Chitral Times

Jun 27, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پرنس رحیم آغا خان نے گلگت بلتستان میں HBL MfB کے ریجینل ہیڈ کوارٹرز کا افتتاح کردیا،

Posted on
شیئر کریں:

پرنس رحیم آغا خان نے گلگت بلتستان میں HBL MfB کے ریجینل ہیڈ کوارٹرز کا افتتاح کردیا،

یہ اقدام پائیداری اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے قائدانہ کردار ادا کرنے کے لیے بینک کے عزم کا عکاس ہے

گلگت(چترال ٹائمزرپورٹ ) گلگت بلتستان میں HBL مائیکرو فنانس بینک (HBL MfB) نے اپنے نئے ریجینل ہیڈکوارٹرز کا افتتاح کردیا۔ تقریب میں آغا خان فنڈ فار اکنامک ڈویلپمنٹ (AKFED) کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئر پرنس رحیم آغا خان، HBL کے چیئرمین سلطان علی الانہ،HBL کے صدر اور سی ای او محمد ناصر سلیم، HBL MfB کے چیئرمین ریومنڈ کوتوال، HBL MfB کے سی ای او اور صدر عامر خان نے شرکت کی۔

 

یہ عمارت بینک کی پائیداری، جدت اور مقامی آبادی کی ترقی کیلئے بینک کے عزم کا عکاس ہے۔جدید فن تعمیرات اور مقامی ثقافت کے بہترین امتزاج کی حامل عمارت ما حول دوست تعمیرات کے اعلی ترین معیارات پر پورا اترتی ہے۔ عمارت کو LEED گولڈ سرٹیفکیشن اور EDGE ایڈوانسڈ سرٹیفکیشن سے نوازا گیا جو ملک میں مذکورہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والی پہلی عمارت ہے۔ امریکی گرین بلڈنگ کونسل سے ملنے والی LEED گولڈ سرٹیفیکیشن عمارت کی توانائی اور پانی کی کارکردگی، پائیدار سائٹ کی ترقی اور اندرونی ماحولیاتی معیار میں بہترین کارکردگی کو اجاگر کرتی ہے۔ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن(IFC)کی طرف سیدی گئی EDGE ایڈوانسڈ سرٹیفیکیشن عمارت کی توانائی اور پانی کی بچت کے حوالے سے وسائل کے استعمال میں بہترکارکردگی کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔یہ عمارت روزمرہ کے امور کی انجام دہی کیلئے درکار بجلی کا 40 فیصد ا پنے طور پر پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

 

پرنس رحیم آغا خان نے کہا”گلگت بلتستان میں HBL مائیکروفنانس بینک کے ریجینل ہیڈ کوارٹرز کاافتتاح آغاخان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) اور بینک دونوں کیلئے ایک شاندار سنگ میل ہے۔ یہ منصوبہ AKDN کے 2030 تک کاربن کے زیرو اخراج کے حصول کے ہدف کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔ بہتر اور زیادہ پائیدار مستقبل کیلئے ہماری کوششوں کے تناظر میں یہ عمارت گلگت بلتستان کے لوگوں کیلئے مسلسل ترقی، پائیداری اور خوشحالی کی علامت ہے”۔

 

چیئرمین HBL MfB ریومنڈ کوتوال نے کہا”گلگت بلتستان میں ریجینل ہیڈ کوارٹرز پائیدار ترقی اور مقامی آبادی کی فلاح وبہبود کیلئے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔ HBL مائیکروفنانس بینک کے سفر میں گلگت خاص مقام رکھتا ہے کیونکہ ہم نے دو دہائی قبل اسی شہر سے اپنے سفر کاآغاز کیا۔یہ عمارت معاشی ترقی کے فروغ اور علاقائی ماحول کے تحفظ کیلئے ہماری لگن اور عزم کی علامت ہے۔مقامی ثقافت کے ساتھ پائیدار طریقے اپناتے ہوئے HBL MfB نے ماحولیاتی تحفظ اور کارپوریٹ ذمہ داری میں قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے نئے معیارات قائم کیے ہیں۔ ہمیں گلگت بلتستان کے علاقے کی ترقی میں کردارادا کرنے پر فخر ہے اور ہم تمام پاکستانیوں کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔”

 

صدر و سی ای او HBL MfB عامر خان نے کہا”گلگت بلتستان کا فلیگ شپ ریجینل ہیڈکوارٹرز پاکستان کے بہترین مائیکروفنانس بینک کی طاقت اور استحکام کو ظاہرکرتا ہے۔ ریجینل ہیڈکوارٹرز نہ صرف ہماری آپریشنل صلاحیتوں کومزید تقویت دے گا بلکہ گلگت بلتستان کیلئے ترقی اور امید کی کرن بھی ثابت ہوگا۔ پراجیکٹ کے دوران علاقہ پر خصوصی توجہ دی گئی یہی وجہ ہے کہ مقامی معیشت کو فروغ دینے کیلئے پراجیکٹ کی کل لاگت کا 27فیصد مقامی سپلائرز کے لیے مختص کیا گیا”۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, گلگت بلتستان
89936