Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پشاورمیں خیبر پختونخوا کی پہلی دوہ روزہ بین الاقوامی لائیوسٹاک اور ماہی پروری نمائش کا افتتاح

Posted on
شیئر کریں:

 پشاورمیں خیبر پختونخوا کی پہلی دوہ روزہ بین الاقوامی لائیوسٹاک اور ماہی پروری نمائش کا افتتاح گورنرحاجی غلام علی نےکردیا


گورنرنے ایکسپومیں جانوروں، مچھلیوں کی افزائش نسل، ڈیری فارمنگ، خوراک، دیکھ بھال و بیماریوں سے بچاؤ کیلئے لگائے گئے مختلف اسٹالز کابھی معائنہ کیا
صوبہ میں عالمی لائیوسٹاک ایکسپو کا انعقاد بہترین اقدام،جانوروں کی افزائش نسل، ڈیری فارمنگ کیلئے انتہائی مفید ثابت ہو گا،گورنر

پشاور (چترال ٹایمزرپورٹ ) گورنرخیبرپختونخواحاجی غلام علی نے پشاورمیں خیبر پختونخوا کی پہلی دوہ روزہ بین الاقوامی لائیوسٹاک اور ماہی پروری نمائش کا افتتاح کردیا،پشاور کے مقامی گیدرنگ ہال میں منعقدہ نمائشی میلے میں گورنر نے  جانوروں، مچھلیوں کی افزائش نسل، ڈیری فارمنگ، خوراک، دیکھ بھال و بیماریوں سے بچاؤ کیلئے لگائے گئے مختلف اسٹالز کا معائنہ بھی کیا۔ اور لائیوسٹاک وماہی گیری کے تحفظ  اورترقی کیلئے معلومات بھی حاصل کیں اورجانوروں ومچھلیوں کے افزائش نسل بڑھانے سے متعلق اسٹالز پر لگی ادویات، جدیدٹیکنالوجی کااستعمال سمیت دیگرضروری اشیاء کامعائنہ بھی کیا۔ افتتاحی تقریب میں لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹر عالمزیب خان، محکمہ فشریز کے ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹرخسرو کلیم،لائیو سٹاک فارمرز ویلفئر ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے صوبائی صدرمحمد آصف اعوان،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر قاضی ضیاالرحمن، انبوکس پاکستان کے چیف ایگزیکٹواورانٹرنیشنل لائیو سٹاک ایگری فشریز ایکسپو کے چیف آرگنائز محمد وقا ص علی سمیت  ماہرین زراعت،زرعی ترقی پسند کسان، ڈیری اور لائیو اسٹاک فارمر، سرمایہ کار، تاجر،وفاقی اور صوبائی سرکاری افسران شریک تھے۔ اس موقع پر گورنر کو ڈائریکٹر جنرل محکمہ لائیو اسٹاک اور محکمہ فشریز کیجانب سے محکمانہ فرائض و کامیابیوں سے متعلق پریزینٹیشن بھی دی گئی۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے صوبہ میں عالمی لائیوسٹاک ایکسپو کا انعقاد بہترین اقدام  قراردیتے ہوئے کہاکہ ہمارا ملک زرعی ملک ہونے کے ساتھ بہترین اقسام کے جانوروں کی پیداوار بھی رکھتا ہے،جانوروں کی افزائش نسل، ڈیری فارمنگ کیلئے یہ ایکسپو انتہائی مفید ثابت ہو گا۔انہوں نے کہاکہ لائیو اسٹاک شعبہ کی ترقی کیلئے تحقیق لازمی جزو ہے۔لائیو اسٹاک میں تحقیق کو کمرشلائز کرنے سے خوراک کی کمی دور ہونے کے ساتھ روزگار کو فروغ حاصل ہو گا۔انہوں نے کہاکہ گورنر ہاؤس ریسرچ کو کمرشلائز کرنے کیلئے زرعی یونیورسٹی سمیت تمام یونیورسٹیوں کی معاونت کر رہا ہے۔ ایک جامع تحقیق نہ ہونے کی وجہ سے آج ہم زرعی اور لائیوسٹاک شعبہ میں ترقی حاصل نہیں کر پائے ہیں۔ میری خواہش ہے کہ جدید ریسرچ کے مطابق زرعی شعبہ بالخصوص گنے کی سائز، مالٹا، آم سمیت دیگرپھلوں کو سائز کے حساب سے دنیابھر میں متعارف کراناہوگا۔ زرعی اشیاء کی پیداوار بڑھانے کیلئے ایک کمیشن کی ضرورت ہے،زراعت و لائیوسٹاک پر خصوصی توجہ دینے سے خوراک و دودھ سمیت پروٹین کی کمی کا سامنا بھی نہیں رہے گا۔

 

