Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال میں عوامی فلاح و بہبود کے جاری ترقیاتی منصوبوں پرکام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ثاقب رضا اسلم

شیئر کریں:

چترال میں عوامی فلاح و بہبود کے جاری ترقیاتی منصوبوں پرکام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ثاقب رضا اسلم

چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چیئرمین سپیشل کمیٹی برائے چترال/ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ثاقب رضا اسلم نے انتظامیہ اور لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ عوامی فلاح و بہبودکے جاری ترقیاتی منصوبوں پرکام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور ان منصوبوں میں شفافیت کو بھی برقرار رکھا جائے تاکہ عوام ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔انکاکہنا تھاکہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔یہ ہدایات انھوں نے اضلاع چترال کے دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کے دفتر میں ترقیاتی کاموں پر تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لوئر چترال محمد عمران خان نے جاری ترقیاتی سکیموں و انتظامی امور، حالیہ سیلاب سے نقصانات،امدادی سرگرمیوں،ا نفراسٹرکچر کی بحالی، تعلیم،صحت اور سڑکوں کے بارے میں کمشنر ملاکنڈ ڈویزکو تفصیلی بریفنگ دی۔جس پر کمشنر ملاکنڈ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے این ایچ اے کے حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ چترال میں سڑکوں کی تعمیر پر کام تیز کر کے جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کو یقینی بنائیں۔کمشنر نے مزید کہا کہ روڈز کی تعمیر میں غفلت اور غیر معیاری کام ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گااور غفلت کی صورت میں متعلقہ ٹھکیداران کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 

ثاقب رضا اسلم نے کہا کہ چترال ایک حسین اور قدرتی حسن سے مالا مال وادی ہے، چترال میں جنگلی حیات اور جنگلات کی حفاظت میں کوئی کو تاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔چترال کی خوبصورتی سیاحت کے فروغ میں نہایت اہمیت کی حامل ہے جس سے علاقے کو فائدہ پہنچے گا۔کمشنر نے تمام لائن ڈیپار ٹمنٹس کے سربراہا ن کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے اور چترال کو تمام تر سہولیات سے آراستہ ایک ماڈل ضلع بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔دریں اثناء اضلاع لوئر اور اپر چترال پر مشتمل ایک وفد نے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سے ملاقات کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لوئر اور اپر چترال محمد عمران خان،محمد عرفان الدین،کمانڈنٹ چترال ٹاسک فورس کرنل بلال، دیگر افسران سیاسی و سماجی شخصیات,تجار یونین و چیمبر اف کامرس کے نمائندے اور علاقہ عمائدین بھی موجود تھے۔ وفد نے دونوں اضلاع کے عوام کو درپیش مسائل و مشکلات کے بارے میں کمشنر کو تفصیل سے اگاہ کیا۔ کمشنر نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کودرپیش تمام مشکلات کو حل کرنے کے لیے ہم ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
82383