Chitral Times

Jun 30, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال اورمضافات میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری،

شیئر کریں:

چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال میں ایک دن کے وقفے کے بعد جمعہ کے روز سے بارشوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے ۔ جبکہ پہاڑوں اور بالائی چترال کے بروغل وادی میں برفباری ہوئی ہے ۔ گذشتہ روز کے بارشوں کے نتیجے میں بند ہونے والے چترال پشاور روڈ کی عارضی مرمت کی گئی ہے ۔ جس سے اشیاء خوردونوش کی ترسیل بھاری گاڑیوں کے ذریعے سے جاری ہے ۔ اسی طرح اپر چترال کو جانے والی سڑک اور گرم چشمہ روڈ بھی عارضی طور پر کھول دی گئی ہے ۔ مگر کالاش ویلیز روڈ ، شیشی کوہ روڈ پہاڑی تودہ گرنے اور نالے کے پانی کی طغیانی سے کٹاءو کی وجہ سے تاحال بند ہیں ۔ جس سے ان علاقوں کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ سڑکوں کی بندش سے ان علاقوں میں خوراک کی سپلائی معطل ہو چکی ہے ۔ اور نتیجتا لوگوں کو خوراک کی قلت کا سامنا ہے ۔

کالاش ویلیز کے عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے ۔ کہ فوری طور پر کالاش ویلیز روڈ کی صفائی کرکے اشیاء خوردونوش کی ترسیل کوممکن بنایا جائے ۔ درین اثنا گذشتہ روز سے حکومت کی طرف سے تعمیراتی میٹریل کے کاروبار کی اجازت دینے کے بعد اب صرف ہیر ڈریسر ، کپڑے اور بوٹ کے کاروباری ہی زیر عتاب ہیں ۔ جن کو اپنی رزق تلاش کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ۔ چترال شہر میں کئی ہیر ڈریسر ، کپڑے کی دکانوں کو کھولنے پر انتظامیہ کی طرف سے پانچ سے دس ہزار روپے جرمانے کی سزا دی گئی ہے ۔ جسے انتظامیہ کی طرف سے انتہائی ظلم و زیادتی قرار دی گئی ہے ۔

کرونا وائرس کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ چترال ابتدا میں جس طرح لاک ڈاءون کا تقاضا کرتی تھی ۔ اب بتدریج اس میں نرمی دیکھی جارہی ہے ۔ اور چترال شہر و مختلف مقامات میں دکانیں تقریبا کھل چکی ہیں ۔ تاہم انتظامیہ باہر اضلاع سے آنے والوں کو  ہر صورت قرنطینہ میں رکھنے پر مصر ہے ۔ اور میں کسی بھی صورت رعایت دینے اور گھر میں قرنطینہ بنانے کی حمایت میں نہیں ۔ جبکہ موصول شدہ اطلاعات کے مطابق اپر چترال میں نیچے سے آنے والے بعض مسافروں کو اپنے گھروں کے کمروں کو قرنطینہ بنانے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں ۔ چترال کے عوامی حلقوں نے انتظامیہ لوئر چترال کی طرف سے ان اقدامات کی حمایت کی ہے ۔ تاہم یہ بات بھی کی جارہی ہے ۔ کہ انتظامیہ سب کے ساتھ ایک جیسا رویہ نہیں رکھتی ۔

دریں اثنا محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اسلام آباد اور پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں خیبر پختونخواہ،بالائی پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آج تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔۔ نجی ٹی وی چینل نے جمعہ کو محکمہ موسمیات کے حوالہ سے بتایاکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اورمطلع جزوی طور پر ابر آلود رہا۔ تاہم بلوچستان، بالائی سندھ، بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر کے اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کوئٹہ 5،،ژوب 5، نوکنڈی 3، دالبندین، لسبیلہ، قلات 2، پنجگورایک، موہنجوداڑو7، دادو 2،چکوال 4، اٹک 3، چترال، میرکھانی، سیدو شریف 3، کالام، مالم جبہ 2، کشمیر کوٹلی میں 2 ملی میڑ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔سب سے زیادہ درجہ حرارت مٹھی اور چھور میں 41ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
34416