Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال حادثے کے سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں: کامران بنگش، وزیرزادہ

شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ) معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران خان بنگش نے یوم آزادی پر اپنی تمام تر مصروفیات منسوخ کرتے ہوئے چترال حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کیلئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پہنچے۔ زخمی سیاح چترال سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ایل آر ایچ منتقل کرنے پر معاون خصوصی بلدیات و اطلاعات کامران بنگش نے ان کی عیادت کی اور بہتر طبی دیکھ بال کی خصوصی ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر چترال سے ایم پی اے اورمعاون اقلیتی امور وزیرزادہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کامران بنگش کے ساتھ ہسپتال انتظامیہ اور ریسکیو کا عملہ بھی موجود تھا۔

معاون خصوصی نے چترال حادثے کے سوگوار خاندانوں کو وزیراعلیٰ کا تعزیتی پیغام پہنچایا اور کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور زخمیوں کی طبی دیکھ بال کیلے تمام تر کوششیں بروئے کار لائی جائینگی۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کی دیکھ بھال میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔ کامران بنگش نے وزیرزادہ، سیکرٹری ریلیف، ہسپتال ڈائریکٹر اور ریسکیو انتظامیہ کے ہمراہ لواحقین کیساتھ جان بحق افراد کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ پڑھی اور ان کے ساتھ اظہار افسوس کیا۔ چترال سے لائے جانے والے زخمیوں میں ایک مرد، تین خواتین، اور چھ بچے شامل ہیں جبکہ مذکورہ خاندان کے پانچ سیاح بھی جاں بحق ہوئے ہیں جوکہ ناقابل تلافی نقصان ہے۔ کامران بنگش کے مطابق تمام سیاحوں کا تعلق قصور سٹی سے ہے اور لواحقین کے اہل خانہ نے ابتدائی طبی امداد علاج معالجے کے انتظامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

معان خصوصی نے بروقت ابتدائی طبی امداد کی فراہمی اور زخمیوں کی فوری منتقلی پر ریسکیو 1122 کی خدمات کی تعریف کی جبکہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے پر ہسپتال انتظامیہ کے کردار کو سراہا۔ چترال حادثے کے جائے واقعہ سے لیکر لیڈی ریڈنگ ہسپتال تک زخمیوں کی منتقلی پر کامران بنگش نے رابطہ کار کے طور پر چیف سیکرٹری کے کردار کو کلیدی قرار دیا۔انہوں چیف سیکرٹری کو یدایت کی کہ حادثے کی جگہ اور پیش آنے کی وجوہات کیلئے شفاف انکوائری کا انعقاد یقینی بنائیں تاکہ اگر کہیں پر غفلت برتی گئی ہے تو متعلقہ افراد کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کیا جائے۔

اس سے قبل چترال سے ایم پی اے اور وزیراعلی کے معاون خصوصی وزیرزادہ نے پشاور ائیر پورٹ سے زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاورمنتقل کروایا۔ انھوں نے بھی سوگوار خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے واقعے پر انتہائی افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ۔اورمتاثرہ خاندانوں کے ساتھ اپنی دلی ہمدردی کا اظہار کیا اورکہا کہ زخمیوں کی علاج معالجے میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔

اس سے قبل یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے ویڈیو پیغام میں کامران بنگش نے صوبے کے عوام کو یوم آزادی کیساتھ ساتھ بی آر ٹی افتتاح کی مبارک باد دیتے ہویے کہا کہ یہ سال ترقی و خوشحالی کا سال ہے اور پختونخوا کی تقدیر بدلنے کیلئے بی آر ٹی جیسے دیگر میگا پروجیکٹس پر کام تیزی سے جاری ہے

14 08 2020 Special Assistant Information

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
39028