Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پی آئی اے کا ماہانہ خسارہ 12 ارب روپے تک پہنچ گیا

Posted on
شیئر کریں:

پی آئی اے کا ماہانہ خسارہ 12 ارب روپے تک پہنچ گیا

اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ)پی آئی اے کا ماہانہ خسارہ 12 ارب روپے تک پہنچ گیا، وزارت خزانہ نے قومی ایئر لائن پی آئی اے قرض پر سود اور خسارہ برداشت کرنے سے انکار کردیا۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پی آئی اے نے کمرشل بینکوں سے حکومتی گارنٹی پر 260 ارب قرض لیا ہوا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ پی آئی اے ایف بی آر کو 1 ارب 25 کروڑ روپے ٹیکس ادا نہیں کر رہا اور سول ایوی ایشن کو ماہانہ 1 ارب سے زائد کی ادائیگی نہیں کر رہا۔قومی ایئر لائن کی ماہانہ آمدن 22 ارب اور اخراجات 34 ارب تک ہیں، پی آئی اے کا مجموعی خسارہ 740 ارب روپے کے لگ بھگ ہے۔ذرائع وزارت خزانہ نے کہا کہ نگراں وزیرِ خزانہ نے نجکاری ڈویڑن اور پی آئی اے انتظامیہ سے نجکاری پلان مانگ لیا، پی آئی اے کی نجکاری فوری عمل میں لائی جانے کی تجویز ہے۔قومی ایئر لاین پی آئی اے کے قرض کا حجم اثاثوں کی مالیت کا 5 گنا ہے۔

 

پی آئی اے کی 8 پروازیں منسوخ، 12 تاخیر کا شکار

اسلام آباد(سی ایم لنکس)قومی ایئر لائن پی آئی اے کا بین الاقوامی شیڈول مکمل طور پر بحال ہو گیا جبکہ اندرونِ ملک متاثر ہے۔قومی ایئر لائن پی آئی اے کی 8 پروازیں منسوخ اور 12 تاخیر کا شکار ہو گئیں۔کراچی سے اسلام آباد کے لیے پرواز پی کے 300 اور 301 منسوخ کی گئی ہیں جبکہ کراچی سے بہاولپور کے لیے اپ ڈاؤن کی پرواز پی کے 588 اور پی کے 589 منسوخ کر دی گئی ہیں۔اسلام آباد سے گلگت کے لیے پی کے 601 اور گلگت سے اسلام آباد کے لیے پی کے 602، اسلام آباد سے گلگت کے لیے اپ اینڈ ڈاؤن کی مزید 2 پروازیں پی کے 605 اور پی کے 606 بھی منسوخ کر دی گئیں۔دوسری جانب اسلام آباد سے کراچی کے لیے پرواز پی کے 319 اور اسلام آباد سے کوئٹہ کے لیے پرواز پی کے 325 ایک، ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوئی۔کراچی سے لاہور کے لیے پرواز پی کے 302 ایک گھنٹہ، کراچی سے اسکردو کی پرواز پی کے 455 نصف گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوئی۔ملتان سے کراچی کی پرواز پی کے 331 میں ایک گھنٹہ، لاہور سے کوالالمپور کی پرواز پی کے 898 میں نصف گھنٹہ جبکہ لاہور کے لیے پرواز پی کے 797 کی روانگی میں 3 گھنٹے تاخیر ہوئی۔لاہور سے دبئی کے لیے پرواز پی کے 203 کی روانگی میں ایک گھنٹہ، لاہور سے کوئٹہ کی پرواز پی کے 322 میں آدھا گھنٹہ تاخیر ہوئی۔لاہور سے کراچی کے لیے پی کے 307 کی روانگی میں 55 منٹ اور سیالکوٹ سے دبئی کی پرواز پی کے 189 بھی 33 منٹ تاخیر کا شکار ہو گئی۔اسلام آباد سے شارجہ کی پرواز پی کے 181 آدھا گھنٹہ تاخیر سے روانہ ہوئی۔دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیاروں کو ایندھن کی بروقت سپلائی سے آپریشن معمول پر آگیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ گزشتہ چند دن مالی بحران کے پیش نظر فلائٹ آپریشن متاثر ہوا جو اب معمول پر آیا ہے۔

ملائیشیا کی باٹک ایئر لائن کا کراچی کیلئے براہِ راست پروازوں کا اعلان

کراچی(چترال ٹایمزرپورٹ)ملائشیا کی باٹک ایئر لائن نے پاکستان میں اپنے نیٹ ورک کو وسعت دینے کا اعلان کیا ہے۔باٹک ایئر آئندہ ماہ 31 اکتوبر سے کوالالمپور تا کراچی براہِ راست فلائٹس کا آغاز کر رہی ہے۔باٹک ایئر کراچی اور کوالالمپور کے درمیان ہفتہ وار 3 پروازیں آپریٹ کرے گی۔اعلامیے کے مطابق باٹک ایئر کی پرواز او ڈی 135 کوالالمپور سے ہر منگل، جمعرات اور ہفتے کی رات پونے 8 بجے کراچی پہنچے گی۔انہی 3 دنوں میں کراچی سے پرواز او ڈی 136 رات پونے 9 بجے کوالالمپور کے لیے روانہ ہو گی۔واضح رہے کہ باٹک ایئر لائن لاہور اور کوالالمپور کے درمیان پہلے ہی روزانہ براہِ راست نان اسٹاپ پروازیں چلا رہی ہے۔ایئر لائن نے اسٹوڈنٹس اور گروپ مسافروں کے لیے خصوصی پرکشش رعایت کا اعلان بھی کیا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
79254