Chitral Times

Jun 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پی ٹی آئی کو 154 سے زائد نشستوں پر برتری حاصل ہے، گوہر علی خان کا دعویٰ

Posted on
شیئر کریں:

پی ٹی آئی کو 154 سے زائد نشستوں پر برتری حاصل ہے، گوہر علی خان کا دعویٰ

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما گوہر خان ویڈیو بیان میں مرکز اور خیبرپختونخوا میں اگلی حکومت بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو 154 سے زائد نشستوں پر برتری حاصل ہے۔آج پاکستان کی جمہوری تاریخ کا ایک اہم دن تھا، لوگوں نے اپنی آزادی کا انتخاب کرنا تھا، آج انتخابات پرامن طریقے سے ہوئے، لوگ زیادہ سے زیادہ تعداد میں نکل آئے اور میں ان سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔گوہر علی خان نے کہا کہ اب نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں اور ہمارے پولنگ ایجنٹس کی جانب سے فراہم کردہ ریکارڈ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کو 154 سے زیادہ سیٹوں پر برتری حاصل ہے لیکن گزشتہ 5 گھنٹوں سے نتائج بہت تاخیر کا شکار ہیں، الیکشن ایکٹ کے مطابق 2 بجے تک سارے نتائج کا اعلان کرنا ہوتا ہے لیکن اب تک ہمیں نتائج نہیں دیے جارہے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کے حمایت یافتہ امیدواروں کی اکثریت ملک بھر کے کئی حلقوں میں آگے ہے، اس لیے پی ٹی آئی اگلی حکومت بنائے گی اور عمران خان وزیراعظم ہوں گے۔ سماجی روابط کی ویب سائٹ ”ایکس“ پر اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ”سب سے پہلے، میں پی ٹی آئی کے تمام ووٹرز اور کارکنوں کے ساتھ پاکستانی عوام کو بھی مبارکباد دینا چاہتا ہوں، تمام تر خوف اور مظالم کے باوجود، آپ سب باہر نکلے اور اپنا جمہوری حق استعمال کیا۔

عوام نے اپنا فیصلہ سنادیا، مینڈیٹ میں ہیرا پھیری سے افراتفری مچے گی، شاہد خاقان

اسلام آباد(سی ایم لنکس) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے بلند آواز میں اور واضح طور پر فیصلہ سنادیا۔انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ عوام کے مینڈیٹ میں ہیرا پھیری کرنے کی کسی بھی کوشش کا نتیجہ عدم استحکام اور افراتفری کا باعث بنے گا۔ان کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل کی گرمی گزر گئی، یہ ملک کے زخموں پر مرہم رکھنے کا وقت ہے، نواز شریف، آصف زرداری، عمران خان، مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر سیاسی قیادت کو معمولی اختلافات سے بالاتر ہوکر ملک کو درپیش بے پناہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ انہیں یہ تسلیم کرنے کی ضرورت ہے کہ تاریخ خود غرض سیاستدانوں پر مہربان نہیں ہوتی۔

کامیاب آزاد امیدوار 72 گھنٹوں میں (ن) لیگ کی حمایت کا اعلان کریں گے، اسحاق ڈار

لاہور( چترال ٹائمزرپورٹ)سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا ہے کہ عام انتخابات 2024 میں جیت حاصل کرنے والے آزاد امیدواروں نے مسلم لیگ ن کی حمایت کا یقین دلایا ہے۔نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق وزیر خرانہ اور مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں عام انتخابات میں کامیابی سیمٹنے والے امیدواروں نے ہم نے رابطہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں آزاد امیدواروں کیلئے مسلم لیگ ن میں شمولیت کے دروازے کھلے ہیں، آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران امیدواران اہم اعلان کریں گے۔مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) قومی اسمبلی میں واحد سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئے گی، قبل از وقت اور متعصبانہ قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہیے جب کہ ہم الیکشن کمیشن کے مکمل سرکاری نتائج کے منتظر ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
85176