Chitral Times

Jun 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پنجاب اور پختونخوا میں آئندہ ہفتے سے گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی

شیئر کریں:

پنجاب اور پختونخوا میں آئندہ ہفتے سے گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی

لاہور( چترال ٹائمزرپورٹ)قدرتی آفات سے نمٹنے والے صوبائی ادارے پی ڈی ایم اے کی جانب سے انتظامیہ کو موسمی صورت حال کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں 16 سے 18 جون کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ 18 سے 22 جون تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے امکانات ہیں۔جنوبی پنجاب میں 20 سے 22 جون کے دوران بارشوں کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کی جانب سے انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری عیدالاضحیٰ کی تیاریوں میں موسمی صورت حال کو ضرور ذہن میں رکھیں۔ عید کی چھٹیوں میں سیاحت کی غرض سے نکلنے والے موسم کی اپڈیٹس ضرور لیں۔دوسری جانب پی ڈی ایم اے پختونخوا کی جانب سے جاری مراسلے میں صوبے کے بالائی اضلاع میں آئندہ منگل کے روز سے ہفتے کے روز تک آندھی، جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کمزور مغربی ہوائیں منگل کی شام کو ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

 

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو گرد آلود ہوائیں، آندھی، جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔اْدھر وفاقی دارالحکومت میں بھی عید کے دوسرے روز بارشوں کی خبر سنائی گئی ہے جب کہ عید کے پہلے روز موسم شدید گرم ہوگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق عید کے دوسرے روز پنجاب، کشمیر، خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے مطابق عید کے دوسرے روز اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات سیالکوٹ میں بارشیں ہوں گی۔ عید کے تیسرے روز بارشوں کاسلسلہ جنوبی پنجاب کے علاقوں میں پہنچ جائے گا۔ڈی جی محکمہ موسمیات کے مطابق مون زون کی بارشیں اس سال جون کے آخری ہفتے میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ جون کے آخری تین دنوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔ بارشوں کے باعث ندی نالوں اور دریاؤں میں سیلاب کا خدشہ بھی ہے۔

 

عید الاضحیٰ اور محرم پر پشاور میں غیر قانونی افغانوں کا داخلہ بند کرنیکا فیصلہ

پشاور(سی ایم لنکس)عید الاضحیٰ اور ماہ محرم کے دواران پشاور میں غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کا داخلہ مکمل بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پشاورپولیس چیف قاسم علی خان نے بتایا کہ عیدالاضحیٰ اور محرم (عاشورہ) کے موقع پر غیر قانونی افغانوں کا شہر میں داخلہ مکمل بند ہو گا، یہ فیصلہ سکیورٹی خدشات، راہزنی و دیگر جرائم پر قابو پانے کے پیش نظر کیا گیا۔قاسم علی خان کا کہنا تھا کہ حساس مقامات و عبادت گاہوں کا ازسرنو سکیورٹی آڈٹ کیا جائے گا اور اسٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات بھی اٹھائیں جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ عید اور محرم کے موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے جائیں گے، مذہبی تہواروں کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
90083