Chitral Times

Jun 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وکلاء کی  9 مئی کو ملک بھر میں ہڑتال کی کال,9 مئی کو پی ٹی آئی کو کچلنے کی کوشش کی گئی، سب پہلے سے طے شدہ تھا، بانی پی ٹی آئی

Posted on
شیئر کریں:

وکلاء کی  9 مئی کو ملک بھر میں ہڑتال کی کال,9 مئی کو پی ٹی آئی کو کچلنے کی کوشش کی گئی، سب پہلے سے طے شدہ تھا، بانی پی ٹی آئی

لاہور( چترال ٹائمزرپورٹ)وکلاء نے آج(9 مئی) کو پاکستان بھر میں پورا دن ہڑتال کی کال دے دی۔اس بات کا اعلان وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل نے میڈیا سے گفتگو میں کیا ہے۔وکلاء رہنما نے کہا کہ کتنی دیر تک آپ ہائی کورٹ کے دروازے بند کرکے بیٹھیں گے؟ان کا کہنا ہے کہ ہمارے 2 مطالبات ہیں، وکلاء دہشت گرد نہیں، ہڑتال کریں گے، ملک بھر سے وکلاء کو لاہور میں اکٹھا ہونے کی کال دیں گے۔وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل نے کہا کہ مسئلہ آج کا نہیں تھا، کافی عرصے سے چل رہاتھا، یہ اتنا بڑا مسئلہ نہیں، کل پورے پاکستان میں پورا دن ہڑتال کی کال دی ہے۔لاہور میں وکلاء بپھر گئے، جنہوں نے جی پی او چوک میں احتجاج کرتے ہوئے پولیس پر پتھراؤ کر دیا۔وکلاء نے رکاوٹیں ہٹا کر ہائی کورٹ کے اندر جانے کی کوشش کی۔پولیس نے وکلاء کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس شیلنگ کی، واٹر کینن کا استعمال بھی کیا۔پولیس کی جانب سے اب تک 50 سے زائد وکلاء کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔لاہور میں احتجاج کرنے والے وکلاء کو پولیس نے گرفتار کر کے قیدیوں کی وین میں ڈال دیا۔پولیس اور وکلاء کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں 1 ایس پی اور 2 ایس ایچ او زخمی ہوئے ہیں۔پولیس نے بیریئر لگا کر لاہور ہائی کورٹ کے مین گیٹ کا راستہ بند کر دیا اور مظاہرہ کرنے والے ایک وکیل کو گرفتار کر لیا۔

 

ججز گیٹ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ لاہور ہائی کورٹ کے احاطے میں بھی پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔علاوہ ازیں وکلاء نے اپنے احتجاد کے دوران عدالتیں بھی خالی کروائیں۔وکلاء کی جانب سے پہلی عدالت جسٹس انوار الحق پنوں کی خالی کروائی گئی۔وکلاء نے جسٹس انوار الحق پنوں کی عدالت سے سائلین کو باہر نکال دیا۔ڈی آئی جی آپریشنز کامران فیصل وکلاء سے مذاکرات کے لیے پہنچ گئے۔وکلاء کا کہنا ہے کہ ہائی کورٹ میں جنرل ہاؤس کا اجلاس کیے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔لاہور بار ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ہمارے پولیس کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔صدر لاہور بار منیر بھٹی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمارا مطالبہ ملک میں قانون کی حکمرانی قائم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ انصاف کی فراہمی اور آزاد عدلیہ ہے، آئین کی بالادستی اور بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کے لیے کوشش کرتے رہیں گے۔صدر لاہور بار منیر بھٹی نے کہا کہ مذاکرات ہوں گے تو دیکھیں گے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عدالتوں کی منتقلی کے نوٹس اور 7 اے ٹی اے واپس لیے جائیں۔پولیس نے عدالتوں کو جانے والے راستے بھی بند کر دیے، وکلاء آنسو گیس سے بچنے کے لیے جی پی پی او چوک میں اورنج لائن اسٹیشن کی سیڑھیوں میں جا بیٹھے۔وکلاء کے احتجاج کے باعث جی پی او چوک پر میٹرو بس اسٹیشن بند کر دیا گیا، مال روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔واضح رہے کہ وکلاء سول عدالتوں کی منتقلی اور وکلاء پر دہشت گری کے مقدمات کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔وکلاء کے احتجاج کے حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ پولیس زیادہ سے زیادہ صبر اور تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وکلاء کی طرف سے پتھراؤ کے بعد ہمیں آنسو گیس استعمال کرنی پڑی، تحمل کا مظاہرہ کرتے رہیں گے، خرابی کی گئی تو قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمارے ایس ایچ او اور کانسٹیبل زخمی ہو گئے، ہائی کورٹ کی سیکیورٹی کے لیے 2 ہزار کی نفری موجود ہے۔

