Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پیڈوکے زیرانتظام مجموعی طورپر161میگاواٹ بجلی پیداکی جارہی ہے جس سے صوبے کو سالانہ 4 ارب روپے سے زائد کی آمدن ہورہی ہے۔ نگران صوبائی مشیر برائے توانائی و برقیات کوبریفنگ

Posted on
شیئر کریں:

پیڈوکے زیرانتظام مجموعی طورپر161میگاواٹ بجلی پیداکی جارہی ہے جس سے صوبے کو سالانہ 4 ارب روپے سے زائد کی آمدن ہورہی ہے۔ نگران صوبائی مشیر برائے توانائی و برقیات کوبریفنگ

توانائی کے منصوبے معاشی استحکام و صوبے کی ترقی کیلئے گیم چینجر ثابت ہونگے، نگراں صوبائی مشیر توانائی ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ

ُپشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے منصوبہ سازی وترقی،توانائی و برقیات اور معدنی ترقی ڈاکٹر سید سرفراز علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں توانائی کا شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ محکمہ توانائی کا ذیلی ادارہ پختونخوا انرجی ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو)صوبے کاایک منافع بخش ادارہ ہے جو صوبے کے لئے سالانہ اربوں روپے کی آمدن کا بڑا ذریعہ ہے۔ پیڈو کی نگرانی میں اس وقت ہائیڈرو، سولر پاور سمیت ٹرانسمیشن لائن کے 42 توانائی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ یہ منصوبے تکمیل کے بعد مستقبل میں صوبے کی معیشت کے استحکام و ترقی کے لئے گیم چینجر ثابت ہونگے۔صوبے میں بجلی کے نظام کی بہتری اور اپنی پیدا کردہ بجلی کی ترسیل کو ممکن بنانے کے لئے پہلی مرتبہ خیبرپختونخوا ٹرانسمیشن اینڈ گرڈ کمپنی قائم کی گئی ہے جسکے انتظامی ڈھانچے کیلئے تیزی سے کام جاری ہے۔ وفاق کے ذمہ پن بجلی کے بقایاجات کی وصولی کے لئے جلد ہی اعلیٰ فورمز سے رابطہ کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیڈو ہاؤس کے دورہ کے موقع پر منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ چیف ایگزیکٹو پیڈو انجینئر نعیم خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پیڈو نے پن بجلی کے7 منصوبے کامیابی کے ساتھ مکمل کئے ہیں جن سے مجموعی طورپر161میگاواٹ بجلی پیداکی جارہی ہے جس سے صوبے کو سالانہ 4 ارب روپے سے زائد کی آمدن ہورہی ہے۔ پیڈو نے آئندہ دس سالوں کے لئے بزنس اینڈ فنانشل پلان ترتیب دیا ہے جس کے تحت 2ہزارمیگاواٹ کے متعدد منصوبے مکمل کئے جائیں گے جن سے صوبے کو سالانہ 50 ارب روپے کی آمدن متوقع ہے۔ انہوں نے کہاکہ توانائی کے متعدد منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوچکے ہیں جن سے پیدا ہونے والی سستی بجلی کو ویلنگ ماڈل کے تحت صنعتی شعبے کو اچھے نرخوں پر فروخت کرنے کے لئے بھی پلاننگ کی جارہی ہے۔ اجلاس کے آخر میں مشیر توانائی نے پیڈو کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ توانائی کے بعض منصوبوں میں وفاق کے ساتھ درپیش مسائل کو اعلیٰ سطحی فورمز پر ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
80645