Chitral Times

Jun 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وفاقی حکومت نے چکدرہ سے چترال روڈ کے لئے لون فنڈ کی اصولی منظوری دیدی ہے.وزیراعلیٰ

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے اراکین صوبائی اسمبلی شفیع اللہ اور ہمایون خان کی سربراہی میں لوئردیر کے کثیر رکنی نمائندہ وفد نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور اپنے مسائل سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا ۔ وزیراعلیٰ نے وفد کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ صوبائی حکومت صوبہ بھر میں عوامی مسائل کے ازالے کے لئے سنجیدگی کے ساتھ کوشاں ہے ۔ انہوں نے خصوصی طور پر وفد کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے چکدرہ سے چترال روڈ کے لئے لون فنڈ کی اصولی منظوری دیدی ہے جو چکدرہ ، دیر اور چترال کے عوام کے لئے خوش آئند ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ تیمر گرہ بازار کی خوبصورتی کے پلان پر بہت جلد کام شروع کر دیا جائیگا ، اور تالاش بائی پاس کو رورل روڈز پروگرام کے تحت تعمیر کیا جائیگا ۔ انہوں نے بالم بٹ میں سپورٹس گراو ¿نڈ اور فیملی پارک کی تعمیر کی تجویز سے اصولی طور پر رضامندی ظاہر کی اور کہا کہ اگر زمین فراہم کی گئی تو ان منصوبوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بنیادی مسئلہ زمین کا ہے ، اگر علاقے کے عوام زمین کی فراہمی یقینی بنائے تو صوبائی حکومت انڈسٹریل سٹیٹ اور سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے لئے بھی اقدامات کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پالم واٹرسپلائی سکیم بھی منظوری اور عملدرآمد کے لئے وفاقی حکومت کو بھیج دی گئی ہے ، جس سے پانی کا مسئلہ حل ہو جائیگا۔وفد نے مسائل کے حل کے لئے خصوصی دلچسپی لینے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور صوبائی حکومت کی عام آدمی فلاح کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔
chief minister kp met lower dir delegation
………
.
وزیراعلیٰ نے سوات موٹروے کے دوسرے فیزپرتعمیراتی کام کی ذمہ داری کا فیصلہ کرنے کیلئے متعلقہ حکام کااجلاس طلب کرلیا
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سوات موٹر وے کے دوسرے فیز پر تعمیراتی کام کی ذمہ داری کا فیصلہ کرنے کے لئے متعلقہ وفاقی اور صوبائی حکام کا رواں ہفتے اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سوات موٹر وے کا دوسرا فیزچکدرہ انٹر چینج سے فتح پور تک تقریباً 80کلومیٹر طویل ، 9انٹرچینجز اور 8پلوں پر مشتمل ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے اس منصوبے پرجلد کام شروع کرنے اور ہر حال میں مکمل کرنے کے عزم کااظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ مذکورہ توسیعی روٹ کے دونوں اطراف کی آبادی کو انٹر چینجز کے ذریعے رسائی دی جائیگی اور تفریحی مقامات پر سیاحت کو فروغ دیا جائیگا، یہ منصوبہ تیز رفتار سفری سہولت کے ذریعے زرعی پیداوار کو مارکیٹ تک لے جانے ، سوات اور دیر کے اضلاع میں سیاحت کو ترقی دینے ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور مجموعی طور پر معیشت کے استحکام کے لئے ایک بہترین پیش رفت ثابت ہو گا۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں سوات موٹر وے کے دوسرے مرحلے کی تعمیر کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب خان ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات ، این ایچ اے اور پی کے ایچ اے کے اعلیٰ حکام سمیت دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو سوات موٹر وے کی توسیع کی ضرورت و اہمیت ، الائنمنٹ ، منصوبے کے فوائد و ثمرات، منصوبے پر عملدرآمد کے لئے مجوزہ مالی ماڈل ، کمرشل فیزیبیلیٹی ، آئندہ کے لائحہ عمل اور ٹائم لائنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ سوات موٹر وے منصوبے کا دوسرا مرحلہ تقریباً 80کلومیٹر طویل ہوگا، جو بنیادی طور پر چارلین پر مشتمل ہوگا، جسے مستقبل میں چھ لین تک توسیع دینے کی گنجائش بھی موجود ہوگی ، منصوبے کے لئے زمین کے حصول کا تخمینہ لاگت 20.5ارب روپے جبکہ تعمیراتی کام کا تخمینہ لاگت تقریباً 37ارب روپے ہے، یہ روٹ 9 مختلف انٹر چینجز پر مشتمل ہوگا، جن میں چکدرہ انٹر چینج ، شموزئی انٹر چینج، بری کوٹ انٹر چینج ، مینگورہ انٹر چینج ، کانجو انٹر چینج، مالم جبہ انٹر چینج، شیرپالم انٹر چینج، مٹہ خوازہ خیلہ انٹر چینج اور مدین فتح پور انٹر چینج شامل ہیں۔ دریائے سوات کے مختلف مقامات پر آٹھ پل تعمیر کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے پر بروقت کام شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ وفاقی اور صوبائی حکام کا اجلاس جلد طلب کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ سوات موٹر وے کے توسیعی منصوبے کی تعمیر سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور حکومت کے سیاحت کو بطور صنعت ترقی دینے کے منصوبے کو دیر پا بنانے میں مدد ملے گی۔ موٹر وے پر انٹر چینجز کے قریب سیاحتی مقامات کی ترقی سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے کی تعمیر میں زرعی زمینوں اور آبادی کو ہر ممکن حد تک تحفظ دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف مقامی آبادی کے لئے سہولت فراہم کریگا بلکہ قومی و بین الاقوامی سیاحوں کے لئے بھی فائدہ مند ہوگا ۔
chief minister sawat motorway meeting
………..


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
29308