Chitral Times

Jul 2, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلی کی بی آر ٹی منصوبے کے تحت نکاسی اب اورمخلوط ٹریفک پر توجہ دینے کی ہدایت

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے بس ریپڈ ٹرانزٹ پشاور کے تمام فیچرز کی مطلوبہ معیار کیمطابق کی تیزرفتار تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے منصوبے کے تحت نکاسی آب اور شہر میں مخلوط ٹریفک پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں ٹریفک کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنا اور شہریوں کو بہترین سفری سہولت دینا صوبائی حکومت کا ہدف ہے۔ بی آر ٹی بھی اسی ویژن کے تحت شروع کیا گیا ہے، اسلئے اس منصوبے کے پس پردہ مقاصد کا حصول یقینی ہونا چاہیئے، وہ وزیراعلیٰ ہاو س پشاور میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزراءشوکت یوسفزئی ، تیمور سلیم جھگڑا، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع و صوبائی حکومت کے ترجمان اجمل وزیر ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہزاد بنگش، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ ، کمشنر پشاور فخر عالم ، ڈی جی پی ڈی اے ، چیف ایگزیکٹیو پیسکو اور چیف ایگزیکٹیو ماس ٹرانزٹ نے اجلاس میں شرکت کی ۔
اجلاس کو بی آر ٹی کے تینو ں ریچز خصوصاً بس سٹیشنز، بس ڈپوزاور فیڈر روٹس وغیرہ پر پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بی آر ٹی سے عوام کی بڑی توقعات وابسطہ ہیں ، اسلئے منصوبے کے تحت تمام سہولیات مطلوبہ معیار کے مطابق یقینی بنائی جائیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو آپس میں کوآرڈینیشن کے ذریعے تیز رفتار کام کرنے کی ہدایت کی تاکہ منصوبے کی معیاری تکمیل یقینی ہو سکے ۔ انہوں نے خصوصی طور پر نکاسی آب کے نظام پر توجہ دینے جبکہ مخلوط ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے مزید اقدامات کی ہدایت کی تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
21716