Chitral Times

Jun 27, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیر اعظم عمران خان نے ملک کے لٹیروں کو این آراو دینے سے انکار کیا تو وہ اپنی چوری چھپانے کے لئے اکھٹے ہوگئے ہیں۔ وزیراعلی محمود خان

Posted on
شیئر کریں:

وزیر اعظم عمران خان نے ملک کے لٹیروں کو این آراو دینے سے انکار کیا تو وہ اپنی چوری چھپانے کے لئے اکھٹے ہوگئے ہیں۔ وزیراعلی محمود خان

سوات ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ جب وزیر اعظم عمران خان نے ملک کے لٹیروں کو این آراو دینے سے انکار کیا تو وہ اپنی چوری چھپانے کے لئے اکھٹے ہوگئے ہیں لیکن یہ حکومت کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکتے، ان لوگوں نے ملک پر باری باری سترسالوں سے حکومت کرکے صرف اپنی جیبیں بھری ہیں اور ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا کر چلے گئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات میں پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئمہ مساجد کو ماہانہ وظائف کی ادائیگی، صوبہ بھر کے مساجد کی سولرائزیشن، مدرسے کے طلبہ کو سکالرشپس کی فراہمی کے علاوہ دیگر مثالی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام نہاد ٹھیکیداروں نے اس صوبے پر پانچ سال حکومت کی وہ عوام کو بتائیں کہ انہوں نے اسلام کی کیا خدمت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عسکریت پسندی کے دوران جب سوات کے لوگ نقل مکانی کررہے تھے تو عمران خان واحد لیڈر تھے جو سوات کے متاثرین کی آواز بنے تھے جبکہ شہباز شریف نے آٹک کے مقام پر پختونوں کے پنجاب داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی اور آج وہ لوگ پختونخوا کے خیر خواہ بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ پختونوں کے نام نہاد علمبرداروں نے بھی اس صوبے پر پانچ سال حکومت کی لیکن انہوں نے اپنی جائیدادیں بنانے کے علاوہ پختونوں کے حقوق کے لئے کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ڈی پیز کے فنڈز کھانے والے آج عمران خان کے خلاف باتیں کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے ان تمام سیاسی جماعتوں کو مسترد کردیا ہے اور اب صرف پاکستان تحریک انصاف ہی اس صوبے کے عوام کی امیدوں کا واحد مرکز ہے، خیبر پختونخوا سمیت پورے ملک میں آئندہ حکومت بھی پاکستان تحریک انصاف ہی کی ہوگی۔

 

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن منانے کی قرارداد منظور کرنے پر وزیر اعظم عمران خان، پاکستانی قوم اور پوری امت مسلمہ کو مبارک باد۔وزیراعلیِ

 

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن منانے کی قرارداد منظور کرنے پر وزیر اعظم عمران خان، پاکستانی قوم اور پوری امت مسلمہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامو فوبیا کے خلاف وزیر اعظم عمران خان کی کوششیں رنگ لے آئیں اور بالآخر دنیا نے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان کا موقف تسلیم کرلیا جس پر وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی قوم خصوصی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نہ صرف پاکستان بلکہ امت مسلمہ کے لیڈر ہیں جنہوں نے مسلمانوں کا مقدمہ عالمی فورمز پر موثر انداز میں لڑا ہے اور مسلمانوں کے ساتھ عالمی سطح پر ہونے والی زیادتیوں کے خلاف بھر پور آواز اٹھائی اور یہی وجہ ہے کہ آج عالمی برادری نے پاکستان کے اصولی موقف کو تسلیم کرلیا جو پوری قوم کے لئے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جس انداز میں کشمیر کا مقدمہ عالمی فورمز پر لڑا ہے اسکی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

chitraltimes cm kpk mahmood khan called on by a delegation of imamia jirga kp

وزیر اعلیِ محمود خان کا سانحہ کوچہ رسالدار پشاور کے شہدا کے لواحقین کیلے خصوصی معاوضوں کی رقم فی کس 20 لاکھ سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے کرنے کا اعلان

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سانحہ کوچہ رسالدار پشاور کے شہداءکے لواحقین کے لیے خصوصی معاوضوں کی رقم فی کس 20 لاکھ سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے بدھ کے روز امامیہ جرگے کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے امامیہ جرگہ خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری برگیڈیئر ریٹائرڈ سر تاج قزلباش کی قیادت میں ان سے ملاقات کی اور سانحہ کوچہ رسالدار کے شہداءکے لئے معاوضوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ یاد رہے کہ صوبائی کابینہ نے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں سانحہ کوچہ رسالدار کے شہداءکے لواحقین کے لئے 20 لاکھ روپے فی کس خصوصی معاوضوں کی منظوری دی تھی۔ ملاقات میں وفد نے وزیر اعلیٰ سے ان خصوصی معاوضوں کی رقم کو بڑھانے کی درخواست کی جس پر وزیر اعلی نے معاوضوں کی رقم کو 20 لاکھ سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف، چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، کمشنر پشاور ریاض محسود اور دیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ بعد ازاں وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے امامیہ جرگے کے رہنماو¿ں کے ہمراہ منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوچہ رسالدار کی مسجد پر حملہ ملک کے تمام شہریوں پر حملہ تھا۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایات کی روشنی میں صوبائی حکومت متاثرہ مسجد کی بحالی اور تزین و آرائش کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ کوچہ رسالدار مسجد میں نمازیوں پر حملہ کسی ایک فرقے پر نہیں بلکہ اس ملک کے ہر شہری پر حملہ تھا جس کا دکھ اور درد ہر پاکستانی شہری نے محسوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر ملک کی سا لمیت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ،ان کو ہم اپنے اتحاد، اسلامی بھائی چارے اور اتفاق سے شکست دیں گے اور انہیں ان کے گمراہ کن مقاصد میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ملک دشمن اور اسلام دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے شہداءکے ورثاءکو ہر ممکن مدد فراہم کرنے اور زخمیوں کو علاج معالجے کی تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ امامیہ جرگہ کے ساتھ ملاقات میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ جو سرکاری ملازمین اس سانحہ میں شہید ہوئے ہیں ان کی فیملیز اسی طرح سرکاری رہائشوں میں قیام کریں گی اور ان کے بچوں کو گریجویشن کے بعد ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔ اس موقع پر امامیہ جرگہ کے جنرل سیکرٹری برگیڈیئر سرتاج قزلباش کا کہنا تھا کہ ان کے حوصلے بلند ہیں۔ چند عناصر ہیں جو دشمن کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ دشمن ہمارے ملک کا امن تباہ کرنے کے درپے ہے اور معاشرے میں قائم اتحاد، اتفاق اور اسلامی بھائی چارے کو ختم کرنا چاہتا ہے لیکن انہیں اس میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
59426