Chitral Times

Jun 27, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پولیس ملک کے امن وامان کو برقرار رکھنے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے..وزیراعلیٰ

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ )وزیراعلیٰ خیبرپختونخو امحمود خان نے کہا ہے کہ پولیس سروس ملک کے امن و امان کو برقرار رکھنے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں امن و امان کو بہت اہمیت حاصل ہے اور اس امن و امان میں پولیس کا کلیدی کردار ہوتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ خیبرپختونخوا پولیس میں تحریک انصاف کی گزشتہ صوبائی حکومت کے دور میں اصلاحات لائی گئی تھیںجن کی وجہ سے خیبرپختونخوا پولیس پورے ملک میں ماڈل پولیس کے طور پر پہچانے جانے لگی ۔انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا پولیس میں اصلاحات کے بعد سیاسی مداخلت کا مکمل خاتمہ کیا گیا ہے ۔جس کی بدولت پولیس میں انصاف اور میرٹ کی بنیاد پر فیصلے ہوتے ہیں۔ پولیس کو مکمل بااختیار بنایا گیا ہے ۔ خیبرپختونخوا ماڈل پولیس کے نظریے کو پورے ملک میں سراہا گیا ہے جبکہ وفاقی حکومت کو پولیس میں ریفارمز کے حوالے سے بھی تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے اپنی آراءدی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے پاکستان پولیس گروپ کے زیر تربیت نئے افسران کے ایک وفد سے وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں ملاقات کے دوران کیاہے۔وفد کی قیادت ڈپٹی کمانڈ نٹ نیشنل پولیس اکیڈمی محمد ادریس کر رہے تھے ۔وفد سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ پولیس میں نئے شامل ہونے والے نوجوانوں سے اُمید رکھتے ہیں کہ وہ ملک میں امن و امان برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔ اُنہوںنے کہاکہ پولیس لوگوں کی خدمت کرے اور جذبہ خدمت سے سرشار ہو کر اپنے فرائض نبھائے ۔ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے پولیس میں خاطر خواہ اصلاحات لائی ہیںتاکہ صوبے کی عوام کیلئے کچھ کر سکیں۔ اُنہوںنے کہاکہ مجھے اپنی پولیس پر فخر ہے عوام بلا خوف و خطر تھانوں میں اپنے مسائل کے حل کیلئے جا سکتے ہیں ۔ اُنہوںنے مزید کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا میں امن و امان بہتر ہوا ہے اور صوبائی حکومت امن و امان کی صورتحال مزید بہتر کرنے کیلئے پولیس کے ساتھ تمام تعاون یقینی بنا رہی ہے ۔ صوبہ خیبرپختونخوا کی جغرافیائی ساخت پورے ملک کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ اس صوبے میں امن و امان ہو گا تو پورے ملک میں امن ہو گا۔ مشکلات اور چیلنجز پر قابو پانے کیلئے پولیس کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ عوام کی شکایات دو ر کرنے کیلئے پبلک سیفٹی کمیشن پر بھی کا م یقینی بنایا جائے گا۔ سابقہ فاٹا کے صوبے میں انضمام کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس حوالے سے پولیس کا کردار بہت اہم رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ قبائلی اضلاع کا انضمام یقینا ایک بڑا مشکل مرحلہ تھا جس کو دوسرے صوبائی محکموں کے ساتھ ساتھ پولیس کے تعاون سے صوبائی حکومت نے کامیاب بنایا ۔ 28 ہزار لیویز اور خاصا دار فورس کو باقاعدہ طور پر پولیس میں ضم کر دیا گیا ہے اس مقصدکیلئے صوبائی اسمبلی نے باقاعدہ ایکٹ بھی پاس کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ان لیویز اور خاصا دار فورس کو پولیس کی باقاعدہ ٹریننگ دی جارہی ہے جبکہ قبائلی اضلاع سے مزید نوجوان بھی پولیس میں بھرتی کئے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے نئے زیر تربیت پولیس افسران کو پاکستان پولیس سروسز میں شامل ہونے پر مبارکباد دی اور اُمید ظاہر کی کہ نئے زیر تربیت افسران پوری جانفشانی سے اپنے فرائض نبھائیں گے ۔ ڈپٹی کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی لاہور نے پولیس میں مثبت اصلاحات متعارف کرانے پر صوبائی حکومت کو سراہا ہے۔ بعدازاں نیشنل پولیس اکیڈمی کی طرف سے وزیراعلیٰ کو شیلڈ پیش کی گئی جبکہ وزیراعلیٰ نے بھی پولیس گروپ میں نئے زیر تربیت افسران کو شیلڈ پیش کیں ۔
………………………………………………….
.
صوبے میں دسمبر2019 تک مزید 100 فیڈرز چوری سے پاک کر دیے جائینگے، وزیراعلیٰ
