Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وفاقی اور صوبائی حکومت مالیاتی منصوبوں کو کامیاب جوان پروگرام سے منسلک کرنے پرمتفق

Posted on
شیئر کریں:

وفاقی اور صوبائی حکومت، انصاف روزگار سکیم سمیت خیبر پختونخوا کی دیگر مالیاتی منصوبوں کو کامیاب جوان پروگرام سے منسلک کرنے پر متفق، انصاف روزگارسکیم کیلئے کامیاب جوان پروگرام کے ویب پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکیں گے۔
خیبر پختونخوا میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے شروع کئے گئے منصوبوں کی کامیابی کے لئے وفاقی حکومت کی ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی
.
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ )‌ خیبر پختونخوا میں لوگوں کو روزگار اور باالخصوص نوجوانوں کو کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے شروع کئے جانے والے مالیاتی منصوبوں کو وزیر اعظم کے کامیاب جوان پروگرام سے منسلک کرنے کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ صوبائی وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا، وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ اسد عمر،وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار،پارلیمانی سیکرٹری کنول شوذب اور بنک آف خیبر کے قائمقام صدر اس اہم اجلاس میں شریک تھے۔اس موقع پر خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے انصاف روزگار سکیم سمیت نوجوانوں کو کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے شروع کئے جانے والے دیگر مالیاتی منصوبوں کی افادیت کو بڑھانے اوران منصوبوں کے ذریعے زیادہ سے زیادہ افراد کوشامل کرنے اورطریقہ کار کو سہل بنانے سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس ضمن میں بعض فیصلے بھی کئے گئے۔

وزیر اعظم عمران خان کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے اور خود مختار بنانے کے وژن کے تحت وفاقی حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے کامیاب جوان پروگرام کی مقبولیت اورافادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیاکہ پہلے مرحلے میں انصاف روزگار سکیم اور بعد ازاں دیگرمالیاتی منصوبوں کو کامیاب جوان پروگرام سے منسلک کیا جائے۔اس ضمن میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت کے مالیاتی منصوبوں کو بھی منسلک کرکے ان کے لئے خواہشمند افراد کامیاب جوان پروگرام کی ویب پورٹل کے ذریعے ہی آن لائن درخواست دیں گے۔اجلاس میں بنک آف خیبر کے ذریعے کامیاب جوان پروگرام کے تحت باصلاحیت کاروباری افراد کو قرضے کی ادائیگی کے عمل کو تیز تر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ صوبے میں نوجوانوں کے لئے باعزت روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کو یقینی بنایا جاسکے۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر اوروزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے کاروباری مواقع فراہم کرنے اور عوام کی فلاح وبہبود اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے شروع کئے جانے والے منصوبوں کے اجراء کو سراہتے ہوئے ان کی بھرپور کامیابی کے لئے صوبائی وزیر خزانہ کو وفاقی حکومت کی جانب سے ہرممکن تعاون فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کی۔وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت صوبے کے معاشی استحکام اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
29007