9 مئی کو پی ٹی آئی کو کچلنے کی کوشش کی گئی، سب پہلے سے طے شدہ تھا، بانی پی ٹی آئی

اسلام آباد(سی ایم لنکس)تحریک انصاف کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی کو کچلنے کی کوشش کی گئی، سب پہلے سیطے شدہ تھا۔جیل سے اپنے ایک بیان میں بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ 9 مئی 2023ء کی حقیقت قوم پر پوری طرح واضح ہے، بتایا جائے کس کے حکم پر حساس مقامات کی سیکیورٹی ہٹائی گئی۔بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف وفاق کی سب سے بڑی اور مقبول ترین جماعت ہے، پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد نہایت تابناک ہے، ہمیشہ آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عدل و انصاف کو اپنی پہچان بنایا۔ان کا کہنا ہے کہ سابق چیف جسٹس بندیال نے الیکشن کرانے کا حکم دیا تو انہیں دھمکایا گیا، نگراں وزیراعظم نے حکومتی رکن کو فارم 47 کا طعنہ دے کر ہمارا مؤقف درست ثابت کردیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط اور کمشنر راولپنڈی کے بیان نیحقیقت کھول دی، یہ سب کچھ لندن پلان کے تین اہداف کے تحت کیا گیا۔بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ لندن پلان کا پہلا ہدف مجھے جیل میں ڈالنا تھا، لندن پلان کا دوسرا ہدف نواز شریف کے کیسز معاف کروانا تھا اور لندن پلان کا تیسرا ہدف تحریک انصاف کو کرش کروانا ہے۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر بات نہیں کرنا چاہتے تو نہ کریں، میں پاکستان کیلئے بات چیت کا کہہ رہا ہوں، مجھے کون سی ڈیل چاہیے یا میں کون سا بیرون ملک جانا چاہتا ہوں؟بانی پی ٹی آئی سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ 9 مئی کے واقعات پر معافی مانگیں گے۔بانی پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ میں کیوں معافی مانگوں معافی تو مجھ سے مانگنی چاہیے، کیپیٹل ہل میں سی سی ٹی وی فوٹیجز سے ملزمان کی شناخت کر کے سزا دی گئی۔انہوں نے کہا کہ یہاں تو سی سی ٹی وی فوٹیجز ہی غائب کردی گئیں، شہباز شریف لندن معاہدے کے تحت وزیراعظم بنے ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ میڈیا پر پابندیوں کے باوجود گندم کا اسکینڈل باہر آ چکا ہے، اگر میڈیا پر پابندیاں نہ لگائی جاتیں تو اب تک نہ جانے کتنے اسکینڈلز سامنے آجاتے۔بانی پی ٹی آئی نے مزید کہا ہے کہ ہم اپنے کسانوں سے یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں، ریاست پہلے ہی کسانوں کو کچھ نہیں دیتی اب ان سے محنت کا صلہ بھی چھینا جارہا ہے۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
88536