Chitral Times

Jul 2, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر بارشوں اور برفباری سے حادثات کے نتیجے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی امداد کےلئے 39 ملین روپے جاری

شیئر کریں:

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر بارشوں اور برفباری سے حادثات کے نتیجے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی امداد کےلئے 39 ملین روپے جاری

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر بارشوں اور برفباری سے حادثات کے نتیجے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی امداد کےلئے 39 ملین روپے جاری کردیے گئے ہیں۔ پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں 37 جاں بحق افراد کے ورثاءمیں امدادی چیکس تقسیم کئے گئے۔ یہ چیکس ضلع سوات،باجوڑ، چارسدہ، دیرلوئر، دیراپر، ایبٹ آباد،مانسہرہ، مردان،مہمند، بنوں، خیبر، صوابی اور لکی مروت میں تقسیم کئے گئے ہیں۔ درایں اثناءوزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ دیگر اضلاع کے جاں بحق افراد کے لواحقین میں بھی مالی امداد کے چیکس جلد سے جلد تقسیم کئے جائیں۔ اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور انہیں بروقت ریلیف پہنچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا ئیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے تمام متعلقہ ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارشوں اور برفباری سے متاثرہ علاقوں میں بند رابطہ سڑکوں کو کھولنے سمیت دیگر انفراسٹرکچر اور سہولیات کی بحالی کے کاموں کی خود نگرانی کریں اور کم سے کم ممکنہ وقت میں بحالی کے کاموں کی تکمیل یقینی بنائیں۔

 

 

وزیراعلیِ کا  سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملے اور  پولیو ٹیم پر نا معلوم افراد کی فائرنگ کے واقعے  کی شدید الفاظ میں مذمت

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پور نے بنوں کے سب ڈویژن وزیر میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ انہوں نے حملے میں دو سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے شہدا کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعاکی ہے۔علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ملک میں امن کے لئے سیکیورٹی فورسز نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، ہم قوم کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے حملے میں زخمی اہلکار کی جلد صحت یابی کے لیے بھی نیک تمناو¿ں کا اظہارکیا ہے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے مردان کے علاقہ شیر گڑھ میں پولیو ٹیم پر نا معلوم افراد کی فائرنگ کے واقعے کی بھی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے اہلکار کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو زخمی اہلکار کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔مزید برآں انہوں نے پولیس کے اعلیٰ حکام کو پولیو ٹیم پرفائرنگ میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری عمل میں لانے کی بھی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ فرنٹ لائن پر کام کرنے والے پولیو ورکرز ہمارے ہیرو ہیں، پولیو ٹیم پر حملہ کرنے والے ہمارے بچوں کے محفوظ مستقبل کے دشمن ہیں۔ انہوں نے پولیو ٹیموں کی حفاظت کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ صوبائی حکومت صوبے کو پولیو وائرس سے پاک کرنے کے لئے پر عزم ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
85978