Chitral Times

Jun 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چیف جسٹس کی مدت ملازمت میں توسیع شرمناک اور قابلِ مذمت ہے، ترجمان پی ٹی آئی

Posted on
شیئر کریں:

چیف جسٹس کی مدت ملازمت میں توسیع شرمناک اور قابلِ مذمت ہے، ترجمان پی ٹی آئی

اسلام آباد(سی ایم لنکس)ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کی مدت ملازمت میں توسیع شرم ناک اور قابلِ مذمت ہے۔ججز تقرری آئینی ترامیم پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک میں اداروں کی جو تباہی ہو رہی ہے، ججز تقرری آئینی ترامیم اسی روایت کا تسلسل ہے۔ حکومت نے پچھلے 2 برس میں ہر وہ فیصلہ کیا ہے جس سے آئین و قانون کی بالادستی کو نقصان پہنچتا ہے اور ادارے کمزور ہوتے ہیں۔مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں ترجمان نے مزید کہا کہ موجودہ حکمران اداروں کو اس لیے کمزور کرتے ہیں تاکہ اپنے غیر قانونی اور غیر آئینی ایجنڈے کو آگے بڑھا سکیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے اپنی مدت ملازمت کے پورے عرصے کے دوران بطور چیف جسٹس جو طرزِ عمل اختیار کیا ہے وہ آئین و قانون کے حوالے سے نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ترجمان کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے آئین و قانون کی بالادستی پر سمجھوتا کر کہ اپنے منصب کی وقعت کو کم کیا ہے۔ قاضی فائز عیسیٰ نے عدلیہ کی آزادی میں ماورائے دستور اور ماورائے جمہوریت قوتوں کا دروازہ کھولا ہے، جس کے بھیانک اثرات دوررس ہوں گے۔ قوم یہ سمجھ رہی ہے کہ کس طرح ایک جمہوری پارٹی سے بلے کا نشان چھیننے اور اس کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے میں سہولت کاری کی گئی ہے جس کا معاوضہ چیف جسٹس صاحب کو ایک ایکسٹینشن کی صورت میں مل رہا ہے۔پی ٹی آئی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس کی مدت ملازمت میں توسیع نہایت شرمناک اور قابلِ مذمت ہے۔ پاکستان کا دستور ایسے کسی بھی مخصوص شخص کے لیے آئین میں ترامیم کی اجازت نہیں دیتا،قانون سازی ہمیشہ ان موضاعات پر کی جاتی ہے جہاں اجتماعی مفاد ہو۔ پی ٹی آئی اس ترامیم کی ہر قانونی اور جمہورتی طریقے سے مخالفت کرے گی اور اس کا راستہ پارلیمان میں بھی روکے گی۔

 

وزیر اعظم شہباز شریف سے گندم اسیکنڈل تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ کی ملاقات

اسلام آباد(سی ایم لنکس)وزیر اعظم شہبازشریف سے گندم اسیکنڈل تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ کامران علی افضل نے ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے سربراہ تحقیقاتی کمیٹی کو پیر تک حتمی رپورٹ سیکریٹری کابینہ کو پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔وزیر اعظم نے سربراہ تحقیقاتی کمیٹی کو گندم درآمد معاملے کی شفاف تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دستیاب ریکارڈ اور دستاویزات سامنے رکھ کر سفارشات مرتب کریں۔انہوں نے کہا کہ ذمے داروں کا بلاتفریق واضح تعین کر کے بتایا جائے۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
88354