبرپختونخو نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ کھاد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ کھادوں کی ذخیرہ اندوزی سے مارکیٹ میں کھاد غائب ہوجاتی ہیں جس کی وجہ سے کاشتکاروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کھادوں کی سرکاری قیمت پر خرید و فروخت یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات بھی اٹھائے جائیں۔ اجلاس کے کے دوران اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ کھادوں کی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے بھی اقدامات اٹھائے جائیں جس پر ڈائریکٹر پی ایم آر یو نے کہا کہ صوبے بھر میں سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی وغیرہ کی روک تھام سے متعلق کاروائیاں جاری ہیں اور ایک رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں کل 1149 فرٹیلائزر ڈیلرز چیک کئے گئے ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
56685