Chitral Times

Jun 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پرنس رحیم آغا خان کا پاکستان کا پانچ روزہ دورہ مکمل، اخری روز وزیراعظم پاکستان سے ملاقات

Posted on
شیئر کریں:

پرنس رحیم آغا خان کا پاکستان کا پانچ روزہ دورہ مکمل، اخری روز وزیراعظم پاکستان سے ملاقات

 

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) پرنس  رحیم آغا خان کا دورۂ پاکستان اختتام کو پہنچ گیا۔اپنے دورے کے آخری روزپرنس رحیم آغا خان نے وزیراعظم پاکستان، میاں محمد  شہباز شریف سے اُن کی سرکاری رہائش گاہ ،واقع اسلام آباد ،میں ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے پرنس رحیم کا خیرمقدم کرتے ہوئے AKDNکی جانب سے پاکستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر اُن کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے علاوہ، وزیر اعظم نے قیام پاکستان میں سر سلطان محمد شاہ آغا خان سوم کے کردار کو بھی سراہا۔ پرنس رحیم کے ہمراہ AKFED کے ڈائریکٹر، سلطان علی الانہ اور آغا خان کے سفارتی اُمور کے شعبے کے سربراہ شفیق سچی دینا بھی موجود تھے۔

 

پرنس رحیم حکومت اور AKDNکی قیادت سے ملاقات اور گلگت بلتستان میںAKDNکے نئے منصوبوں کا جائزہ لینےکی غرض سے پاکستان کے پانچ روزہ دورے پر تھے۔اس دوران انہیں پاکستان کے صدر ،  آصف علی زرداری نے ایشیا اور افریقہ جیسے وسائل سے محروم خطوں میں لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے انتھک کوششیں کرنے  پرپاکستان کے سب سے بڑے سول ایوارڈ”نشان پاکستان“ سے نوازا۔ یہ ایوارڈ ایسے افراد کو دیا جاتا ہے جنہوں نے پاکستان کے لیے اعلیٰ ترین خدمات انجام دی ہوں۔

 

اعزاز وصول کرنے کے بعد پرنس رحیم نے کہا کہ ”مجھے آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک، اپنےساتھیوں،اپنے عملے اور دیگر اُن بہت سے رضاکاروں کی جانب سے جو پاکستان کے عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لئے انتھک محنت کرتے ہیں, اس طرح کا اعزاز قبول کرنے پر فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں اس عظیم اعزاز پر صدر پاکستان اور حکومت پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔“

 

اس دورے کے دوران پرنس رحیم نے صدر پاکستان  آصف علی زرداری، وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، گورنر گلگت بلتستان ،سید مہدی شاہ، گورنر خیبر پختونخوا ،فیصل کریم کنڈی اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان ،گلُبر خان سمیت مختلف سرکاری حکام سے ملاقاتیں کیں اور ملک میںAKDNکے منصوبوں سمیت باہمی دلچسپی کے اُمور پرتبادلہ خیال کیا۔

 

8جون کو  پرنس رحیم آغا خان نے ہُنزہ کا دورہ کیا ، جہاں انہوں نے ناصرآباد میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا باضابطہ افتتاح کرنے کے علاوہ ڈوئیکر سولر پاور پلانٹ (Duiker Solar Power Plant)کی پیداواری گنجائش میں اضافہ کرنے اور نئے  سولر پلانٹ کی تنصیب کا افتتاح کیا۔ نصیر آباد میں قائم کیا جانے ولا سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک بجلی کی بلاتعطل فراہمی، تیز رفتار انٹرنیٹ اور چھوٹے اور بڑھتے ہوئے اسٹارٹ اپس، فری لانسرز اور چیمبرز آف کامرس کے لیے کام کرنے کی مشترکہ جگہ(co-working space) فراہم کرے گا۔ سولر انرجی پلانٹ  کا دوسرامرحلہ، جس پر کام شروع ہورہا ہے ، ہنزہ میں تقریبا 20،000 افراد کے لیے بجلی کی فراہمی میں اضافہ کرے گا۔ یہ دونوں منصوبے خطے میں زندگی کے مجموعی معیار کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

 

بعد ازاں،9جون کو ،پرنس رحیم نے ،گلگت بلتستان میں ایچ بی ایل مائیکرو فنانس بینک (HBL MfB) کے نئے علاقائی ہیڈ کوارٹرکا افتتاح کیا۔ جدید فن تعمیر اور مقامی ثقافتی عناصر کا امتزاج رکھنے والی یہ  نئی عمارت گرین کنسٹرکشن (green construction)اوراعلیٰ تعمیر کے  بین الاقوامی معیاروں پر پورا اترتی ہے اور مضبوطی، جدت اور مقامی کمیونٹی کی ترقی کے لیے بینک کے عزم کو اُجاگر کرتی ہے۔

chitraltimes prince rahim aga khan visit to pakistan concluedes meeting with pm shehbaz 2


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریں, گلگت بلتستانTagged
89957