Chitral Times

Jul 4, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال سکاوٹس کے شہید میجر اصغرنے قوم کو کورونا وباسے بچانے کے عمل میں جان کی قربانی دی۔اجمل وزیر

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ)افواج پاکستان نے ہر مشکل صورتحال میں ملک و قوم کا تحفظ کیا ہے۔شہید میجر محمد اصغر نے قوم کو کورونا وباء سے بچانے کے عمل میں جان کی قربانی دی۔ صوبائی حکومت لمحہ بہ لمحہ کورونا وائرس کی صورت حال مانیٹر کر رہی ہے۔ حکومتی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کے کاروبار کو سیل کر دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیربرائے اطلاعات و تعلقات عامہ اجمل خان وزیر نے پشاور میں میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید میجر محمد اصغر طورخم بارڈر پر خدمات سر انجام دے رہے تھے جہاں وہ کورونا وائرس کا شکار ہوئے۔ اجمل وزیر کا افواج پاکستان کی ملک و قوم کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بارڈرز پر دشمن کا مقابلہ کرنا ہو یا کسی بھی آفت سے نمٹنا ہو، پاک فوج کے جوان اپنی جانوں پر کھیل کر شہریوں کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ پوری قوم اس وباء سے برسرِ پیکار پاک فوج، طبی عملے اور دیگر فرنٹ لائن ورکرز کو سلوٹ پیش کرتی ہے۔یادہے کہ شہید میجرمحمد اصغرچترال سکاوٹس کے ساتھ اٹیچ تھے۔

اجمل وزیر کا صوبے میں کورونا سے نمٹنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں اس وقت 359 قرنطینہ مراکز قائم ہیں جن میں 22483 افراد کو قرنطینہ کرنے کی گنجائش ہے۔ یہ مراکز صوبے کے مختلف اضلاع میں بنائے گئے ہیں۔ قرنطینہ مراکز میں رکھے گئے افراد کی نگہداشت کے لیے عملے کے 443 ارکان اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ مشیر اطلاعات نے بتایا کہ پشاور ائیرپورٹ پر اب تک 8 فلائٹس کے ذریعے 1932 افراد وطن واپس آئے ہیں جنہیں مختلف قرنطینہ مراکز میں رکھا گیا۔ بیرون ممالک سے آنے والے ان پاکستانی شہریوں میں سے 1140 افراد کو اسکریننگ اور کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد گھروں کو بھیج دیا گیا ہے جبکہ 792 افراد اب بھی قرنطینہ مراکز میں قیام پذیر ہیں۔

خیبرپختونخوا میں ٹڈی دل کے حملوں کے حوالے سے اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ اس وقت صوبے کے 15 اضلاع میں ٹڈی دل کے انسداد کے لیے 25833 ایکڑ اراضی پر اسپرے کیا جا چکا ہے۔ مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد حکومتی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کا کاروبار سیل کیا جائے گا۔ انہوں نے صوبے کے عوام خصوصاً پشاور کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔ صوبائی حکومت اپنے شہریوں کو اس مہلک وباء سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس سلسلے میں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان خود لمحہ بہ لمحہ صورتحال کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ مشیر اطلاعات نے کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کے اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ روز 160 نئے مریض سامنے آنے کے بعد صوبے میں کل کیسز کی تعداد 4669 ہو گئی ہے جبکہ اب تک 1126 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔ گزشتہ 24گھنٹوں میں 11 اموات بھی ریکارڈ ہوئیں جس سے صوبے میں اموات کی کل تعداد 245 ہوگئی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
35422