انہوں نے کہاکہ صوبہ میں قیمتی انواع و اقسام کے جانور اور مچھلیاں موجود ہیں اور ان نسل کا تحفظ محکمہ لائیوسٹاک کی اولین ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ، صوبائی دارالحکومت پشاورمیں لائیوسٹاک ایگری فشریز ایکسپو کے انعقاد سے نہ صرف فارمنگ سیکٹر میں بہتری آئیگی بلکہ صوبے میں کاروبار کو بھی فروغ ملے گا۔ اس سے زمیندار زراعت میں جدید طریقوں سے متعارف ہوں گے، ہم نہ صرف پھل، اناج، سبزی،دودھ اورگوشت میں خودکفیل ہوں گے بلکہ برآمد بھی کرسکیں گے۔گورنرنے منعقدہ ایکسپو کو زمینداروں اور کسانوں کیلئے تحفہ قراردیتے ہوئے منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا اور اس بات پر زوردیا کہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی اس قسم کے ایکسپو منعقد کئے جائیں۔ انہوں نے سرمایہ کاروں پر بھی زوردیاکہ وہ صوبے کے مختلف علاقوں میں پراسسنگ پلانٹس لگائیں، ویلیوایڈیشن کیلئے مختلف مقامات پر سہولیات بنائیں تاکہ زمینداروں کی پیداوار ضیاع سے بچ سکیں۔ انہوں نے کہاکہ لائیوسٹاک اور ڈیری سیکٹر جو پوٹینشل موجود ہے اس سے حقیقی معنوں میں اب تک استفادہ نہیں کیا گیا ہے۔لائیوسٹاک کو فروغ دے کر ہی اس سے معاشی فائدہ حاصل کیا جاسکتاہے۔ ملک اور صوبے کی ترقی کا انحصار لائیوسٹاک پر ہے لائیوسٹاک کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کی معیشت مزید مستحکم ہو سکے۔

chitraltimes governor khyber pakhtunkhwa haji ghulam ali inagurated livestock and fishries

 

علاوہ ازیں گورنر سے تحصیل پٹن لوئر کوہستان سے تحصیل چیئرمین رحمت اللہ کی قیادت میں منتخب بلدیاتی چیئرمینز اور ناظمین کے 20 رکنی وفد نے بھی گورنرہاوس میں ملاقات کی۔ وفد میں مولانااسرار، مولاناقذافی، محمد حسن، سعیدالرحمن، شبیراحمد، مشیرخان، دوست محمد، مفتی احمدعلی اوردیگرشامل تھے۔ وفدنے گورنر کو علاقے کے عوام کو درپیش مسائل بالخصوص بلدیاتی نمائندوں کو فنڈز اوراختیارات سے متعلق آگاہ کیا اور ان مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے بتایا کہ کوہستان ایک پسماندہ ضلع ہے اوربلدیاتی نمائندوں کو فنڈز کی عدم فراہمی کی وجہ سے نچلی سطح پر عوامی مسائل حل نہیں ہورہے۔ وفد کے شرکاء نے ملاقات کاموقع فراہم کرنے اور ان کی معروضات سننے اور مسائل کے حل میں دلچسپی لینے پر گورنر کا شکریہ ادا کیا اورانہیں خراج تحسین پیش کیاکہ جس خلوص اورسنجیدگی سے گورنر منتخب بلدیاتی نمائندوں فنڈز واختیارات کی منتقلی کیلئے کوششیں کررہے ہیں وہ قابل تقلید ہے۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کو فنڈز واختیارات کی منتقلی کیلئے وہ خود کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بلدیاتی ادارے حکومتوں کابوجھ ہلکا کرتے ہیں لیکن بدقسمتی سے سابق حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے بعدنہ صرف اسمبلی سے ترمیم کرکے تحصیل چیئرمینزومیئرزکے اختیارات ختم کئے بلکہ انہیں فنڈز سے بھی محروم رکھاگیا جس کی وجہ سے نچلی سطح پر عوامی مسائل بڑھ گئے ہیں۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ بہت جلد صوبے کی تمام بلدیاتی نمائندوں کو بلاتفریق فنڈز جاری کردیے جائیں گے۔  دریں اثناء گورنرسے پشاور شہر سے شہاب الدین ایڈوکیٹ کی قیادت اور کوہاٹی گیٹ سے احسن علی کی قیادت میں نمائندہ وفود نے بھی ملاقات کی۔ وفود میں سعیداللہ خان، علی شہاب، شفیع اللہ اوردیگرشامل تھے۔ وفود کے شرکاء نے گورنر مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ زرعی یونیورسٹی کے کلیریکل ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے بھی صدر ارباب حزب اللہ کی قیادت میں گورنر سے ملاقات کی اور مختلف امور پرتبادلہ خیال کیا۔#


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
79841