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ )وزیراعلیٰ خیبر پختونخوامحمود خان نے کہا کہ صوبے بھر کے مزید سو فیڈرز کو چوری سے پاک کردیئے جائیں گے جس سے خیبرپختونخوا کے ہر گھر تک بجلی کی رسائی ممکن ہو سکے گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے وفاقی وزیر برائے پاور و پیٹرولیم عمر ایوب خان کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا ہے۔ ملاقات میں صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے توانائی وبرقیات حمایت اللہ خان، پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما جہانگیرخان ترین، سیکریٹری پاورڈویژن، سیکریٹری پیٹرولیم ڈویژن اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے پاور و پیٹرولیم عمر ایوب خان نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاق نے خیبر پختونخوا میں بجلی اور گیس کے اہم منصوبے شروع کیے ہیں جبکہ بجلی کے نظام میں بہتری لانے کیلئے دو طرفہ تعاون بھی یقینی بنایا جائے گا۔ ملاقات میں صوبہ خیبر پختونخوا کے بجلی اور گیس سے متعلق معاملات پر تفصیلی بات چیت بھی ہوئی۔ وفاقی وزیر برائے پاور اینڈ پٹرولیم عمر ایوب خان نے خیبر پختونخوامیں صنعتوں اور کاروبار کے فروغ کیلئے بجلی، گیس اور پیٹرولیم کے شعبے کی طرف سے خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون اور تمام تر ممکن اقدامات اُٹھانے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ وفاقی وزیر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کو یہ بھی یقین دلایا ہے کہ قومی نظام میں وافر مقدار میں بجلی موجود ہے اور وفاقی حکومت کی کوشش ہے کہ پورے ملک کے زیادہ سے زیادہ علاقوں کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ وفاقی وزیر نے صوبہ خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن میں بھر پور تعاون پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا ہے۔وزیر اعلیٰ محمود خان نے بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف پاور ڈویژن کا بھر پور ساتھ دینے اور ہر قسم کے تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ اس ضمن میں صوبائی حکومت پیسکوکو ہر طرح کا تعاون مہیا کر رہی ہے اور آئندہ بھی بھر پور تعاون کرے گی۔
<><><><><><><>
.
وزیراعلیٰ نے پشاورکے تمام پٹواریوں ودیگرعملے کی تبادلوں‌کے احکامات جاری کردیا
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ضلعی انتظامیہ پشاور کے تمام پٹواری اور دیگر عملے کے تبادلوں اور شفلنگ کے احکامات جاری کئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے وژن کے مطابق صوبے بھر کے تمام عوامی سرکاری دفاتر میں بدعنوانی اور رشوت ستانی کو جڑ سے اُکھاڑنے کیلئے نظام میں جزا اور سزا کا قانون یقینی بنایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کی ضلعی انتظامیہ کے129 پٹواریوں کے تبادلوں کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔یہ تبادلے سائنسی اور انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے تمام پوسٹنگ / ٹرانسفراقدامات پلسمنٹ کمیٹیز کے ذریعے کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوںنے کہاکہ شہریوں کی شکایات درج کرنے کیلئے ہاٹ لائن قائم کی گئی ہے جس پر کوئی بھی شہری رشوت خور سرکاری ملازم کے خلاف درخواست درج کر سکتا ہے جس پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے وژن کے مطابق عوامی نوعیت کے سرکاری دفاتر میں خورد برد برداشت نہیں کی جائے گی۔صوبائی حکومت پورے صوبے کے محکموں میں جزا اور سزا کا قانون ہر حال میں یقینی بنائے گی جبکہ صوبے میں رشوت خور ملازمین کیلئے کوئی جگہ نہیں ۔ انہوںنے مزید کہاکہ اہم عہدوں پر اچھی شہرت والے حکام تعینات کئے جائیں گے۔انہوںنے ضلعی انتظامیہ پشاور کو عوامی سرکاری دفاتروں میں سزا اور جزا کاقانون لاگو کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ پشاور کو اچھی شہرت رکھنے والے پٹواری / حکام کیلئے انعامات جبکہ خراب کارکردگی اور رشوت میں ملوث حکام کیلئے سزا کے قانون پر عمل درآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ صوبائی حکومت نے پورے صوبے کے محکموں میں انٹی کرپشن اقدامات بھی شروع کئے ہیں۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت صاف اور میرٹ پر مبنی گورننس ماڈل کیلئے پر عزم ہے جبکہ صوبے بھر کے محکموں میں صاف اور شفاف نظام لانا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔
<><><><><>
.


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
27533