Chitral Times

Jun 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چیئرمین پی ٹی آئی کے بغیر بھی الیکشن ہوسکتے ہیں، نگراں وزیراعظم

شیئر کریں:

چیئرمین پی ٹی آئی کے بغیر بھی الیکشن ہوسکتے ہیں، نگراں وزیراعظم

نیویارک(چترال ٹایمزرپورٹ)نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ان کے قید ساتھیوں کے بغیر بھی عام انتخابات ہو سکتے ہیں۔نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے دورہ امریکا کے دوران غیر ملکی خبر رساں ادارے ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ چیئرمین پی ٹی ا?ئی اور ان کی جماعت کے ان سینکڑوں کارکنوں کے بغیر بھی منصافانہ انتخابات ہو سکتے ہیں جو توڑ پھوڑ اورغیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی وجہ سے جیل میں ہیں۔انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ انتخابات نئے سال میں ہی ہوں گے جبکہ انتخابات میں فوجی مداخلت کی بات درست نہیں، عام انتخابات سے فوج کا کوئی تعلق نہیں۔نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ووٹنگ کرانے کی ذمے داری الیکشن کمیشن کی ہے جبکہ الیکشن کمیشن کا موجودہ سربراہ چیئرمین پی ٹی آئی کا ہی مقرر کردہ ہے تو وہ کیوں ان کی مخالفت کریں گے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کسی سے ذاتی انتقام نہیں لیا جا رہا، قانون کیمطابق کارروائی ہوگی، چیئرمین پی ٹی آئی ہو یا کوئی اور سیاست دان قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔اس سے قبل امریکی ٹی وی سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ انتخابات وقت پر ہونے کا یقین ہے اور الیکشن پر اثر انداز ہونے والوں سے قانون کے مطابق نپٹا جائے گا۔نگراں وزیراعظم نے یہ بھی کہا تھا کہ حکومت کسی سیاسی انجینئرنگ کی پشت پناہی نہیں کرے گی اور نئی حلقہ بندیوں کا عمل الیکشن سے پہلے مکمل ہو جائے گا۔

 

عمران خان کے بغیر کوئی بھی الیکشن غیرآئینی ہوگا، تحریک انصاف

اسلام آباد(سی ایم لنکس)نگران وزیراعظم کے چیئرمین عمران خان کے بغیر منصفانہ انتخابات کے حوالے سے بیان پر پاکستان تحریک انصاف نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ نگران وزیراعظم کا بیان آئین و جمہوریت اور ملکی مفادات کے حوالے سے ریاستی ڈھانچے میں پائی جانے والی عدم حساسیت کا مظہر ہے، تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور عمران خان مقبول ترین سیاسی قائد ہیں، نگران وزیراعظم کو معلوم ہونا چاہئے کہ عمران خان یا تحریک انصاف کی شمولیت کے بغیر کروایا گیا کوئی بھی الیکشن غیرآئینی، غیرقانونی اور غیراخلاقی ہوگا جسے عوام ہرگز قبول نہیں کریں گے۔ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ غیرمعمولی عوامی تائید کی حامل سیاسی قیادت اور جماعتوں کو مصنوعی، غیرجمہوری اور غیرآئینی طریقوں سے انتخاب سے باہر کرنے کے نتائج ہمیشہ تباہ کن ہوا کرتے ہیں، دستور، قانون، جمہوریت اور اخلاق نگران وزیراعظم کو سیاست و انتخاب پر اثر انداز ہونے کے کسی غیرفطری، غیرجمہوری اور غیرآئینی منصوبے کا حصہ بننے کی ہرگز اجازت نہیں دیتے۔ترجمان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ انوارالحق کاکڑ اپنے بیان کی فوری وضاحت کریں اور بطور نگران وزیراعظم اپنی حکومت کو جمع تفریق کے شرانگیز منصوبوں سے مکمل الگ کریں۔

 

نگراں وزیراعظم لندن پہنچ گئے

لندن(سی ایم لنکس)نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ دورہ امریکا کے بعد لندن پہنچ گئے ہیں تین دن قیام کے بعد 27 ستمبر کو وطن واپسی کیلیے روانہ ہوں گے۔ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اپنا 5 روزہ دورہ امریکا مکمل ہونے کے بعد لندن پہنچ گئے ہیں اور چرچل ہوٹل میں قیام پذیر ہیں۔ اسی ہوٹل میں ن لیگ کے رہنما اور شہباز شریف کے قریبی ساتھی ملک احمد خان بھی ٹھہرے ہوئے ہیں۔لیگی رہنما ملک احمد خان سے جب مقامی صحافیوں نے سوال کیا کہ ان کی نگراں وزیراعظم سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے جواب میں نگراں وزیراعظم کی ہوٹل میں موجودگی سے ہی لاعلمی کا اظہار کر دیا۔قبل ازیں انوار الحق کاکڑ نے لندن روانگی سے قبل نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کسی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل سے نہیں روکا، انتخابات کی حتمی تاریخ کااعلان جلدکیا جائیگا۔واضح رہے کہ نگراں وزیراعظم نے اپنے دورہ امریکا کے دوران اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کی اور رکن ممالک سے خطاب بھی کیا۔انوار الحق کاکڑ نے دورہ امریکا کے دوران کئی عالمی شخصیات سے ملاقاتیں کیں جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
79504