Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال،دیراپراورلوئرمیں ہائی اسپیڈ موبائل براڈ بینڈ کی فراہمی کیلئے USF اور ٹیلی نار کے مابین معاہدے پر دستخط

شیئر کریں:

اسلام آباد(نمائندہ چترال ٹائمز ) یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) نے صوبہ خیبر پختونخوا کے چترال ، اپر دیر اور لوئر دیر اضلاع میں ہائی اسپیڈ موبائل براڈ بینڈ خدمات کی فراہمی کے لئے ٹیلی نار کو تقریبا 1.37 بلین روپے کا معاہدہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر برائے آئی ٹی اور ٹیلی مواصلات ، سید امین الحق اور وزیر اعظم کے خصوصی معاون برائے اوورسیز پاکستانیز اینڈ ایچ آر ڈی ، سید ذوالفقار عباس بخاری نے بدھ کے روز یو ایس ایف آفس ، اسلام آباد میں منعقدہ معاہدہ پر دستخط کی تقریب کا مشاہدہ کیا۔ معاہدوں پر یو ایس ایف کے سی ای او حارث محمود چودھری نے عرفان وہاب خان ، سی ای او ٹیلی نار کے ساتھ دستخط کیے۔

تقریب میں وفاقی سیکرٹری برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی مواصلات اور چیئرمین یو ایس ایف بورڈ ، شعیب احمد صدیقی ، چیئرمین پی ٹی اے ، میجر جنرل (ر) امیر عظیم باجوہ اور دیگر عہدیدار بھی تقریب میں موجود تھے۔ تقریب کے مہمان خصوصی ، آئی ٹی اینڈ ٹیلی مواصلات کے وفاقی وزیر ، سید امین الحق نے کہا: “انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز (آئی سی ٹی) کی مدد سے ، چترال ، اپر دیر اور لوئر دیر کے اضلاع کے لوگوں کو بہتر مواصلاتی نظام حاصل ہوگا جس سے اقتصادی بہتری کے ساتھ سیاحت کو بھی فروع ملے گا۔ ہائی اسپیڈ موبائل براڈ بینڈ کی سروس سیاحوں کو علاقے کی طرف مذید راغب کریگا ، اس طرح روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

وزارت آئی ٹی اور ٹیلی مواصلات پاکستان کی سیاحت کی صنعت کو معاونت اور پائیدار دیہی ترقی کے حصول کے لئے بنیاد فراہم کرنے کے لئے قریبی تعاون جاری رکھے گی۔ مزید برآں ، انہوں نے معاہدے پر دستخط کرنے پر یو ایس ایف اور ٹیلی نار کی ٹیموں کو اپنے پرتپاک خیرمقدم کیا اور ڈیجیٹل پاکستان وژن کو حقیقت بنانے پر زور دیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز اینڈ ایچ آر ڈی ، سید ذوالفقار عباس بخاری نے معاہدے پر دستخط کرنے پر یو ایس ایف اور ٹیلی نار کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ، “سیاحت میں آئی سی ٹی کا استعمال علاقے کے عوام کے لئے ایک خوش آئند اقدام ہے۔ چترال ، اپر دیر اور لوئر دیر اضلاع کا تیز رفتار انٹرنیٹ سے منسلک ہونے سے خطے میں سرگرمی میں تیزی آئے گی اور سفر کے عمل کو موثر اور خوشگوار بنایا جائیگا۔

علاوہ ازیں ، انہوں نے رہنمائی اور مدد کے لئے وفاقی وزیر اور آئی ٹی اور ٹیلی مواصلات کی وزارت کا شکریہ ادا کیا۔ اپنے خیالات کا تبادلہ کرتے ہوئے سی ای او ٹیلی نار پاکستان ، عرفان وہاب خان نے کہا ، “ہم پاکستانی عوام سے رابطے کے بنیادی حق کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔ ٹیلی نار پاکستان میں لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ منسلک کرنے کی بنیادی حق کی فراہمی، مواقع تک رسائی پیدا کرنے اور لاکھوں افراد کی زندگیوں کو ترقی دے کر ملک کو بااختیار بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ہم لوگوں کو ان سب سے اہم چیزوں سے مربوط کرنے کے عزم پر قائم ہیں اور ان کا مستقبل میں مواقع فراہم کرنا ہے۔

اس کے علاوہ ، تقریب میں اپنے خیالات کا تبادلہ کرتے ہوئے ، سی ای او یو ایس ایف ، حارث محمود چودھری نے کہا: “اس منصوبے سے 0.7 ملین آبادی کو فائدہ ہوگا اور 648 نئے علاقوں کو تیز ترین انٹرنیٹ کے ساتھ منسلک کریں گے اس طرح 18،212 مربع کلومیٹر پر محیط چترال ، اپر دیر اور لوئر دیر اضلاع کے علاقوں کو احاطہ کیا جائے گا۔ ہم پاکستان کی پسماندہ اور دورآفتادہ علاقوں کے عوام کو بااختیار بنانے کے لئے پرعزم ہیں اور ہم ٹیلی نار کے ساتھ اپنی شراکت کو مستحکم کرنے کے منتظر ہیں۔ مزید برآں ، انہوں نے سیاحتی مقامات کے ڈیجیٹل انقلاب کی حمایت کرنے والی پالیسیوں اور طریقہ کار کو اپنانے پر وفاقی وزیر اور آئی ٹی و ٹیلی مواصلات کی وزارت کا شکریہ ادا کیا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
45346