Chitral Times

Jun 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پاکستان حج مشن کی عازمین کو قربانی کے جعلی کوپن رعایتی قیمت پر فروخت کرنے والے جعل ساز گروہ سے ہوشیار رہنے کی ہدایت

Posted on
شیئر کریں:

پاکستان حج مشن کی عازمین کو قربانی کے جعلی کوپن رعایتی قیمت پر فروخت کرنے والے جعل ساز گروہ سے ہوشیار رہنے کی ہدایت

مکہ مکرمہ( چترال ٹایمز رپورٹ )حج 2022 کے موقع پر قربانی کے جعلی کوپن رعایتی قیمت پر فروخت کرنے والے گروہ متحرک ہو گئے ہیں۔ اس سلسلے میں پاکستان حج مشن نے اپنیعازمین کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ایسے جعل سازوں سے ہوشیار رہیں اور ان کے جھانسے میں نہ آئیں۔شرعی اصولوں کے مطابق قربانی کرنا ہی مناسک حج کی درست ادائیگی کیلئے بہترین عمل ہے۔ پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ اور اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان قربانی کے حوالے سے ایک ایم او یو پر حال ہی میں دستخط ہوئے ہیں۔جس کے مطابق پاکستانی عازمین کے لئے حج کے موقع پر قربانی کے تمام انتظامات اسلامی ترقیاتی بینک کرے گا۔ جن پاکستان عازمین نے ابھی تک بوجوہ قربانی کی رقم جمع نہیں کرائی انہیں پانچ ذوالحج تک رقم جمع کرانے کیلئے وقت دیا جائے گا۔ اردو نیوز کے مطابق مکہ مکرمہ پولیس نے قربانی کے جعلی کوپن فروخت کرنے والے ایک گروہ کو گرفتار کیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق چار گرفتار شدگان میں سے تین کے پاس اقامے جبکہ چوتھا وزٹ ویزے پر ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ مذکورہ افراد نے جعلی کوپن سوشل میڈیا کے ذریعے فروخت کیلئے پیش کر رکھے تھے اور اس گروہ نے جعلی کوپن کی قیمت میں رعایتیں دے رکھی تھیں۔ پولیس نے کہا ہے کہ مذکورہ افراد سے تفتیش مکمل ہونے پر انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا جائے گا۔

پاکستان حج مشن مکہ نے اپنے عازمین سے قربانی کی رقم جمع کرنے کے طریقہ کار کو حتمی شکل دیدی

مکہ مکرمہ(سی ایم لنکس)پاکستان حج مشن مکہ نے اپنے عازمین سے قربانی کی رقم جمع کرنے کے طریقہ کار کو حتمی شکل دیدی ہے۔ جس کے مطابق ہر رہائشی سیکٹر میں ایک معاون مقرر کیا جارہا ہے جو اب تک قربانی کی رقم بوجوہ جمع نہ کرانے والے پاکستانی عازمین سے رقم جمع کرے گا۔اتوار کو ڈائریکٹر حج مکہ ساجد منظور اسدی نے اے پی پی اور ریڈیو پاکستان کو بتایا کہ سرکاری اسکیم کے کئی حاجی بوجوہ ابھی تک قربانی کی رقم جمع نہیں کراسکے ان کی سہولت کیلئے پاکستان حج مشن مکہ نے ایک طریقہ کار طے کیاہے جس کے تحت مکہ مکرمہ کے چاروں سیکٹرز میں عازمین حج سے قربانی کی رقم جمع کرنے کیلئے ایک معاون مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جوحجاج کرام سے قربانی کی رقم جمع کرکے اسلامی ترقیاتی بینک کی ویب سائٹ پر ڈیٹا ڈالے گا۔ایک سوال کے جواب میں ڈائریکٹر حج نے بتایا کہ اسلامی ترقیاتی بینک کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے تحت بینک نے اپنا ڈیٹا سسٹم حج مشن کے ساتھ شیئر کیا ہے جس میں پہلے سے رقم جمع کرانے والے حجاج سمیت نئیرقم جمع کرانے حاجیوں کا ڈیٹا بھی ڈالا جائے گا جو بینک کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوگا۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قربانی کے حوالے سے مزید معاملات طے کرنے کیلئے پاکستان حج مشن اور اسلامی ترقیاتی بینک کا ایک اجلاس طے ہے جس میں ہم پاکستان حجاج کیلئے پہلے ہی دن قربانی کی بات کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہر حاجی کو اس کی قربانی کے وقت کے حوالے سے قبل از وقت اطلاع دینے کا معاملہ بھی زیر غور ہے۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
62857