Chitral Times

Jul 5, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پاکستان بیت المال ہر ضلع میں‌100بیواؤں کو رجسٹرڈ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے..منیجنگ ڈائریکٹر

Posted on
شیئر کریں:

اسلام آباد ( چترال تائمزرپورٹ) پاکستان بیت المال نے یتیم بچوں کی بہتر غذائیت، صحت اور تعلیم کی حساسیت کو مد نظر رکھتے ہوئے کفالت یتیمی (آرفن ڈونر پروگرام)کے حوالے سے ہر ضلع سے 100 بیواؤں کو رجسٹرڈ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جس کے تحت بیوہ خاتون کو ایک بچے کی بہترین پرورش کے لئے 8 ہزار روپے اور 2 بچوں کی پرورش کے لئے 12 ہزار روپے سہ ماہی فراہم کئے جائیں گے۔ منیجنگ ڈائریکٹر عون عباس بپی نے جمعرات کوسرکاری خبررساں ادارے کو بتایا کہ یتیم اور بے سہارا بچوں کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی ایک اہم اورحساس معاملہ ہے۔ اس حوالے سے یتیم خانے کھولنے کا ایک رواج تھا لیکن موجودہ حکومت نے ایسے مراکز میں بچوں کی دیکھ بھال، تعلیم و تربیت اور بنیادی صحت اور غذائیت کے احساس کے مدنظر رکھتے ہوئے آرفن ڈونر سپورٹ پروگرام کے ایک جامع پلان مرتب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یتیم خانوں میں شاید اس طریقے سے بچوں کی دیکھ بھال نہ ہوتی ہو جتنی بہتر سہولیات انہیں اس پروگرام کے ذریعے دی جاسکتی ہیں۔ پاکستان بیت المال اس آرفن ڈونر پروگرام کے ذریعے ہر ضلع سے ایسی بیوہ خواتین کو رجسٹرڈ کرنے جارہے ہیں جو اپنے گھر میں اپنے بچوں کی بھرپور اور مناسب دیکھ بھال اور پرورش کریں اور پاکستان بیت المال انہیں ایک بچے کے لئے 8 ہزار روپے اور دو بچوں کے لئے 12 ہزار روپے سہ ماہی بنیادوں پر فراہم کرے گا اور بچوں کی بہتر دیکھ بھال کا جائزہ لینے کے لئے سہ ماہی امداد کے ساتھ بچے کی صحت اور تعلیم کی رپورٹ بھی حاصل کرے گا تاکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جا سکے کہ اس مد میں دیئے جانے والے فنڈز کا استعمال بھی درست ہو رہا ہے۔ اس عمل کو کسی سیاسی اثر سے پاک کرنے کے لئے بھی اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور ضلعی انتظامیہ کو یہ ٹاسک دیاگیا ہے کہ وہ اپنے اپنے سرکلز سے ایسی بیوہ خواتین کی فہرست فراہم کرے۔ ایم ڈی بیت المال نے بتایاکہ آرفن ڈونر سپورٹ پروگرام کے لئے پاکستان بیت المال نے ملٹی نیشنل کمپنیوں کو بھی خطوط ارسال کئے ہیں تاکہ کارپوریٹ سوشل رسپانس بیلیٹی (سماجی ذمہ داریوں کے معاون) کے تحت آرفن ڈونر سپورٹ پروگرام میں حصہ ڈالنے کے لئے پاکستان بیت المال کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ اس ذمہ داری کو بہتر انداز میں انجام دیا جا سکے۔ عون عباس پبی نے کہاکہ پاکستان بیت المال ملک بھر میں مستحق افراد کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ دیگر سماجی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں بھی حصہ ڈال دیا ہے۔ گلگت بلتستان میں درختوں کی بے دریغ کٹائی اور ایندھن کے لئے استعمال کو روکنے کے لئے ہم نے انرجی ایفیشنٹ چولہے متعارف کرائے ہیں جس ایک چولہے پر ساڑھے 8 ہزار روپے لاگت آتی ہے اس پروگرام کے تحت پہلے مرحلہ میں گلگت بلتستان کے 15 ہزار خاندانوں کو یہ سٹوو فراہم کئے جائیں گے۔ اس سٹوو یا چولہے میں لکڑی کی بجائے گوبر اور خشک گھاس جلا کر کھانا پکانے کے علاوہ شدید سردی سے بچاؤ کے لئے حرارت حاصل کرنے کا بھی کام لیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو ہم ملک کے دیگر دور افتادہ ان اضلاع میں بھی لے کر جائیں گے جہاں چیڑ، صنوبر، کیکر اور دیگر قیمتی درختوں کو ایندھن کے لئے بے دریغ طریقہ سے کاٹا جارہا ہے۔ ہسپتالوں میں مستحق مریضوں کی درخواستوں کو نمٹانے کے عمل کو سہل اور تیز رفتار بنانے کے لئے بھی اقدامات کررہے ہیں اور جلد آن لائن سسٹم متعارف کرانے جا رہے ہیں جس سے درخواست کی وصولی اور منظوری آن لائن دی جا سکے گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
31374