Chitral Times

Jun 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے لوگوں کو مزید نقصانات سے دوچار کیا ہے ,بلدیاتی ادارے شہریوں کو میونسپل خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ صوبائی وزیر بلدیات

Posted on
شیئر کریں:

چترال میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے وہاں کے لوگوں کو مزید نقصانات سے دوچار کیا ہے ,بلدیاتی ادارے ٹاؤن پلاننگ کے مطابق شہریوں کو میونسپل خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ صوبائی وزیر بلدیات فیصل امین گنڈاپور

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی سردار فیصل امین گنڈاپور نے ضم اضلاع سمیت صوبے بھر کے تمام بلدیاتی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ ٹاؤن پلاننگ کے مطابق شہریوں کو میونسپل خدمات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے رواں مون سون بارشوں اور محکمہ موسمیات کی تھنڈر برسٹ و خراب موسمی صورت حال پیشگوئی کے پیش نظر نکاس کے انتظامات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ لوکل گورنمنٹ سیکرٹریٹ پشاور میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے فیصل امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ محمود خان صوبے کی تیز تر ترقی کیلئے تمام محکموں کو فعال دیکھنا چاہتے ہیں جس میں محکمہ بلدیات کا بھی کلیدی کردار بنتا ہے انہوں نے کہا کہ لوگوں کو صحت و صفائی، آبنوشی اور نکاس کی بہترین سہولیات کی فراہمی بلدیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جبکہ ان ذمہ داریوں کی بطریق احسن ادائیگی میں پلاننگ کا بھی بنیادی عمل دخل ہوتا ہے اسلئے بلدیاتی اداروں کا فرض ہے کہ ان بنیادی مقاصد کے حصول کو اپنا نصب العین بنائیں اور متعلقہ محکموں کے اشتراک سے بہترین منصوبہ بندی کرکے شہریوں کو میونسپل خدمات مہیا کریں۔ وزیر بلدیات نے واضح کیا کہ موسم برسات کی وجہ سے شدید بارشوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ چترال میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے وہاں کے لوگوں کو مزید نقصانات سے دوچار کیا ہے مگر صوبائی حکومت اور عوام ایسی موسمی تباہ کاریوں کے متحمل نہیں ہو سکتے لہٰذا بلدیاتی اداروں کی مکمل تیاری ہونی چاہئے کہ بہتر نکاس کی بدولت شدید بارشوں اور سیلاب کے نقصانات کم سے کم سطح پر لائے جائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام بلدیہ اہلکار بلا امتیاز اپنے فرائض منصبی پوری تندہی سے سرانجام دیں گے اور عوام کو میونسپل سہولیات کے ضمن میں زیادہ سے زیادہ ریلیف مہیا کریں گے۔

 

محکمہ معدنیات خیبرپختونخوا نے ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مزید تیز کرتے ہوئے مائننگ کڈاسٹر سسٹم فیز ٹو II کے لیے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دئیے

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) محکمہ معدنیات خیبرپختونخوا نے ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مزید تیز کرتے ہوئے مائننگ کڈاسٹر سسٹم فیز ٹو II کے لیے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دئییہیں،مائننگ کڈاسٹر سسٹم فیز ٹو سے اب خودکار طریقہ کار کے تحت لیز کا نظام منسلک ہوگا جس پر مجموعی طور پر 20 ملین روپے کی کل لاگت آئے گی۔مائننگ کڈاسٹر سسٹم فیز ٹو کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط محکمہ معدنیات کے سیکرٹری آفس میں ہوئے اس موقع پر منعقدہ تقریب میں سیکرٹری معدنیات خیبرپختونخوا ہمایوں خان، ایڈیشنل سیکرٹری معدنیات حمید اللہ جان اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد کے حکام نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق، کڈاسٹر مائننگ سسٹم فیز ٹو میں کچھ نئے فیچرز متعارف کروایے گئے ہیں تاکہ لیز حاصل کرنے اور اس کے متعلق مزید آسانی فراہم کی جا سکے،جبکہ مستقبل میں سسٹم کے فعالیت کو برقرار رکھنے کے لیے بھی معاونت حاصل کی جائے گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
64760